عام آدمی کا نمائندہ: آر کے لکشمن

 کارٹون کی دنیا کا اگر کسی کو بادشاہ کہا جا سکتا ہے ، تو بلا مبالغہ وہ نام آر کے لکشمن ہی کا ہوگا ۔ جنھوں نے پچاس سے زائد اس صنف پر نہ صرف حکومت کی اور اسے بام عروج پر پہنچایا۔ان کی اسی بادشاہت کے اعتراف میں انھیں پدم بھوشن ، پدم وبھوشن اور میگاسے وغیرہ جیسے کئی اہم ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ یہی نہیں ان کی عظمت کے اعتراف میں ان کی زندگی ہی میں یعنی 2001 ء میں ہی سمیوس انسٹی ٹیوٹ ، پونے میں ان کے تخلیق کردہ کردار ’کامن میں‘ یعنی عام آدمی کا قد آدم مجسمہ بھی استادہ کیا گیا ۔ جبکہ ان کا انتقال 94 سال کی عمر میں 26؍ جنوری 2015 ء کو ہوا ۔

مشہور ومقبول کارٹونسٹ آر کے لکشمن نے اپنے تمام معاصرین کارٹونسٹوں کے مقابلے میں اپنے افکار و خیالات کو اس خوبصورتی اور فنکارانہ انداز میں پیش کیا کہ وہ فن میں اپنا ایک منفرد مقام بنانے میں کامیاب رہے ۔ اس کامیابی سے انھیں شہرت ، دولت، مقبولیت اور عزّت سب کچھ ملی ۔ انھوں نے کارٹون کے ذریعہ بڑے بڑے سیاست داں ، صنعت کار، افسران اور سماجی کارکنان پر طنز کے تیر برسائے ، ان لوگوں کی خامیوں اور کوتاہیوں پر انگشت نمائی کی، لیکن ان کے کارٹون سے کبھی کسی دلآزاری نہیں ہوئی، نہ کبھی ان ایسا مقصد رہا ۔ ان کی ان ہی خوبیوں کے مد نظر انھیں یہ صلہ ملا کہ 94 برس کی عمر میں پونے میں وہ’ پرلوک سدھارے‘ تو ان کا’ انتم سنسکار‘ سرکاری اعزاز کے ساتھ 27جنوری 2015 کوہوا ، اور مہاراشٹر حکومت کے وزیر اعلیٰ نے ان کی خدمات کے اعتراف میں یاد گار کے طور پر ان کا ایک قد آدم مجسمہ تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ایسا پہلی بار ہواہے کہ کسی کارٹونسٹ کو اتنا بڑا اعزاز، ملا، جس کے وہ واقعی حق دار تھے ۔

’کامن مین‘ یعنی عام آدمی کے احساسات و جزبات کی ترجمانی کرانے والے آر کے لکشمن کا پورا نام راسی پورم کرشن سوامی تھا۔ جنھوں نے 24 اکتوبر 1921 ء کو کرناٹک کے شہر میسور میں آنکھیں کھولیں ۔ پڑھائی میں ان کا دل نہیں لگتا تھا اور اکثر نت نئی شرارتوں کی وجہ کر ان کی پٹائی ہوتی تھی۔ لیکن پھر بھی ان کی شرارتوں میں کمی واقع نہیں ہوئی۔ وہ خود اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ مجھے اسکول سے نفرت تھی اور میں اپنے کلاس میں پڑھائی میں اچھا نہیں تھا ۔ پھر بھی ایک دن میرے ایک ماسٹر نے میری پیٹھ تھپتھپائی اور کہا کہ تم نے اپنی سلیٹ پر پتّاکا اسکیچ بہت اچھا بنایا ہے۔ اس دن اپنے استاد کی شاباشی انھیں بہت اچھی لگی اور یہی حوصلہ افزائی ان کے دل کو چھو گئی کہ میں کچھ اچھا کر سکتا ہوں ۔ بچپن میں وہ اپنے گھر میں لکڑی کے جلے ہوئے ٹکڑوں سے دیواروں پر آڑی ترچھی لکیریں کھینچا کرتے تھے۔ان کے اندر مشاہدہ کی قوت بہت تیز تھی ۔ وہ کہتے ہیں کہ’ عام طور پر لوگ ہر چیز کو اہمیت نہیں دیتے ہیں ۔ لیکن میں اپنے ارد گرد کی ہر شئے پر گہری نگاہ رکھتا تھا ، یہاں تک کہ میں کوّے کی حرکات و سکنات کو بھی بڑے غور سے دیکھتا تھا۔ ‘ان کی اس عادت نے ان کے غور و فکر کرنے کی صلاحیتوں کو مہمیز کیا اورانھوں نے زندگی کے بہت سارے اسرار و رموز کو سمجھنے کی کوشش کی ۔ ان کی قوت مشاہدہ کی کار فرمائی نے ان کے اندر بے پناہ قوت اظہار بخش دیا ۔ جنھیں وہ ایک سلیقہ، حسن اور معیار کے ساتھ چند آڑی ترچھی لکیروں اور چند جملوں کے ساتھ اس خوبصورتی کے ساتھ پیش کرتے کہ ان کی بات سیدھے دل میں اتر جاتی اور یہی ان کی بڑی کامیابی تھی۔ ایک عام آدمی کے مافی ا لضمیر کوطنز و ظرافت کے ساتھ حل و عقد تک ترسیل کرا دینا ان کا بڑا کارنامہ تھا۔

آر کے لکشمن ابتدائی دنوں میں بین الاقوامی شہرت یافتہ کارٹونسٹ ڈیوڈلو سے متاثر نظر آئے ، لیکن دھیرے دھیرے انھوں نے اپنا راستہ خود بنایا ، جس پر وہ ہمیشہ گامزن رہے۔ بعد میں بال ٹھاکرے کے ساتھ مل کر ’’ دی فری پریس جرنل ‘‘ کے لئے کارٹون بنایا کرتے تھے ۔ ’بلٹز ‘ اور ’ سوراجیہ ‘ میں بھی ان کے کارٹون ابتدائی دور میں شائع ہوا کرتے تھے۔ لیکن1951میں انگریزی روزنامہ ’ ٹائمز آف انڈیا ‘ میں انھیں ملازمت مل گئی ، تو وہ ہمیشہ کے لئے اس کے ہو کر رہ گئے۔ان کے کارٹون کے لوگ اس قدر شائقین ہو گئے، کہ لوگ ہر روز ان کا نیاکارٹون دیکھنا اور پڑھنا چاہتے تھے۔ نتیجہ میں ان کا روزانہ، اخبار کے پہلے صفحہ پر ’ یو سیڈ اِٹ ‘ کے عنوان سے شائع ہونے لگا اور ہمیشہ ان کا کارٹون پہلے صفحہ پر ہی چھپا۔ ان کا تخلیق کردہ ایک کردار چندلا بوڑھا آدمی جو ہمیشہ ڈھوتی کُرتا میں ’ کامن مین ‘ کی نمائندگی کرتا ہوا نظر آتا ، یہ عام آدمی کا کردار کبھی نہیں بدلا ۔ یہ ’ کامن مین‘ ہمیشہ ایک جیسا رہا۔ یہ ’ کامن مین ‘ عوام کے درمیان اس قدر مقبول ہوا کہ اس کا 2001ء میں پونے میں آٹھ فٹ کا مجسمہ بنا کر نصب کیا گیا تھا ۔

آر کے لکشمن نے اپنے کارٹونوں میں کبھی کسی کو نہیں بخشا۔ یہاں تک کہ پنڈت نہرو سے لے کر من موہن سنگھ تک ان کے نشانے پر رہے۔ لیکن چونکہ پہلے کے سیا ست دانوں میں تعلیم ، قوت برداشت، انکساری ، رواداری اور دور اندیشی کے ساتھ ساتھ حسِ مزاح اور خو بھی تھا ، یہی وجہ تھی کہ آر کے لکشمن کے طنز و مزاح کے کا کبھی کسی نے بُرا نہیں مانا ، بلکہ زیر لب مسکُرائے اور ممکن ہوا تو اپنے ایسے عمل کی اصلاح بھی کی، جن کی نشاندہی آر کے لکشمن کیا کرتے تھے ۔ ایسے چند کارٹون سے متعارف کراتا ہوں۔

’سائنس کانگریس ‘ جس کا افتتاح ملک کے وزیر اعظم کے ذریعہ ہر سال کی پہلی جنوری کو کئے جانے کی روایت رہی ہے۔ ایک کارٹون میں ، ملک کی سائنس اور ٹکنالوجی کی ترقی پر کس طرح طنز کرتے ہیں ۔ یہ دیکھئے۔ ’سائنس کانگریس ‘کے افتتاحی جلسہ میں سائنس داں بیٹھے ہوئے ہیں ، وزیر ا عظم گاندھی ٹوپی لگائے، ایک ہاتھ میں اپنی تقریر کی کاپی اور دوسرے ہاتھ میں بھونپو ہے، جس کو مُنھ سے لگائے ہوئے کہہ رہے ہیں’ ’ مجھے اس حقیقت پر فخر ہے کہ ہم نے سائنس اور ٹکنالوجی میں زبردست ترقی کی ہے‘ ‘
اندازہ لگایئے کہ اس ایک جملہ میں اس وقت ملک کی سائنسی ترقی پر کتنا شدید طنز ہے۔ اب دوسرا کارٹون دیکھئے۔

راجیو گاندھی جس زمانے میں وزیر اعظم تھے اور ایچ کے ایل بھگت، وزیر اطلات و نشریات تھے ۔ اس زمانے میں صرف دلّی دور درشن ہوا کرتا تھا ، جو چند گھنٹوں کے لئے ناظرین کے لئے پیش کیا جاتا تھا ۔ ان چند گھنٹوں میں دور درشن پر زیادہ وقت راجیو گاندھی کو ہی دکھایا جاتا تھا ، اور ان کے گن گان پر زیادہ وقت صرف کیا جاتا تھا ۔ جنھیں دیکھ دیکھ کر عوام اکتاہٹ محسوس کر رہے تھے ۔ اسے آر کے لکشمن نے کس خوبصورتی سے نشانہ پر لیا ہے، دیکھئے۔ ایک دیوار پر راجیو گاندھی کی فوٹو ٹنگی ہے اور اس کے سامنے کرسی پر بیٹھے ایچ کے ایل بھگت کی نظریں راجیو گاندھی کی تصویر پر ٹکی ہوئی ہے۔ اس اسکیچ کے نیچے بس ایک جملہ ہے․․’ ’ ٹی وی خراب ہو گئی ہے، بننے گئی ہے ‘‘ ذرا سوچئے کس قدر طنز پوشیدہ تھا صرف اس ایک جملے میں ۔

وزراء پر جب طرح طرح کے کرپشن کے الزامات لگنے شروع ہوئے تھے ، اس زمانے کے ایک کارٹون میں دکھایا گیا کہ ایک وزیر طیارہ سے بیرون ملک جا رہے ہیں اور وہ اپنے سکریٹری کو تاکید کر رہے ہیں کہ ’’ ․․․اور اگر میرے خلاف کسی طرح کا الزام عائد کیا جاتا ہے، تو میں جب تک سفرپر ہوں ، تم انھیں مسترد کرتے رہنا ‘‘۔

ایک اور دلچسپ کارٹون دکھا تا ہو ں ۔ ائیر پورٹ پر عام مسافروں کی سیکیوریٹی چیک اپ میں بہت زیادہ تنگ کیا جانے لگا ، تو اس کے خلاف وہ کس طرح سے احتجاج کرتے ہیں ، یہ دیکھئے۔

