امن ،سلامتی اور مشترکہ خوشحالی

کسی بھی ملک یا قوم کے پھلنے پھولنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ تاریخ کی منطق پر عمل کرے اور وقت کے رحجان کے مطابق ترقی کرے۔ مختلف ممالک کے لوگ جس چیز کے لیے ترستے ہیں وہ یقینی طور پر کوئی نئی سرد جنگ یا ایک چھوٹا سا خصوصی بلاک یا گروہ بندی تو ہو نہیں سکتا بلکہ وہ ایک کھلی، جامع، صاف ستھری اور خوبصورت دنیا چاہتے ہیں جس میں پائیدار امن، عالمگیر سلامتی اور مشترکہ خوشحالی ہو۔ یہی تاریخی پیش رفت کی منطق اور زمانے کا رجحان ہے۔یہ ایک حقیقت ہے کہ انسانی ترقی اور پیش رفت کی مجموعی سمت تبدیل نہیں ہوگی، مختلف قسم کے اتار چڑھاؤ کے درمیان آگے بڑھنے والی عالمی تاریخ کی مجموعی حرکیات تبدیل نہیں ہوں گی، اور بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مستقبل کی جانب مجموعی رجحان تبدیل نہیں ہوگا.یہی وجہ ہے کہ انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی حامل ایک کمیونٹی کی تعمیر انسانی معاشرے کے لئے صحیح سمت ہے جو مشترکہ ترقی، دیرپا امن اور سلامتی اور تہذیبوں کے مابین باہمی سیکھنے کا باعث بنتی ہے۔

اس تناظر میں ایک بڑے اور ذمہ دار ملک کے طور پر چین خطرات اور چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہمیشہ دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر دنیا کے صحیح تصورات، تاریخ اور دنیا کے مجموعی مفادات کو برقرار رکھنے کے لئے کام کررہا، اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کےحامل ایک کمیونٹی کے وژن کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہے.رواں سال عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ایسے موقع پر چین اپنی جدیدیت کو ثابت قدمی سے آگے بڑھاتے ہوئے، ایک غیر مستحکم دنیا میں عملی اقدامات سے استحکام کے لیے کوشاں ہے ، اور تاریخ کے دائیں جانب اور انسانی ترقی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے.چین امن، ترقی، تعاون اور باہمی مفاد کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور تمام انسانیت کی مشترکہ اقدار کو فروغ دے رہا ہے۔اس تناظر میں گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو عملی نمونے ہیں جو ایک کھلی، جامع، صاف ستھری اور خوبصورت دنیا کی تعمیر میں چین کی نمایاں شراکت ہے۔

گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کی تجویز چینی صدر شی جن پھنگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے عام مباحثے میں پیش کی تھی۔ یہ دنیا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ترقی کو نمایاں ترجیح کے طور پر رکھے اور ممالک ، عوام پر مبنی نقطہ نظر اپنائیں جو جدت طرازی اور ٹھوس نتائج پر مبنی ہو اور انسانیت اور فطرت کے مابین ہم آہنگی کے تصور پر عمل پیرا رہا جائے۔یہی وجہ ہے کہ دنیا خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کی جانب سے اس انیشی ایٹو کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔وسیع تناظر میں ترقی کے حوالے سے عالمی کمیونٹی کی تعمیر کے مقصد کے تحت گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو پائیدار ترقی کے لئے اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈے پر عمل درآمد میں تیزی لانے کے لیے کوشاں ہے. یہ عالمی گورننس کے مرکز میں اقوام متحدہ کے نظام کی توثیق کرتا ہے اور متعلقہ بین الاقوامی میکانزم کے ساتھ تعاون چاہتا ہے۔

اسی طرح گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اس بات پر زور دیتا ہے کہ تمام ممالک ایک مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے تصور پر عمل پیرا ہوں، ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے، اقوام متحدہ کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کی جائے، تمام ممالک کے مناسب سیکورٹی خدشات پر توجہ دی جائے، اور بات چیت اور مشاورت کے ذریعے ممالک کے درمیان اختلافات اور تنازعات کو حل کیا جائے، امن کو برقرار رکھنے کے لئے ذمہ داری کا اشتراک کیا جائے، پرامن ترقی کے راستے پر چلا جائے اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کے قیام کے لیے مل کر کام کیا جائے.

مزید بات کی جائے تو چین کا گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کہتا ہے کہ مشترکہ طور پر عالمی تہذیبوں کے تنوع کے احترام کی حمایت کی جائے، تہذیبی مساوات، باہمی سیکھنے، مکالمے اور رواداری کی پاسداری کی جائے نیز تہذیبی تبادلوں کے ذریعے تہذیبی رکاوٹوں کو دور کرنا چاہیے اور باہمی سیکھنے کے ذریعے تہذیبی تنازعات کو دور کرنا چاہیے ۔مشترکہ طور پر تمام انسانیت کی مشترکہ اقدار کی حمایت کرتے ہوئے انہیں فروغ دینا چاہئے۔ انسانیت کی مشترکہ اقدار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو واضح کرتا ہے کہ امن، ترقی، مساوات، انصاف، جمہوریت اور آزادی تمام لوگوں کی مشترکہ امنگیں ہیں۔ ممالک کو مختلف تہذیبوں کی اقدار کے تصورات کو سمجھنے میں کھلا ذہن رکھنے کی ضرورت ہے اور اپنی اقدار یا ماڈل دوسروں پر مسلط کرنے اور نظریاتی محاذ آرائی کو ہوا دینے سے گریز کرنا چاہئے۔وسیع تناظر میں یہ تینوں انیشی ایٹوز دیرپا امن، عالمگیر سلامتی اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی دنیا کی تعمیر میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جو عہد حاضر میں درپیش عالمی مسائل کے حل کا فارمولہ وضع کرتے ہیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 431141 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More