میں تمہیں کھونے سے ڈرتاہوں

بھاٹی چوک کا ایک منظر۔۔۔ میاں شہبازشریف ایک بڑی ریلی سے خطاب کررہے ہیں مسلم لیگی کارکن پرجوش اندا زمیں نعرے لگارہے تھے
مک گیا تیرا شو مداری
گو زرداری ،گو زرداری

اس دوران میاں شہباز شریف نے زرداری کو بھاٹی چوک میں الٹا لٹکانے کا اعلان کرڈالا اور جوش ِ خطابت میں ڈائس الٹا دیا ورکر وں نے نعرے لگا لگا کر آسمان سرپر اٹھا لیا -

اب گڑھی خدا بخش کا ایک منظر۔۔۔ذوالفقارعلی بھٹوکی برسی کے موقعہ پر ان کے دامادنے نام لئے بغیر میاں نواز شریف بارے کہا کچھ لوگوں نے جلاوطنی سے بھی کچھ نہیں سیکھا آمریت کے ساتھی جمہوریت کے لئے کچھ نہیں کرسکتے بھگوڑے عوام کی کیا خدمت کریں گے -

جمہوریت کیلئے کوئی قربانیاں دینا ہم سے سیکھے ۔۔۔ مستقبل میں وزارت ِ عظمیٰ کے امیدوار بلاول بھٹو زردری نے ایک جلسہ سے اپنے پرجوش خطاب میں کہا۔۔کاغذی شیر عوام کیلئے کچھ نہیں کرسکتا یہ شیر نہیں گیڈرہے ۔۔۔ ہمارے قومی رہنما ایسی باتیں کرکے در حقیقت اپنے کارکنوں کا لہو گرماتے رہتے ہیں کہ سیاست میں زندہ (IN) رہنے کا سب سے تیز بہدف نسخہ یہی ہے لیکن حقیقتاً یہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور۔۔۔والی کہاوت کے مصداق ہے اب چنددن پہلے تیسری بار وزیر ِاعظم منتخب ہونے والے میاں نوازشریف کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ایک اور ملاقات ہوئی۔۔یعنی کھپے میاں صاحب۔۔ کھپے بے نظیر بھٹوکے میاں صاحب۔۔۔۔ سیاسی مبصرین موجودہ سیاسی صورت ِ حال کے تناظرمیں اس ملاقات کو اہم قرار دے رہے ہیں قومی امور،ملک کے داخلی و خارجی معاملات بالخصوص مشرف غداری کیس کے حوالے سے دونوں رہنماؤں میں بات چیت درحقیقت میثاق ِ جمہوریت کا ہی تسلسل سمجھا جا سکتاہے جس کا مرکزی خیال ہرقیمت پر جمہوریت کا تحفظ کرنا تھا ماضی میں بھی میاں نوازشریف اور آصف علی زرداری کے مابین ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں یہ دونوں شخصیات وعدے وعید بھی کرتے رہے ماضی میں کئی بارمیاں صاحب نے آصف علی زرداری کو ان کے وعدے یاددلائے اور جواباً آصف علی زرداری ۔نے فرمایا۔۔’’وعدے قرآن و حدیث نہیں ہوتے‘‘۔۔اس پر کافی لے دے بھی ہوتی رہی اس کے باوجود پھر نواز ،زرداری عہدو پیمان عجیب بات نہیں ۔ سامنے کی بات ہے پیپلز پارٹی کی گذشتہ ’’تاریخ ساز‘‘حکومت دوران کئی مرتبہ حالات اتنے ابترہوئے کہ سیاسی نجومیوں اورکئی سیاسی یتیموں نے برملا کہنا شروع کردیا زرداری حکومت اب گئی۔۔اب گئی بلکہ کچھ اینکرپرسن روزانہ حکومت گراکر سوتے تھے ۔۔۔میاں نواز شریف چاہتے تو پیپلزپارٹی کی حکومت کو چلتا کرسکتے تھے لیکن انہوں نے ہر بار ایک ہی بات کہی مسلم لیگ ن کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت کریگی نہ زرداری حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی ایسی کوئی بات ہوئی تو ہم جمہوریت کا ساتھ دیں گے اس جمہوریت کا مطلب ان دنوں زرداری حکومت کا تحفظ تھا۔شاید میاں نواز شریف کو خدشہ تھا اب غیر جمہوری قوتیں مستحکم ہوئیں تو پھر ان کی باری کبھی نہیں آسکے گی اور یہ بات جھوٹ نہیں تھی ۔ ہوشربا کرپشن،قیامت خیز مہنگائی، خوفناک حد تک لوڈ شیڈنگ،عدلیہ سے محاذ آرائی ، وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی نااہلی اور دیگر مسائل کے باوجود آصف علی زرداری نے مفاہمتی سیاست کواس انداز سے پروان چڑھایا کہ پاکستان میں پہلی بار اپوزیشن مائنس ہوگئی اور تقریباًتمام اہم جماعتیں حکومت میں شامل ہوکر اس کی حلیف بن گئیں اس طرح لڑتے، جھگڑتے،بڑھکیں مارتے5سال پورے ہوگئے یہ تو وہی بات ہوئی نا جس کی طرف عدم نے اشارہ کیا تھا۔
دن رات لڑتے، جھگڑتے رہتے ہو مگرپھر بھی
عدم تمہارا نام لینے سے بڑا آرام ملتاہے

