چین میں5 جی کے اطلاق سے معاشی سماجی ثمرات

چین نے 2023 میں 5 جی جدت طرازی اور ترقی میں اہم سنگ میل حاصل کیے ہیں ،اس وقت ملک میں 5 جی بیس اسٹیشنوں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 3.38 ملین ہوگئی ہے۔اسی دوران چین نے "ڈوئل گیگا بٹ" انٹرنیٹ کی تعمیر کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں ، جس سے مراد 5 جی نیٹ ورک اور گیگا بٹ آپٹیکل نیٹ ورک ہے۔ حکام کے مطابق 2023 کے اختتام تک ملک میں 3.377 ملین 5 جی بیس اسٹیشن تعمیر کیے گئے جبکہ گیگا بٹ آپٹیکل نیٹ ورک خدمات فراہم کرنے کے لئے معاون پورٹس کی تعداد 23.02 ملین تک پہنچ گئی ہے۔

یہ امر قابل زکر ہے کہ 5 جی نیٹ ورک نے ملک بھر کے 80 فیصد سے زیادہ انتظامی دیہات کا احاطہ کیا ہے ، اور 2023 کے آخر تک ملک میں 5 جی موبائل فون صارفین کی تعداد 805 ملین تک ہو چکی ہے۔دریں اثنا ، 5 جی ٹیکنالوجی کے اطلاق نے مینوفیکچرنگ ، کان کنی ، بجلی کی پیداوار ، بندرگاہوں اور صحت کی دیکھ بھال سمیت مختلف صنعتوں میں بڑے پیمانے پر کردار ادا کیا ہے اور اسے مسلسل فروغ ملا ہے۔اس وقت ملک میں، 5 جی ٹیکنالوجی میں جدت طرازی کی صلاحیت مضبوط ہوتی جارہی ہے ، جس سے 5 جی کے لئے اعلان کردہ معیاری ضروری پیٹنٹ کی تعداد میں چین کی عالمی قیادت بھی مضبوط ہوئی ہے۔
مختلف پیداواری شعبوں میں5 جی کے اطلاق کی بات کی جائے تو کار سازی کی صنعت میں چین کی پہلی 5 جی جدید (5 جی۔اے) لچکدار پروڈکشن لائن شمالی چین کے صوبہ حہ بی میں فعال ہو چکی ہے، جو ملک کی آٹوموٹو صنعت میں تکنیکی انقلاب کی تازہ ترین مثال ہے۔پلانٹ میں، روبوٹک آلات کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ کاریں بنانے میں مصروف ہیں، جس کی بڑی وجہ 5 جی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہے. فیکٹری میں ایسے نو ، 5 جی۔ اے بیس اسٹیشن تعینات کیے گئے ہیں۔ 5 جی۔اے "5 جی ایڈوانسڈ" کا مخفف ہے۔ یہ 5 جی سے 6 جی تک کے ارتقا میں ایک درمیانی ورژن ہے۔ اس میں انتہائی کم تاخیر اور بہت زیادہ قابل اعتمادیت ہے۔ تاحال،ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ 5 جی۔اے کی تاخیر چار ملی سیکنڈ ہے اور اس کی استحکام کی کارکردگی 99.999 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

تکنیکی اعتبار سے ،چار ملی سیکنڈ کی تاخیر کا مطلب پیداواری صلاحیت میں ایک شاندار سنگ میل ہے۔سادہ الفاظ میں اس کی وضاحت انسانی آنکھوں کی مثال سے کی جا سکتی ہے۔ مثلاً انسانی آنکھ کو پلک جھپکنے میں تقریباً 0.2 سیکنڈ لگتے ہیں جبکہ اسی مدت کے دوران ، پروڈکشن لائن میں نصب آلات ایک دوسرے کے ساتھ 50 مرتبہ بات چیت کرسکتے ہیں اور ایک آٹوموبائل اسمبلی فیکٹری تقریباً ایک منٹ میں ایک کار تیار کر سکتی ہے۔پیداواری لائن کی ایک اور خصوصیت لچکدار مینوفیکچرنگ ہے ، جو آسانی سے تبدیلیوں کے مطابق ڈھل سکتی ہے۔اس کی بڑی خوبی یہ ہے کہ کار ساز کمپنیاں ہر سال بہت سے نئے ماڈل لانچ کرتی ہیں، اور نئے ماڈلز کے اجراء میں پروڈکشن لائنوں کی تبدیلی بھی شامل ہوتی ہے. روایتی وائرڈ سسٹم کے لئے ، جب نئے آلات انسٹال کیے جاتے ہیں تو کیبلز کو دوبارہ روٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ عمل قدرے پیچیدہ ہے۔ 5 جی۔اے استعمال کرنے کے بعد ، جب نئے آلات انسٹال کرتے ہیں تو ، صرف نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرنے کے لئے انہیں بیرونی ٹرمینل سے مربوط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جس سے یہ تبدیلی کے وقت اور اخراجات کو کم کرتا ہے۔آگے بڑھتے ہوئے ، چین 5 جی ریڈ کیپ اور 6 جی جیسی ٹیکنالوجیز میں تحقیق اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے ، جو صنعتی اقتصادی ترقی کی حمایت میں اہم ستون کے طور پر کام کرے گی۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1155 Articles with 447111 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More