ائیر پورٹ پر ایک مسافر ٹرالی پر اپنے سامان کے ساتھ ٹرالی کے ہینڈل پر شرٹ، پینٹ، کوٹ اور ٹائی رکھے ہوئے ،صرف انڈر ویئر اور بنیان پہنے سیکیوریٹی چیک اپ کے لئے اندر جا رہا ہے، اور وہ بتا رہا ہے کہ ’’ میں اب سیکیوریٹی چیک اپ کے بعد ہی سارے لباس پہنونگا۔ ‘‘

آر کے لکشمن نے اپنے کارٹون کے ذریعہ عام آدمی کے مسائل کو جس انداز سے نشان زد کیا ہے ، حقیقت یہ ہے کہ فن کا ایسا اعلیٰ معیار اور ایسا ذہین فنکار شائد ہی دیکھنے کو ملے۔ آر کے لکشمن نے قومی اور بین الا قوامی سطح کے کرپشن ، استحصال، غلط روش اور حق تلفی و استحصال کو ہمیشہ ہدف بنایا۔ ان کے کارٹون کی اہمیت اس لحاظ سے بھی زیادہ تھی کہ آر کے لکشمن نے ’’عام آدمی‘‘(کامن مین) کے توسط سے طنز کے خوب تیر برسائے ۔ لیکن یہ تیرکبھی بھی بغض، عناد، نفرت، عداوت، مذمّت، عدم رواداری سے بجھانہیں ہوتا۔ بلکہ اعلیٰ اور معیاری طنز و ظرافت، بذلہ سنجی اور خوش طبئی کی کارفرمایاں ہوتی تھیں ۔ اظہار خیال کی آزادی کی انھوں نے فائدہ ضرور اٹھایا۔ لیکن ناجائز فائدہ اٹھا نے کی کبھی کوشش نہیں کی ۔ جمہوری قدروں اور روواداری کی ہمیشہ پاسداری کی اور کبھی بھی کسی کے احساسات و جذبات کو مجروح کرنے کی عملی کوشش نہیں ۔ پھر بھی جب ملک میں ایمرجنسی نافذہوا ،تو تقریباََ بیس ماہ تک انھوں نے خاموشی اختیارکر لی تھی ۔ آر کے لکشمن کے کامن مین کی شہرت اور مقبولیت عوام کے ہر طبقہ میں تھی۔ پچاس سال تک انھوں نے ٹائمز آف انڈیا میں ملازمت کی اور ایک زمانے میں اس انگریزی روزنامہ کے ایڈیٹر سے زیادہ ان کی تنخواہ مقرّر کی گئی تھی، جس کا کافی دنوں تک چرچہ رہا تھا ۔ ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں انھیں کئی بڑے اعزاز سے نوازا گیا۔ ان کے کارٹونوں پر مبنی ایک ٹی وی سیرئیل ’ مال گڈی ڈیز ‘ بھی کافی مقبول ہوا تھا ۔۔ ہندی فلم ’ 555‘ اور تمل فلم ’ کامراج ‘ میں بھی ان کے کارٹون ناظرین کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔

آر کے لکشمن نے ایک عام آدمی کے سماجی اور سیاسی پیغامات کی جس مؤثر انداز میں اپنے کارٹون کے ذریعہ ترسیل کرائی ہے، وہ سب کے سب اب تاریخ کا اہم حصّہ بن چکے ہیں ۔ لیکن جب کبھی عام آدمی پر تشدّد، ظلم و ستم ، استحصال، ناانصافی اور حق تلفی ہوگی آر کے لکشمن کا یہ عام سا لیکن معنی خیز جملہ
the power of common man" "Dont underestimatکی بازگشت ضرور سنائی دے گی ۔
 

Syed Ahmad Quadri
About the Author: Syed Ahmad Quadri Read More Articles by Syed Ahmad Quadri: 146 Articles with 106909 views An Introduction of Syed Ahmad Quadri
by: ABDUL QADIR (Times of India)

Through sheer imagination,
.. View More