حالیہ عام انتخابات کے نتیجہ میں مسلم لیگ ن نے حکومت بنائی تو پہلے ہی دن آصف علی زرداری نے ٹھوک بجا کر ان سے اظہار ِ یک جہتی کرتے ہوئے کہامیاں نواز شریف!قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ۔۔۔ سوچتا ہوں آج کی سیاست بھی بڑی عجیب ہے اب حلیف تو ایک طرف حریف بھی دل کھول کر ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں یعنی رقیب کوبھی مجبوبہ کا پتہ بتایا جارہاہے کیا زمانہ آگیاہے؟ اب پتہ نہیں یہ مفاہمتی سیاست ہے یا پھرمفادکی سیاست جو بھی ہے سمجھ سے بالا بالاہے
اب تیرا ذکر کریں گے نہ تجھے یادکبھی
ہاں مگر دل کے دھڑکنے پہ کسے قابو ہے

حالات بتاتے ہیں وزیر ِ اعظم میاں نوازشریف کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات تجدید ِ عہدکی خاطرہے ورنہ اپنے شیخ رشید تو بڑے عرصہ سے کہہ رہے ہیں میاں نوازشریف اور آصف علی زرداری ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں جن کی سیاست اپنی اپنی مفادات ایک ہیں۔۔۔اب ایک دل جلے سیاستدان نے ردِ عمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے نوازشریف ،زرداری ملاقات نظریہ ٔ ضرورت کے تحت تھی دونوں کے مابین مک مکا ہوگیاہے اس دل جلے کو خبر اب ہوئی ہے حالانکہ یہ بات تو برسوں پرانی ہے کہا تو یہ بھی جارہا ہے کہ مشرف کے معاملہ پر سابق صدر آصف علی زرداری نے میاں نوازشریف کوڈٹ جانے کا مشورہ دیاہے تاکہ آئندہ 5جولائی یا12اکتوبر کے واقعات دہرانے کی نوبت نہ آئے ۔۔۔ ویسے توجمہوریت کے استحکام کیلئے ہر سیاستدان کو اپنا کردار فعال انداز سے ادا کرنے کی ضرورت ہے اس کے ساتھ ساتھ کرپشن، مہنگائی، لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات بھی ناگزیرہیں ہمیشہ کیلئے آمریت کی روک تھام، سد ِ باب اوراس کی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے ۔۔۔کسی غیرجمہوری اقدام کی حمایت نہ کرنے پر اتفاق ہی واحد حل ہے صرف اس ایک نکاتی ایجنڈے پر تمام جمہوری قوتیں متحدہو جائیں تو جمہوریت کو لاحق خطرات ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دور ہو جائیں گے۔ عام انتخابات کا تسلسل، غیر جانبدانہ انتخابات کا انعقاد ، ووٹ کی حرمت پریقین، نتائج تسلیم کرنے کا حوصلہ ہی ایک بہترسیاسی فکرکو جنم دے سکتاہے ایک بات طے ہے جب تلک ملک میں جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی پاکستان کے داخلی ، خارجی ،قومی اور علاقائی مسائل حل ہو ہی نہیں سکتے اگر جمہوریت کے لئے بیشتر سیاستدانوں کے یہ جذبات ہو جائیں تو بات بن سکتی ہے
یہ سچ ہے مجھے ان آنسوؤں سے ڈر نہیں لگتا
مگر پھربھی شاید اس لئے رونے سے ڈرتاہوں
کہ ان آنکھوں میں تم رہتے ہو ،تم رہتے ہو
تمہاراہونامیراہوناہے اورمیں تمہیں کھونے سے ڈرتاہوں

Sarwar Siddiqui
About the Author: Sarwar Siddiqui Read More Articles by Sarwar Siddiqui: 111 Articles with 76341 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.