کونڈوں کی حقیقت

صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:
کونڈوں کی نیاز جو کہ 15یا 22رجب میںاما م جعفر صادق رضی اللہ عنہ کے ایصال ثواب کیلئے کی جاتی ہے نہ صرف جائز ہے بلکہ مستحسن ہے ۔کیونکہ یہ ایک ایصالِ ثواب ہے اور ایصال ثواب کا ثبوت قرآن وحدیث میں موجود ہے۔ ہاں اس میں بعض لوگوں نے اُسی جگہ کھانے کی پابندی لگا رکھی ہے یہ بے جا اور غلط پابندی ہے جیسے گھر سے باہر کھانا نہ بھیجا جائے وغیرہ۔صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں:’’اسی طرح ماہ رجب میں بعض جگہ حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ تعالٰی عنہ کو ایصال ثواب کے لئے پوڑیوں کے کونڈے بھرے جاتے ہیں یہ بھی جائز ہیں مگر اس میں بھی اسی جگہ کھانے کی بعضوں نے پابندی کر رکھی ہے یہ بے جا پابندی ہے اس کونڈے کے متعلق ایک کتاب بھی ہے جس کا نام داستان عجیب ہے، اس موقع پر بعض لوگ اس کو پڑھاتے ہیں اس میں جو کچھ لکھا ہے اس کا کوئی ثبوت نہیں وہ نہ پڑھی جائے فاتحہ دلا کر ایصال ثواب کریں۔‘‘
(بہار شریعت ،جلد2،حصہ 16،صفحہ151، ضیاء القرآن،لاہور)

مفتی احمد یا رخان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ رجب کے کونڈوں پر کلام کرتے ہوئے فرماتے ہیں:’’رجب کے مہینہ میں 22تاریخ کو کونڈوں کی رسم بہت اچھی اور برکت والی ہے ۔‘‘اس سے پہلے آپ ارشادفرماتے ہیں:’’ اس مہینہ کی 22تاریخ کو یو۔پی میں کونڈے ہوتے ہیں یعنی نئے کونڈے ہوتے ہیں یعنی نئے کونڈے منگائے جاتے ہیں اور سوا پائو میدہ،سوا پائو شکر،سوا پائو گھی کی پوریاں بنا کر حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فاتحہ کرتے ہیں۔ اس رسم میں صرف دوخرابیاں پیدا کردی گئی ہیں۔ ایک تو یہ کہ فاتحہ دلانے والوں کا عقیدہ ہوگیا ہے کہ اگر فاتحہ کے ا ول لکڑی والے کا قصہ نہ پڑھا جائے تو فاتحہ نہ ہوگی اور یہ پوریاں گھر سے باہر نہیں جاسکتیں اور بغیر کونڈے کے یہ فاتحہ نہیں ہوسکتی ۔ یہ سارے خیال غلط ہیں۔‘‘
(اسلامی زندگی،صفحہ55،52،قادری پبلیشرز،لاہور)

بعض لوگ ا س سے منع کرتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ جب حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ شہید ہوئے تو شیعوں نے اس کا جشن اس طرح منایا تھا کہ کونڈوں میں کھانے رات کو ایک دوسرے کے گھر بھیجے تھے۔ ہمارے یہاں اہل سنت والے جو رجب کے کونڈوں کا اہتمام کرتے ہیں وہ قطعاََ حضرت امیرمعاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہاد ت کے جشن میں نہیں کرتے بلکہ وہ حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ایصال ثواب کے لئے کرتے ہیں ،جس میں کوئی حرج نہیں اور نہ یہ شیعوں سے مشابہت ہے۔
Muhammad Saqib Raza Qadri
About the Author: Muhammad Saqib Raza Qadri Read More Articles by Muhammad Saqib Raza Qadri: 147 Articles with 413114 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.