میں ہو ں اور میرے ساتھ بھی میں ہی ہوں، مسٹر بین کے اس پیغام نے کیسے اس نوجوان کی زندگی بدل ڈالی

image
 
مسٹر بین نامی کردار ایک ایسا کردار ہے جس کو دنیا کے تمام ہی لوگ اپنے منفرد انداز کے سبب جانتے ہیں ۔ یہ کردار ون مین شو کے خیال کے تحت تخلیق کیا گیا تھا جس میں ایک فرد ہی اپنی حرکات اور انداز سے دیکھنے والے کو مسکرانے پر مجبور کر دیتا ہے-
 
اس کردار کی مقبولیت کی انتہا یہ ہے کہ اس کردار کو بچوں کے لیے نہ صرف کارٹون کی صورت میں پیش کیا گیا بلکہ بالغ افراد کے لیے اس پر مووی بھی بنائی گئی لیکن یہ کردار کسی فرد کی زندگی کو تبدیل کر دے ایسے واقعے کم ہی دیکھے گئے ہیں-
 
ایسے ہی ایک نوجوان نے اپنی کہانی ہیومن آف بمبئی کے فیس بک پیچ پر شئیر کی جس کا تعلق بھارت کے شہر بمبئی سے ہے- یہ نوجوان شروع ہی سے بہت شرمیلا تھا اس کے اندر دوسروں کے سامنے بات کرنے اور ان کے ساتھ گھلنے ملنے کی صلاحیت بہت کم تھی۔ خوداعتمادی میں کمی کے سبب وہ ہمیشہ اپنے خول ہی میں بند رہتا تھا جس کو لے کر اس کے والدین بھی پریشان رہتے تھے-
 
image
 
اکثر بچپن ہی سے وہ لوگوں سے دور ہو کر مسٹر بین کے پروگرام کو ٹی وی پر دیکھتا رہتا تھا یہاں تک کہ اس کے دوستوں اور گھر والوں نے یہ بھی کہنا شروع کر دیا کہ وہ ہر طرح سے مسٹر بین جیسا لگتا ہے اور اس مماثلت کے سبب لوگ اس کو جونئير مسٹر بین بھی کہنے لگے-
 
اسی دوران ایک دفعہ جب اس کے اسکول میں فینسی ڈریس شو کا مقابلہ ہوا تو اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اس شو میں مسٹر بین کے طور پر شرکت کرے گا- اس لیے اس نے ان کی طرح ایک چھوٹا بھالو بھی خرید لیا ان کا یہ کہنا تھا کہ جب وہ مسٹر بین کے حلیے میں اسٹیج پر گئے تو سب کے چہروں پر مسکراہٹ آگئی اور ہر کوئی ان کو دیکھ کر تالیاں بجانے لگا جس سےان کے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا-
 
اور اس دن فینسی ڈریس شو کا پہلا انعام ان کو ملا جس نے ان کو یہ حوصلہ دلایا کہ انسان اکیلے بھی مسٹر بین کی طرح نہ صرف خوش رہ سکتا ہے بلکہ اپنی کمپنی کو انجوائے بھی کر سکتا ہے- اس وجہ سے انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے آپ کے ساتھ خوش اور پر اعتماد رہیں گے-
 
image
 
شادی بیاہ کی تقریبات اور مختلف جگہوں پر ان کو مسٹر بین کے طور پر لوگ خصوصی توجہ سے نوازتے تھے جس نے ان کے حوصلے کو بڑھایا اور انہوں نے یو ٹیوب چینل شروع کرنے کا فیصلہ کیا-
 
اس چینل میں وہ مختلف قسم کی ویڈیوز بناتے ہیں جس میں مسٹر بین کے طور پر اداکاری کرتے ہیں ان کے اس چینل کو کافی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے- اس طرح سے مسٹر بین کے پیغام میں ہوں میرے ساتھ بھی میں ہی ہوں نے اس لڑکے کی زندگی بدل ڈالی-
YOU MAY ALSO LIKE: