حکومت ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے انقلاب لانے کیلئے پرعزم ہے، وزیرمملکت شزہ فاطمہ خواجہ کا لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب

image

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے انقلاب لانے کیلئے پرعزم ہے، حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے نجی شعبہ کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گی، حکومت اور نجی شعبہ کے تعاون سے پائیدار ڈیجیٹل مستقبل کا مشترکہ ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمٹ میں ڈیجیٹل فیوچر کے زیر عنوان سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، حکومت ملک میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کیلئے پرعزم ہے، ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے مختلف اقدامات پر کام کر رہے ہیں، ٹیکنالوجی معیشت سمیت ہر شعبہ میں انقلاب لانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، نوجوان پاکستان کا بڑا اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم اور ہنر کے ذریعے ملک کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے، معیشت اور گورننس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے، ڈیجیٹائزیشن سے شفافیت اور نظم و نسق میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے حکومت نجی شعبہ کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی، نجی شعبہ کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، نجی شعبہ بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں برآمدات 20 ارب ڈالر تک لے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فری لانسز کی صلاحیتوں میں اضافے اور استفادہ کیلئے رہنمائی فراہم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیلنجز سے آگاہ ہیں اور متعلقہ فریقوں سے رابطے میں ہیں، حکومت اور نجی شعبہ کے تعاون سے ہم اپنے مشترکہ ہدف پائیدار ڈیجیٹل مستقبل حاصل کر سکتے ہیں، ہر شہری کی ٹیکنالوجی تک رسائی ہونی چاہئے، روایتی پیداوار میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے، ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تیزی سے جدت آ رہی ہے، ہمیں اپنے تعلیمی نصاب اور ٹرینرز کو عصر حاضر کے بدلتے ہوئے تناظر میں تربیت دینی چاہئے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں نوجوان کو مارکیٹ میں روزگار کی ضرورت کے مطابق ہنرمندی کی تعلیم دینی چاہئے۔وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ اینٹرپرینیورشپ، سٹارٹ اپس ایکوسسٹم کے فروغ کے لئے اقدامات جاری ہیں، وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے تحت سٹارٹ اپس کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہیں، گلوبل ٹیک لیڈرز، پالیسی میکرز پاکستان کے ڈیجیٹل فیوچر کی جانب سفر میں معاونت کریں، فری لانسرز کے مسائل کو حل کریں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.