پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا۔
پیر کے روز ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی مرتبہ 1 لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے آگے نکل گیا۔
اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات ہی سے مثبت رجحان غالب رہا۔ دورانِ کاروبار کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1241 پوائنٹس کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 1,70,698 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی اشاریوں میں بہتری، آئی ایم ایف پروگرام کے تسلسل، حکومتی معاشی اصلاحات اور افراطِ زر میں بتدریج کمی نے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط کیا ہے۔ اسی اعتماد کے باعث مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیئرز کی خریداری دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی جیسے عوامل بھی مارکیٹ کو سہارا دے رہے ہیں، جس کے باعث انڈیکس تاریخی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
کاروباری حلقوں نے مارکیٹ میں اس ریکارڈ تیزی کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔ البتہ انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی معاشی تبدیلیاں، سیاسی حالات اور بیرونی مالیاتی بازاروں کی اتار چڑھاؤ بھی مستقبل کی سمت پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار کی سطح سے اوپر گیا ہے، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور مارکیٹ کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