پاکستان پیپلز پارٹی کی گرتی ہوئی مقبولیت وجوہات اور نتائج

پاکستان پیپلز پارٹی کی گرتی ہوئی مقبولیت وجوہات اور نتائج

تحریر: محمد علی رضا

پاکستان پیپلز پارٹی جو کبھی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول عوامی جماعت مانی جاتی تھی، آج اپنی مقبولیت میں تیزی سے کمی کا شکار ہے، عوام کے دلوں میں جو مقام اس جماعت کو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے دور میں حاصل تھا، وہ اب ماضی کا قصہ بنتا جا رہا ہے، خاص طور پر کراچی جیسے بڑے شہر میں عوامی سطح پر پیپلز پارٹی کے خلاف مایوسی اور ناراضی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کراچی کی عوام برسوں سے شکایت کرتی آئی ہے کہ صوبائی حکومت نے شہر کی ترقی اور بنیادی مسائل پر کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ کئی سال گزرنے کے باوجود شہر کی سڑکوں، سیوریج، صفائی، اور پانی کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ بعض علاقوں میں تو صورتِ حال اس قدر خراب ہے کہ نہ سڑکیں مرمت ہو رہی ہیں، نہ ہی نئی تعمیرات پر کوئی کام نظر آتا ہے، بارش کے موسم میں گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی ہیں، اور عوام کا پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتا ہے۔
حال ہی میں کراچی میں ہونے والے واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کی مقبولیت میں مزید کمی دیکھی گئی ہے۔ جہاں ایک تین سالہ بچہ، جو اپنے والدین کے ساتھ خریداری کے لیے آیا، اچانک کھلے اور اندھے گٹر میں گر گیا، اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔جس کو نکالنے کے لئے کوئی حکومتی مشینری کئی گھنٹوں تک حرکت میں نہ آئی۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں پہلے بھی ایسے کئی واقعات ہماری نظروں سے گزر چلے ہیں۔ یہ واقعات پیپلز پارٹی کی حکومت لے لئے لمحہ فکریا ہیں۔جو عوام کو نہ تحفظ دے سکی اور نہ ہی بنیا دی سہولیات،اگر عوام کو کچھ ملا ہے تو وہ ہیں صرف مسائل۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس اور دیگر انتظامی اداروں کی جانب سے غیر ضروری چالانوں اور سختیوں نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ جب بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں تو معمولی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی ایک وقت میں غریب اور متوسط طبقے کی آواز سمجھی جاتی تھی۔ مگر اب عوام کا تاثر یہ بنتا جا رہا ہے کہ پارٹی کی پالیسیوں نے اسے عوام دوست کے بجائے عوام دشمن جماعت بنا دیا ہے۔ مہنگائی، بدانتظامی اور شہر کی ابتر حالت نے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے۔
اگر پیپلز پارٹی نے اپنی حکمتِ عملی پر نظرِ ثانی نہ کی، تو ممکن ہے کہ آنے والے انتخابات میں کراچی سمیت دیگر شہری علاقوں میں اس کی مقبولیت مزید کم ہو جائے، عوام اب صرف نعروں سے مطمئن نہیں ہوتے، وہ عمل دیکھنا چاہتے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے کردار، کارکردگی اور عوامی رابطے کو بہتر بنائے، ورنہ تاریخ اسے ایک گزرے ہوئے دور کی جماعت کے طور پر یاد کرے گی۔


 
MUHAMMAD ALI RAZA
About the Author: MUHAMMAD ALI RAZA Read More Articles by MUHAMMAD ALI RAZA: 8 Articles with 8771 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.