ملت پاکستان کا کشمیریوں سے عظیم الشان یوم یکجہتی اور کشمیر کمیٹی ؟

ملت پاکستان کا کشمیریوں سے عظیم الشان یوم یکجہتی اور کشمیر کمیٹی ؟

پانچ فروری کا دِن ملت پاکستان اور کشمیری عوام ایک دوسرے کے لیے دِلوں کی وسعتوں میں سمندروں جیسی عقیدت ‘ محبت ‘ اخلاص ‘ ایثار کے جذبات کا آئینہ دار ہوتا ہے ‘ اس بار ناصرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پرنیا پاکستان کے نئے ولولے دیکھے گئے کہ کراچی سے لے کر ڈیرہ غازی خان تک فقید المثال عوامی سمندر کا کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بے مثال اور عالی شان مناظر تھے تمام شہروں ‘ دیہی مراکز پر جلوس ‘ ریلیوں کے پُرجوش نظارے دیکھنے کو ملے تو بین الاقوامی سطح پر انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت حریت کانفرنس و کشمیری راہنماؤں کا آکٹھ ناروے کے وزیراعظم ‘ یورپین پارلیمنٹ کے ارکان انسانی حقوق کے نمائندگان کے ساتھ ہوا جس میں صدر ریاست مسعود خان ‘ سابق وزراء اعظم بیرسٹر سلطان محمود ‘ سردار عتیق احمد شریک ہوئے اور سب نے ایک ہی آواز بلند کی ‘ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے تو آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے صدر مملکت عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے ملت پاکستان کے جذبات کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار کرتے ہوئے واضح دوٹوک پیغام دیا ‘ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے اگرچہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر ایک دِن قبل بھی مری آ گئے تھے کہ فضائی سفر ممکن نہ ہوا تو بائی روڈ مظفر آباد لازمی آئیں گے ‘ اس دِن فضاؤں سے لیکر خلق خدا تک سب کشمیریوں کی آواز سے آواز ملاتے ہوئے اتحاد ‘ ایمان ‘ تنظیم کے فرمان قائداعظم ؒ کی عملی تصویر بنے ہوئے تھے ‘ اِسلام آباد منعقدہ مرکزی پروگرام میں وزیر اُمور کشمیر علی امین گنڈا پور نے نوجوانوں کے ساتھ جواں ولولوں کا کشمیری حریت پسندوں کو پیغام دیا تو اپوزیشن کی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس میں قومی ‘ علاقائی ‘ مذہبی تمام جماعتوں کے قائدین نے بھی کشمیریوں کی حمایت میں ہم ایک ہیں کا نعرہ لگایا ‘ سابق صدر آصف علی زرداری نے کشمیریوں سے رشتہ ہمارے ڈی این اے میں شامل ہے کہ کہہ کر واضح کیا کہ بدلے ہزار موسم رشتے نہیں بدلتے ‘ دِل میں رہنے والے دِل سے نہیں نکلتے ‘ یہ عشق و لہو کی وہ سچائی ہے وزیراعظم عمران خان اور پاک افواج کے ترجمان جنرل غفور السلام نے بھی اپنے پیغامات میں کشمیریوں کے ساتھ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے یکجہتی کے عہد کی تجدید کی ۔ جس کی طاقت نے بڑی بڑی آزمائشوں اور بحرانوں ‘ امتحانات میں بھی اپنا تعلق کمزور ہونے کے بجائے مزید ناقابل تسخیر بنا دیا ہے جس کا اظہار پانچ فروری کو صرف کانوں نے سنا ہی نہیں آنکھوں نے دیکھا بھی ہے ‘ جو اس امر ربی کی آئینہ دار تھی کہ آواز خلق کو نقارہ خدا سمجھو ‘ مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت سید علی گیلانی سے لیکر میر واعظ عمر فاروق ‘ سید شبیر شاہ ‘ یٰسین ملک ‘ آسیہ اندرابی سمیت تمام راہنماؤں اور نوجوانوں ‘ بچوں ‘ بوڑھوں ‘ بزرگ ‘ مرد ‘ عورت نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ رب العزت کی بارگاہ میں بغیر لفظ کہے ملت پاکستان کے حق میں جذبات کا اظہار کیا کہ دِلوں کی آواز اللہ جانتا ہے یقیناًاشک بار آنکھوں کے ساتھ دِلوں کی زبان سے ادا ہوئی ‘ دعائیں بارگاہ رب میں قبولیت کی ضمانت ہے جس کے لیے ہاتھ بلند کرنے والے شہداء کے مقدس لہو کے وارث ہیں جو اپنے شہداء کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر سپردخدا کرتے ہیں‘ نواسہ رسولؐ کی رسم شبیری کے پیروکار کشمیری اور انصار مدینہ کے آئینہ دار پاکستانی کا تعلق رشتہ ایمان کی طاقت سے لیکر خون کی دوڑ کی طرح جڑا ہے ‘ اس جذبہ کا اظہار ایک پانچ فروری سے دوسری پانچ فروری تک تسلسل سے بین الاقوامی اور قومی سطح پر قائم دائم رکھنے کیلئے غیر جماعتی بنیادوں پر تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین بشمول حریت کانفرنس و آزادکشمیر لیزان کی آئینہ دار کشمیر کمیٹی تشکیل دینی چاہیے ‘ جو صرف اور صرف پاکستان اور کشمیر کے ایجنڈے پر بطور مشن تاریخ رقم کر جائے ۔ آمین یہ رب العالمین اور رحمت العالمینؐ کے محبت کرنے والے پاکستانیوں پر کرم ہے یہ قوم محاذ کشمیر پر یک زبان ہو کر سیسہ پلائی دیوار کی آئینہ دار نظر آتی ہے تو پھر اسی جذبے کا ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں استفادہ بھی فرض ہے کہ قومی کشمیر کمیٹی قومی یکجہتی کی مثال بن کر اُبھرے جس کی قیادت نمائندگی بھی ایسے مدبر فہم و فراست دانشمندی کے شیشہ صفت اکابرین پر مشتمل ہو جو ناصرف تاریخ کشمیر مقدمہ کشمیر بین الاقوامی اُمور و قوانین پر دسترس رکھتے ہوں بلکہ اپنے قد کاٹھ کے حوالے سے عزت و احترام اور پہچان کے محتاج بھی نہ ہوں تاکہ ناصرف کشمیر بلکہ ملت و ملت پاکستان کے ہر اس معاملے اور تنازعے پر جہاں ایک زبان ہونا اور یکجہتی دکھانا لازمی ہو وہ اتفاق پیدا کرنے میں بھی یہ فورم وسیلہ خیر و برکت کا کردار ادا کر سکے اگر پی اے سی کی چیئرمین شپ پر وسعت اختیار کی جا سکتی ہے تو پھر قومی کشمیر کمیٹی پر پاکستان کیلئے پانچ فروری جتنا جذبہ ‘ ہمت ‘ حوصلہ ‘ اختیار کرنا بھی نیا پاکستان کی شان بن سکتا ہے ۔

Tahir Ahmed Farooqi
About the Author: Tahir Ahmed Farooqi Read More Articles by Tahir Ahmed Farooqi: 206 Articles with 132867 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.