وہ چاند رت کے حسین لمحوں کی شاعری ہے
کہ اس کی باتیں ہزار سالوں کی شاعری ہے
یہ خشک پتے کہ جیسے راہوں میں لفظ بکھرے
اداس موسم میں ان درختوں کی شاعری ہے
ہماری آنکھیں اداس غزلوں کے قافیے ہیں
ہمارا چہرہ پرانے وقتوں کی شاعری ہے
تمہارا ہنسنا ہماری نظموں کی ابتدا تھی
ہمارا رونا تمہاری آنکھوں کی شاعری ہے
یہ صرف حرفوں کی تاب کاری کا زہر کب ہے
خدا کے بندو یہ ہم غریبوں کی شاعری ہے