سکندرا کا بندر اورسکندر

سیاست میں دباؤ بنانا جتنا اہم ہوتا ہے اسے قائم رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہوتا ہے۔ کانگریس کو سیاسی سوجھ بوجھ کا قسطوں میںاستعمال کام نہیں آئے گا ۔گجرات کی اخلاقی فتح کے بعد کانپور دیہات میں حقیقی شکست دینے کا ایک نادر موقع گنوا کر کانگریس پارٹی نے یہ پیغام دیا ہے کہ ہنوز دلی دور است۔ کانپور دیہات کا سکندرا حلقۂ انتخاب پھولن دیوی کے سبب مشہور ہے ۔ یہیں پر پھولن نے اپنی عصمت ریزی کرنے والے ۲۱ٹھاکروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ گزشتہ صوبائی انتخاب میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کا الحاق تھا اور بہوجن سماج پارٹی نے الگ سے انتخاب لڑا تھا ۔ اس وقت بی جے پی کے متھرا پرساد پال کو ۸۷۸۷۹ ووٹ حاصل کرکے بہوجن سماج پارٹی کا امیدوار مہندر کٹیار کو ہرایا تھا جنہیں ۴۹۷۷۶ ووٹ ملے تھے۔

سکندرا سے ؁۲۰۱۲ میں بھی بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار اندرپال سنگھ کو کامیابی ملی تھی لیکن اس بار کمال دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مایاوتی نے انتخاب نہیں لڑا یعنی بلاواسطہ سماجوادی پارٹی کی حمایت کردی لیکن اس کے اثرات کو زائل کرنے کے لیے کانگریس نے اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کی حماقت کردی ۔ موروثی سیاست پر دن رات تنقید کرنے والی بی جے پی نے مرحوم متھرا پرساد پال کے بیٹے اجیت سنگھ کو ٹکٹ دے دیا۔ کانگریس نے سوچا کہ سماجوادی اور بہوجن سماج کےاتحاد کو براہمن ووٹ نہیں دیں گے اور وہ ووٹ بی جے پی کے جھولی میں چلے جائیں گے اس لیے اپنے براہمن امیدوار پربھاکر پانڈے کو کھڑا کر دیا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بی جے پی کےووٹ میں ۱۴ ہزار ووٹ کی کمی کے باوجود وہ ۱۱ ووٹ سے کامیاب ہوگیا اس لیے کہ کانگریس کو ۱۹ ہزار ووٹ مل گئے۔ کانگریس نے اگر سماجوادی پارٹی سے اپنا الحاق ختم کرنے کے بجائے برقرار رکھا ہوتا تو ممکن ہے ۷ ہزار ووٹوں کی یہ شکست ۷ ہزار ووٹ کی فتح میں بدل جاتی۔ بی جے پی کو ہرانے کے لیے اپنی حلیف جماعتوں کے ساتھ رہنے کا فن کانگریس کو سیکھنا ہوگابقول فراز؎
نئے سفر میں ابھی ایک نقص باقی ہے
جو شخص ساتھ نہیں اسکا عکس باقی ہے

یہ بات درست ہے کہ سیاست کے بازار میں اگر اور مگر کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی لیکن اس میں نشانِ عبرت ضرور ہوتے ہیں ۔ بی جے پی کو فی الحال اترپردیش اسمبلی میں جو فوقیت حاصل ہے اس پر ایک نشست کے کم ہوجانے سے کوئی خاص اثر نہیں پڑتا اور نہ ہی سماجوادی کی ایک سیٹ سے اس کا کوئی بھلا ہوجاتا لیکن یہ ایک علامتی فتح ضرور ہوتی ۔ عوام کی نفسیات پر اس طرح کی خبروں کے یقینی اثرات پڑتے ہیں ۔ ذرائع ابلاغ کے اندر اپنی سیاسی معنویت بنائے رکھنے کے لیے اس طرح کی خبریں درکار ہوتی ہیں ۔ سیاسی دباو بنائے رکھنے میں اس طرح کی چھوٹی موٹی کامیابیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس بار جن پانچ مقامات پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں دو اروناچل پردیش میں تھے جہاں چند سو ووٹ سے بی جے پی دو نشتو ں پر جیت گئی۔ بنگال میں وہ تیسرے نمبر پر رہی مگر ممتا نےہزاروں کے فرق سے زبردست کامیابی درج کرائی ۔ تمل ناڈو میں بی جے پی کی ضمانت ضبط ہوگئی اور اس کو ’نوٹا ‘ سے بھی کم ووٹ ملے لیکن بی جے پی اگر اترپردیش کا ضمنی انتخاب ہار جاتی تو اس کی بات ہی کچھ اور ہوتی ۔ وہ مودی اوریوگی دونوں کی اخلاقی شکست بن جاتی لیکن کانگریس پارٹی نےیہ نادر موقع اپنے ہاتھوں سے گنوا دیا۔ اس ضمنی انتخاب کے نتائج شاہد ہیں کہ اتر پردیش کے سکندرا میں بی جے پی جیت کر سکندر اور کانگریس ہار کر بندر بن گئی۔ گجرات کے بعد اترپردیش میں کانگریس کی یہ ناکامی پکار پکار کرکہہ رہی ہے؎
گھٹا اٹھی ہے مگر ٹوٹ کر نہیں برسی
ہوا چلی ہے مگر پھر بھی حبس باقی ہے
 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2124 Articles with 1449504 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.