ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی روکنے کیلیے راولپنڈی میں ڈرون کیمروں کا آغاز

image

ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلیے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ شہر کے گنجان اور رش والے علاقوں میں اب ڈرون کیمرے ٹریفک صورتحال کی نگرانی کریں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فرحان اسلم کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے قانون شکن عناصر کی فوری نشاندہی کی جائے گی اور ڈرون کی ہدایات پر ٹریفک وارڈنز موقع پر فوری کارروائی کریں گے۔

سی ٹی او نے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا اور ون وے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون شکن عناصر کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کی بدولت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ ٹریفک قوانین میں کی گئی ترامیم شہریوں کے تحفظ کیلیے ہیں۔

سی ٹی او فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ مہذب اور قانون پسند شہری چالانوں سے محفوظ رہتے ہیں، ٹریفک پولیس کا مقصد محض چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کیلیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US