یہ وطن ہمارا ہے ہم سب ہیں پاسباں اسکے!

آج ہر پاکستانی پیارے وطن کی 68 ویں سالگرہ منانے کیلئے سر گرم ہے۔۔۔جگہ جگہ پاکستان کے جھنڈے اور جھنڈیوں کے اسٹال لگے ہیں۔۔۔مختلف پیمائش اور اقسام کے جھنڈے اور جھنڈیاں دستیاب ہیں۔۔۔بیجز بھی ہیں کلائی اور سر پر پہننے والے بینڈز ہیں۔۔۔بچیوں کیلئے ہرے اور سفید رنگ کی چوڑیاں ہیں۔۔۔کراچی کہ موسم کی ایک بات بہت اچھی ہے کہ یہاں ہوا چلتی رہتی ہے۔۔۔اور انگنت جھنڈے لہراتے ہوئے نظر آتے ہیں۔۔۔ جھنڈوں کو اسطرح لہراتے ہوئے دیکھ کر ایک پر مسرت تاثر ملتا ہے اور خداوند تعالٰی کی طرف سے یہ نوید ملتی ہے کہ حالات کیسے بھی ہوں عوام حکمران کیسے بھی ہوں یہ ملک اس جھنڈے کی مانند چلتا رہیگا (انشاء اﷲ)۔۔۔ان اسٹالز پر خریداروں کا بھی تانتا بندھا ہوا ہے۔۔۔ایک کہ پیچھے ایک۔۔۔کہیں چراغ روشن کرنے کی تیاری ہورہی ہے ۔۔۔کہیں برقی قمقمے جھلملاتے نظر آرہے ہیں ۔۔۔خوش آئند بات یہ ہے کہ ملک کی اتنی ابتر صورتِ حال ، سیاسی نفسا نفسی کہ باوجود ہم پاکستانی اپنی آزادی کا جشن بھرپور انداز سے منارہے ہیں۔۔۔یہ ہے پاکستانی قوم اور اسکا جذبہ۔۔۔

ہمارا ملک اس وقت ایک ایسے مسئلہ کی زد میں ہے جو حقیقتاً مسئلہ لگتا نہیں۔۔۔لگتا یہ کہ دو افراد اپنی انا کی جنگ میں پورے ملک و قوم کو جھونکنا چاہتے ہیں۔۔۔شائد غصہ کسی اور کا ہے مگر نکال اس حکومت پر رہے ہیں۔۔۔کتنے لوگ اس با ت سے اتفاق کرینگے اور کتنے نہیں ۔۔۔یہ کہنا میرے لئے ذر ا مشکل ہوگا۔۔۔آج صبح ایک ان پڑھ شخص نے مجھ سے یہ سوال کیا کہ کیا یہ سب کچھ جشنِ آزادی کے دن کے بعد نہیں کر سکتے تھے مطلب انکے لئے اس دن کی کوئی اہمیت نہیں۔۔۔۱۴ آگست کا دن سوائے پاکستان کے دشمنوں کے ہر پاکستانی کیلئے اہم ترین دن ہے۔۔۔

14 آگست 1947 ، ہندوستان کی تفریق کا دن۔۔۔دو قومی نظریہ کی حقیقت کا دن۔۔۔اقبال ؒکہ خواب کی تعبیر کا دن۔۔۔غازی علم دین شھید کی فتح کا دن۔۔۔سرسید احمد خان کی تعلیم کا دن۔۔۔انگنت قربانیوں کا د ن۔۔۔ برِ صغیر کہ مسلمانوں کی آزادی کادن۔۔۔ایک اور ہجرت کا دن۔۔۔محمد علی جناح کی دن رات کی لگن اور محنت کہ ثمر کا دن۔۔۔یہ دن ایسے منائیں کہ آنے والی نسلوں کو اس کی حقیقی اہمیت کا پتہ چلے ۔۔۔بے راہ روی کی آزادی جس کی شیدائی آج کی نسل ہے۔۔۔اپنی آزادی کی راہنمائی تاریخ کی اس آزادی سے لواسے مقصدِ حیات بناؤ۔۔۔پاکستان کو حقیقی پاک سر زمین بناؤ۔۔۔آج کہ دن انہیں آزادی کی راہ میں ہونے والی انگنت قربانیوں کی لازوال داستان سنائیں۔۔۔اس نسل کو یہ بتانا ہے کہ پاکستان کی آزادی کے تحفظ کہ ضامن آپ لوگ ہو۔۔۔اس سبز ہلالی پرچم پر کوئی آنچ نہ آنے دینا اس کی عزت و تکریم کرنا۔۔۔

