بالوں کو کرل کرنے کے شوق میں اب ہزاروں روپے خرچ نہ کریں بلکہ گھر بیٹھے ان آسان طریقوں سے بال کرل کریں

image
 
خواتین کے سنگھار میں جہاں دیگر کئی لوازمات کی اہمیت ہوتی ہے وہیں پر بالوں کے نت نئے ہئير اسٹائل کے بغیر بھی ان کی تیاری ادھوری ہوتی ہے۔ اگر بال لمبے ہوں تو مختلف طرح کے بالوں کے اسٹائل بنانے کا آپشن ہوتا ہے مگر بیوٹی پارلر والے یہ انداز بنانے کے ہزاروں روپے بھی لے لیتے ہیں-
 
آج کل کے دور میں بالوں میں کرل لگوانے کا بھی بہت فیشن ہے چھوٹے اور بڑے کرل لگوانے کے بیوٹی پارلر والے ہزاروں روپے لے لیتے ہیں- اور مہنگائی کے اس دور میں بہت ساری خواتین صرف حسرت سے دوسری خواتین کو بالوں میں کرل لگواتے دیکھتی ہیں کیونکہ وہ پارلر کے مہنگے چارجز افورڈ نہیں کر سکتی ہیں-
 
گھر پر بالوں کو کرل کرنے کے آسان طریقے
جہاں بالوں کو کرل کرنے کے مہنگے ترین پارلر کے طریقے ہوتے ہیں وہیں پر کچھ آسان اور گھریلو طریقے بھی ہوتے ہیں جن میں سے کچھ آج ہم آپ کو بتائيں گے-
 
image
 
1: کاغذ کے لفافے سے کرل بنائيں
بالوں میں ہلکے پھلکے کرل لگانے کے لیے کاغذی لفافوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے- اس کے لیے کسی قسم کے ہئير ڈرائير کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ صرف اس کے لیے کاغذی لفافوں کا استعمال کیا جاتا ہے-اس کے لیے کاغذ کی لمبی لمبی پٹیاں کاٹ لیں اسکے بعد بالوں کو اچھی طرح شیمپو اور کنڈیشنر کر لیں، پھر بالوں کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر لیں- اس کے بعد ہر حصے میں کاغذ کی پٹیوں کو اندر کی طرف لپیٹ کر ہر حصے پر گرہ لگا کر تصویر میں دکھائے گئے طریقے سے باندھتے جائيں- کچھ ہی دیر میں کاغذ کی یہ پٹیاں بالوں کی نمی کو قدرتی طور پر جذب کر لیں گی اور کچھ گھنٹوں تک کاغذ کی ان پٹیوں کو بندھے رہنے دیں- اس کے بعد ان کو کھول دیں تو بالوں میں ہلکے پھلکے کرل بن جائيں گے-
 
2: فرنچ چٹیا کی مدد سے بالوں میں کرل بنائيں
اگر آپ کو بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت یا پاکستانی اداکارہ قدسیہ علی اور ثانیہ سعید جیسے بال پسند ہیں تو ان کو بنانا بھی اب دشوار نہیں ہے- اس کے لیے آپ کو رات میں بالوں کو شیمپو کرنا ہوگا اور کنڈیشنر کرنے کے بعد گیلے بالوں میں تصویر کے مطابق فرنچ چٹیا بنا لیں- رات بھر چٹیا کو بنا رہنے دیں اور صبح اٹھ کر بالوں کو کھول لیں خوبصورت کرل آپ کے بالوں میں موجود ہوں گے جن کو دیکھ کر آپ کا بھی دل خوش ہو جائے گا-
 
image
 
3: نمکین پانی سے کرل بنائيں
عام طور پر ساحل سمندر کے پانی میں بھیگنے کے بعد بالوں میں خوبصورت کرل بن جاتے ہیں- مگر ہر بار کرل بنانے کے لیے ساحل سمندر پر جانا ممکن نہیں ہے- لیکن آپ اس جیسے بال گھر پر بھی کرل کر سکتے ہیں اس کے لیے ایک اسپرے بوتل میں نیم گرم پانی لے لیں- اس میں دو چمچ عام کھانے کا نمک شامل کر دیں اور چوتھائی پیالی کنڈيشنر ملا لیں- اس محلول کو اچھی طرح ہلانے کے بعد اس کا اسپرے بالوں میں کریں اور کچھ ہی دیر میں جادو دیکھیں-
 
یہ تمام طریقے نہ صرف بہت سستے ہیں بلکہ ان کے استعمال سے پارلر جیسے کرل اب آپ اپنے گھر پر خود بنا سکتی ہیں اور سب کو حیران کر سکتی ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: