کامیابی کے لیے سوچ بدلیں

اگر ہم کامیابی و ناکامی کی اصل وجوہات کی تلاش کریں تو پتا چلتا ہے کہ اس کے پس پردہ انسانی سوچ ہی ہے، جو انسان کو کامیاب و ناکام بناتی ہے۔اگر آپ کاروباری کڑی سے تعلق رکھتے ہیں اور کامیاب بزنس مینوں میں اپنا نام لکھوانا چاہتے ہیں ،توبادشاہوں والی سوچ پید اکرنا بے حد ضروری ہے۔جس طرح فقیر ساری زندگی مانگنے والی سوچ سے باہر نکل کر کامیاب نہیں بن سکتا، اسی طرح بزنس مین اپنی بہترین سوچ و خیالات سے اپنے حالات بدل سکتا ہے۔کیوں کہ انسان حالات کا نہیں ،خیالات کی پیداوار ہے۔

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ دنیا میں ایک جیسے دکھنے والے انسانوں میں کچھ غریب کچھ امیر کیوں ہوتے ہیں؟اگر ساری دنیا کی دولت تمام انسانوں میں باہم تقسیم کردیں تو آپ دیکھیں گے کچھ دنوں میں پھر سے کچھ غریب اور کچھ امیر ہوں گے۔اس لیے کہ انسان کے سوچنے کے طریقے مختلف ہیں۔آج دنیامیں ایک دل چسپ موضوع یہ ہے کہ کیسے کچھ لوگ امیر ہو جاتے ہیں ۔وہ کیا عوامل ہیں جس سے لوگ ساری زندگی غریب رہتے ہیں۔کاروبار ی اور پیسے کی دنیا میں آپ کودوطرح کے لوگ ملتے ہیں ۔ایک وہ جو غریبی سے امیری کے سفر میں بذات ِخود کٹھن حالات کا سامنا کرتے ہیں۔یہ مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہتے ہیں اوراس سفر میں آنے والی پریشانیوں،مصیبتوں سے نہیں گھبراتے بالآخریہ کامیاب ہوجاتے ہیں۔دوسرے وہ لوگ ہیں جو اپنی ساری عمرکمفرٹ زون میں گزار دیتے ہیں ۔جب کامیابی ان سے ایک قدم دور ہوتی ہے یہ چند دائروں میں الجھ کر رہ جاتے ہیں۔اگر ان دونوں کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو امیر اور غریب کا فرق آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے۔بہت سے کام ہیں جن سے امیر ی اور غریبی کے فرق کی پہچان کی جا سکتی ہے۔آئیے !امیر غریب کی ان نشانیوں کو پہچاننے کی کوشش کرتے ہیں ۔

امیر آدمی کی زندگی پلاننگ اور مقاصد سے بھرپور ہوتی ہے۔وہ زندگی مقاصد کے حصول کے لیے گزارتا ہے۔غریب آدمی کی زندگی میں کوئی مقصد ،کوئی وژن نہیں ہوتا۔یہی وجہ ہے کہ غریب آدمی زندگی کو نہیں بلکہ زندگی اسے گزاررہی ہوتی ہے۔امیر آدمی اپنی زندگی خود تخلیق کرتا ہے۔یہ اپنے کام سے محبت کرتا ہے ۔نئے ایڈیاتلاش کرتا ہے ۔کتابیں پڑھتا ہے ۔امیر لوگوں سے ملتا ہے ۔ان کی عادتیں اپناتا ہے ۔ان سے کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔یہ بڑے بڑے خواب دیکھتا ہے۔اور ان خوابوں کی تعبیر کے لیے کمر کس لیتا ہے۔امیر آدمی ہمیشہ کمفرٹ زون سے باہر نکل کھیلنے کا عادی ہوتا ہے۔ اور اس کے لیے وہ جلد اؤٹ ہوجانے سے بھی نہیں ڈرتا۔یہ نئے کاروبار سیکھتا ہے اور خود پر نئی پروڈکٹ بنانے کی دھن سوار کرلیتا ہے۔اس کے لیے یہ کسی بھی بڑی برانڈ سے منسلک ہونے کی کوشش کرتا ہے۔جب کہ غریب آدمی جینے کے آسرے ڈھونڈتا ہے۔یہ خواب تو دیکھتا ہے مگر یہ خواب بڑے نہیں ہوتے۔غریب آدمی کی سوچ کا دائرہ محددو ہوتا ہے۔یہ ہمیشہ ہارجانے ،ناکام ہو جانے اور رسک لینے سے خوف کھاتا ہے۔یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا کی تاریخ میں ایسا کوئی کامیاب انسان نہیں گزرا، جس نے اول جست میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہوں ۔کامیابی خطرات مول لینے کے بعد ملتی ہے۔

