امریکہ میں خسرہ کے کیسز میں اضافہ جاری

14 May, 2019 وائس آف امریکہ اردو

امریکی محکمۂ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ میں خسرہ کے 75 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد حالیہ چند ہفتوں میں اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 839 تک پہنچ گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ 1994ء کے بعد سے امریکہ میں خسرہ کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بیماریوں پر کنٹرول اور بچاؤ کے امریکی ادارے "سی ڈی سی" کے مطابق 10 مئی تک سامنے آنے والے کیسز کے مطابق خسرہ کے واقعات میں 9.8 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خسرے کی وبا کے ایک بار پھر پھوٹ پڑنے کی وجہ انسدادِ خسرہ کی ویکسین کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات ہیں جس کی وجہ سے کئی لوگ اپنے بچوں کی ویکسینیشن نہیں کرا رہے۔

"سی ڈی سی" کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے سامنے آنے والے کیسز میں سے بیشتر نیو یارک میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران نیویارک ریاست میں کل 66 کیس سامنے آئے جن میں 41 شہر کے اندر جب کہ 25 راک لینڈ کاؤنٹی میں رپورٹ ہوئے۔

طبی صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خسرے کی وبا زیادہ تر اسکول جانے والے بچوں میں پھیل رہی ہے جن کے والدین نے ان کو ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا تھا۔

خسرے سے بچاؤ کی ویکسین کا استعمال 1960ء کے عشرے میں شروع ہوا تھا اور ماہرین اسے خسرہ سے بچاؤ کی سب سے محفوظ اور مؤثر دوا قرار دیتے ہیں۔ یہ ویکسین بیماری کے خلاف مدافعت پیدا کرتی ہے۔

خسرے کی حالیہ وبا کا زیادہ تر زور نیویارک کی ریاست تک محدود ہے اور اب تک اس مرض نے کسی اور ریاست میں وبائی شکل اختیار نہیں کی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ وبا پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور مزید کیس رپورٹ ہو رہے ہیں۔

امریکہ میں اس سے قبل خسرہ نے اس پیمانے پر وبائی شکل 1994ء میں اختیار کی تھی جب اس مرض کے 958 کیس سامنے آئے تھے۔ اس سے قبل 1992ء میں خسرہ کے 2126 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

امریکہ نے خسرہ کے وائرس پر 2000ء میں مکمل طور پر قابو پالیا تھا جس کے بعد سے خسرہ کا وائرس ملک میں موجود نہیں۔ البتہ حکام کا کہنا ہے کہ دوسروں ملکوں سے آنے والے مسافروں کی وجہ سے خسرے کے کیسز بدستور سامنے آ رہے ہیں جو بعض اوقات وبائی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔

وفاقی حکام کے مطابق 2019ء میں 40 سے زائد مسافروں کی وجہ سے خسرے کا وائرس امریکہ منتقل ہوا جن میں سے بیشتر یوکرین، اسرائیل اور فلپائن سے یہ مرض امریکہ لائے۔

خسرہ متاثرہ شخص کے کھانسنے اور چھینکنے سے دوسرے لوگوں میں منتقل ہو جاتا ہے۔


WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels
 
« مزید خبریں