پاکستان روز اول سے دشمنوں اور جعل سازوں کی زد میں رہا ہے۔۔۔ہمارے لئے یہ فیصلہ کرنا ہمیشہ مشکل ترین کام رہا کہ کون ملک و قوم سے مخلص ہے اور ہمارے ووٹ کا صحیح حقدار ہوتا ہے۔۔۔ہمارے پڑوسی ملک نے آج تک ہمارے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور وہ ہمیں تکلیف ، نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔۔۔ہمارے سیاسی رہنما انتہائی معصوم ہیں ۔۔۔جو ہمیشہ دوستی بس سروس، سفارتی تعلقات، تجارتی تعلقات ، ثقافتی طائفوں کے دورے۔۔۔وغیرہ وغیرہ کرنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔۔۔مگر مسائل کا ہجوم آج بھی جو ں کہ توں اپنی جگہ کھڑا ہے۔۔۔دنیامیں سیاحت کیلئے مشہورترین پاکستان کہ شمالی علاقہ جات بد امنی کی وجہ سے اپنی اہمیت کھوتے جارہے ہیں۔۔۔اب غیر ملکی سیاح تو کیا ہم پاکستانی ان علاقوں کی سیاحت سے محروم ہیں۔۔۔یقیناان تمام باتوں کا سہرہ بھی ہمارے پڑوسیوں کہ سر ہی بندھتا ہے۔۔۔

پاکستان کی بقا کی ضامن ہماری افواج جو ہر مشکل گھڑی میں سینہ سپر کھڑی نظر آتی ہے۔۔۔جگہ جگہ دشمنوں کی لگائی آگ ۔۔۔جسے بجھانے کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے جارہے ہیں اوربصد خوشی جامِ شہادت نوش فرما رہے ہیں۔۔۔آپریشن ضربِ عضب ایک انتہائی ناگزیر حل ۔۔۔ہمارے فوجی جوان رمضان کیا عید الفطر کیااب جشن ِ آزادی بھی محاذکی سی کیفیت میں منانے جارہے ہیں۔۔۔یہ ہماری افواج ہیں اور یہ ہماری فوج کہ جوان۔۔۔جو دنیاجہان سے بے خبر صرف ایک بات کی فکر لئے کہ پاکستان کی بقاء دنیا کہ ہر کام سے اہم ہے یہاں تک کہ اپنے اہل و عیال اپنے عزیز و عقارب اور سب سے بڑھ کر اپنے بچوں سے۔۔۔جس ملک کہ ایسے سپاہی ہوں۔۔۔اس ملک کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنا تو دور اسطرح سے سوچ بھی نہیں سکتا۔۔۔

پنجاب اور اسلام آباد اس وقت آگ کہ دھانے پر کھڑے ہیں ۔۔۔اب دیکھنا یہ ہے کہ اس آگ میں کون گرے گا ۔۔۔اتنا ضرور جانتا ہوں کوئی بھی گرے فائدہ ہمارے دشمن کو ہی ہوگا۔۔۔پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیچالیں ہمارا دشمن ہی چل سکتا ہے۔۔۔آئیں ایسی ہر سازش کو ناکام بنادیں اور ایسی سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کردیں۔۔۔یہی وطن سے سچی محبت کا تقازہ ہے۔۔۔یہی ایک سچے پاکستانی ہونے کی دلیل ہے۔۔۔کہ کسی ایسے کھیل کا حصہ نہیں بنینگے جس سے ہمارے پیارے وطن پاکستان کو نقصان پہنچے۔۔۔تو پھر آئیے وطن عزیز بقاکو اپنی بقا بنالیں۔۔۔ پاکستان ہمارا ہے ہم ہی ہیں پاسباں اسکے۔۔۔
اہل ِ وطن کو جشن آزادی مبارک
Sh. Khalid Zahid
About the Author: Sh. Khalid Zahid Read More Articles by Sh. Khalid Zahid: 526 Articles with 407550 views Take good care of others who live near you specially... View More