امیر آدمی اپنے وقت کا درست استعمال کرتا ہے۔یہ اپنے دل دماغ میں بیٹھا دیتا ہے کہ دنیا مواقعوں کا بازار ہے۔یہاں سے جتنا مال خرید سکتے ہو خرید لو۔یہ موقعوں کے اس بازار میں کسی سے حسد نہیں کرتا بلکہ اپنے سے زیادہ کامیاب لوگوں کی محفلیں تلاش کرتا ہے اور ان میں جُڑ جاتا ہے۔یہ امیر لوگوں سے تعلقات بناتا ہے اور امیروں کے اس بازار میں ہر دکان سے کچھ نا کچھ ضرور لیتا رہتا ہے۔جب وہ بازار سے باہر آتا ہے تو اس کی کاروباری صلاحیتیں نکھر ی ہوئی ہوتی ہیں۔یہ اپنی زندگی میں بہتری کی رمق محسوس کرتا ہے پھر یہ نئے راستوں پہ چل کر نئی منزلیں پا لیتا ہے۔اس کے برعکس غریب آدمی موقعوں کے بازار سے خالی ہاتھ لوٹ آتا ہے۔یہ ان مواقع سے فائدہ نہیں اٹھاتا اور انہیں بے کار سمجھتا ہے۔یہ بھی امیر لوگوں کی طرح بازارتو جاتا ہے مگر حسد کی آگ میں جل کر خاکستر لوٹتا ہے۔یہ اپنی ساری توانائیاں حسد کرنے میں ضائع کردیتا ہے ۔غریب آدمی کیوں کہ ایک مخصوص دائرے تک سیکھتا ہے اس لیے یہ بڑی کامیابی حاصل نہیں کر پاتا۔

امیر آدمی کی کامیابی کا راز اس کے آس پاس کے متعلقین ہوتے ہیں۔یہ خوش حال لوگوں سے دوستی کرتا ہے ،سازگار ماحول میں رہتا ہے۔امیر لوگ ایسے ماحول سے ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں ۔جد جہد کرنے،لڑنے ،نہ گھبرانے ،ہمت وحوصلے کی باتیں کرتے ہیں ۔ایسے ماحول کے نتائج حیران کن ہوتے ہیں۔یہ کامیاب سوچ کو جنم دیتے ہیں پھر انسان محدود سوچ سے بھی کامیابی کی طرف رواں ہو جاتا ہے اور آسانیاں اس کے ہمدم چلتی رہتی ہیں۔غریب لوگ کیو ں کہ زندگی کا ابتدائی وقت کھیل کود ،سیر وتفریح ،سونے اور غفلت میں گزاردیتے ہیں جس کی وجہ سے آنے والی زندگی کولہو کا بیل بن کر رہ جاتی ہے۔غریب آدمی محنت تو کرتا ہے لیکن اس محنت کا’’ فیڈ بیک‘‘ اسے نہیں ملتا۔ایسے میں اسے مایوسی گھیر لیتی ہے اور پھر یہ اس مایوسی کے جال میں جکڑ کر رہ جاتا ہے۔امیر اور غریب آدمی میں ایک بنیادی فرق یہ بھی ہے کہ امیر آدمی پیسے کو اہمیت دیتا ہے ۔یہ پیسے سے پیسہ کماتا ہے ،کچھ خرچ کرتا ہے ،کچھ جمع کرتا ہے اور کچھ کاروبار میں لگا دیتا ہے۔جب کہ غریب آدمی پیسہ خرچ کرنے کے لیے کماتا ہے ۔یہ پیسے کو ہاتھ کی مَیل سمجھ کر واقعی ہاتھ کی مَیل کی طرح جیب سے صاف کر دیتا ہے۔یہ فضول خرچی کو بھی اپنی سخاوت ودریا دلی سمجھ کر خوش ہوتا ہے۔نہ خریدنے والی اشیاء کو اسٹاک کرلیتاہے پھر ضروری چیزوں کے لیے پیسے کی محتاجی اسے کھا جاتی ہے۔اسی وجہ سے غریب آدمی اپنی آمدن سے اپنی ضرورتوں کو پورا نہیں کرسکتا کیوں کہ اس کے پاس اضافی بچت نہیں ہوتی۔

اگر آپ بھی کامیاب زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلا کام یہ کریں کہ اپنی سوچ کو بدلیں۔اپنی سوچ بدل لیں حالات اپنے آپ مڑ جائیں گے۔پھر خیالات کا بدلنا انتہائی آسان ہو جائے گا۔یاد رکھیں اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ انسان کو وہی ملتا ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے۔
 

Ansar Usmani
About the Author: Ansar Usmani Read More Articles by Ansar Usmani: 99 Articles with 97307 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.