اپنے خالق کوپہچان

خودکومخلوق سمجھتے ہیں اورخالق کونہیں پہچان سکے۔چلتی پھرتی تصویریں اپنے مصورکونہیں پہچان پائیں۔بندہ بشراپنے پالنے والے سے بے خبرہے۔خوش قسمتی سے اپنے رب کوتوایک مانتاہے لیکن بدقسمتی سے اس کی ایک نہیں مانتا۔رب کاذکر توبہت کرتاہے اس پریقین نہیں رکھتا۔اپنے جگری دوست کی بات کا تواعتبارکرتاہے اورخالق کوبھول جاتاہے۔ خالق نے کہا ہے کہ میں ہوں رزاق،بس سن لیتاہے مگررزاق تووہ دفترکومانتاہے،اپنی دکان کومانتاہے،اپنے ٹھیلے کو سمجھتاہے،اپنے کارخانے کوسمجھ بیٹھاہے۔سبب کے بغیربھی وہ مالک دے سکتاہے،یہ نہیں مانتا،تھوڑی سی تکلیف آجائے توآہ وزاری کرتاہے۔شکر کرناتو سیکھاہی نہیں مگرکوئی یاددہانی کرائے توبہت کم شکراداکرتاہے اورشکوہ شکایت بے پناہ۔ کسی حال میں بھی تو خوش نہیں ہے یہ۔سمجھتاہے کہ بہت داناہے بینا ہے لیکن کہاں ہے دانا،کہاں ہے بینا!تھڑدلاہے،بے ہمت اورجلداکتاجانے والا ……..بندے تووہ ہیں جوخالق پر ایسا یقین رکھیں جیسے کہ صبح سورج کے نکلنے کا،رات کوچاندتاروں کا۔ایسایقین رکھنے والاہی توبندہ کہلانے کامستحق ہے۔یہ بندہ کہلانا کوئی معمولی بات نہیں۔رب کوخوش رکھناہے توبندے بنو، رب نے جوکہہ دیااس پرایسایقین کرلوکہ پھرتمہیں کوئی خدشہ نہ ستائے۔رب نے کہہ دیاتوبس یہ ہو کررہے گا۔سورج توہوسکتاہے کل نہ طلوع ہو۔وہ بھی تومخلوق ہے ناں لیکن رب کی بات ہے اٹل،رب کاوعدہ ہے سچا۔بس وہی ہے خالق ومالک،کھلانے والاپالن ہار۔

انسان کوکیاہوگیا،بس اکیلے ہی ہرشے چٹ کرناچاہتاہے،کیاہوگیاہے اسے!کبھی مرغی کودیکھاہے تم نے،دانادنکاچگنے کے بعدپانی پیتے ہوئے۔ جو دیکھناچاہیے وہ تم دیکھتے نہیں ہو،جونہیں دیکھنا اسے آنکھیں پھاڑکردیکھتے ہو۔دیکھو کبھی مرغی کوپانی پیتے ہوئی،ہرقطرہ پرسراٹھاکرآسمان تکتی ہے، شکربجالاتی ہے…….. اپنے رب کاشکراورجب سیرہوجائے توپانی کے کٹورے کوپیر مارکرگرادیتی ہے،دوسرے وقت کیلئے نہیں رکھتی۔تم سے تویہ مرغی زیادہ شکرگزارہےتمہیں کیا ہوگیا ہے؟ کیوں نہیں سمجھتے،کب سمجھوگے۔یہ وقت توگزررہاہے،پہچانوخودکو،اپنے مالک کو…. ….رحم کرومخلوق پر۔حرصِ قبیح چھوڑدو،مل بانٹ کے کھاؤ۔ اکیلے توتم کچھ نہیں کھاسکو گے، سب فتنہ ہے۔مال بھی فتنہ،غربت بھی۔رب کوپہچانو،فلاح پاجاؤگے۔

لیکن بندہ توحرص قبیح میں مبتلاہے،ہاں رب کومطلوب توحرص ہی ہےلیکن ایسی حرص نہیں جو لوگوں کوآزارپہنچائے۔یہ حرص نہیں یہ توحرصِ غلیظہ ہے،کتے والی حرص ہے۔کبھی کتے کو دیکھو،اسے اگرکہیں سالم ثابت مردارگائے مل جائے تو بس وہ اسے اکیلاہی چٹ کرناچاہتاہے۔کبھی موقع ملے تو ذرااس منظر کودیکھو۔وہ دوسرے کتوں کوآگے بڑھنے ہی نہیں دیتا اورخودساری گائے کھابھی نہیں سکتا۔باقی سارے اسے تکتے رہتے ہیں لیکن جب کتے کاپیٹ بھرجائے تووہ بھی باقی گائے کو کہیں دوسرے وقت کے لیے چھپاکرنہیں رکھتا،دوسروں کیلئے چھوڑدیتاہے۔کتاحریص ہے لیکن انسان……..یہ تواب کتوں سے بھی بازی لے گیا،خودہی سب کچھ کھاناچاہتاہے۔سنبھال سنبھال کررکھتاہے باقی محروم رہتے ہیں۔ کوابھی بہت حریص ہوتا ہے بہت زیادہ لیکن کہیں ایک چھوٹاسا بھی ٹکڑامل جائے توکائیں کائیں کرکے آسمان سرپراٹھالیتاہے۔وہ منادی کرتارہتاہے دوسرے کووّں کوبلاتاہے کہ آیہ ٹکڑامل گیاہے،اسے بانٹ کرکھائیں اوروہ سب اسے مل بانٹ کرکھاتے ہیں۔

کس کی یہ آرزونہیں،تمنانہیں،تڑپ اورکسک نہیں کہ میں سفرحیات کی شاہراہ پرجوان دیکھے گڑھوں،انجانی کھائیوں،ان دیکھی بلاؤں،انجانی ابتلاؤں،ان دیکھے نشیب وفرازسے گھری ہوئی ہے ،آگے ہی آگے بڑھتے جاؤں……آگے ہی آگے شاداں و فرحان اپنی مخصوص منزل کی طرف مزیدبڑھتاجاؤں اوریہ سفرنہایت ہی قلیل عرصے اورانتہائی کم وقت میں طے کرپاؤں مگروائے ان دیکھی بلائیں اورانجانی ابتلائیں بیچ منجھدارمیں اس شاہراہِ حیات کے مسافر کواتنی بے دردی اوربے رحمی کے ساتھ دبوچ لیتی ہیں کہ اس کے حسین وجمیل خواب اورانتہائی نرم ونازک شیش محل چورچورہوجاتاہے اوربیچارہ مسافر پھٹی پھٹی آنکھوں سے کف افسوس ملتارہتا ہے ۔ بہت سے مسافردھڑام سے گرجاتے ہیں کہ ان کی ہمتیں ٹوٹ پھوٹ جاتی ہیں،ان کی قوتیں پاش پاش ہوجاتی ہیں،ان کی صلاحیت دم توڑدیتی ہیں اوروہ ہارے ہوئے،حالات کے پٹے ہوئے،قسمت کے مارے مسافر پھراٹھنے اوراٹھ کرذرااس شاہراہ، شاہراہِ حیات پربڑھنے کایارااپنے اندرنہیں پاتے اوربیٹھنے اورسسک سسک کرجان دینے ہی میں اپنی عافیت سمجھتے ہیں ۔

ایسے لاڈلوں پرشاہراہِ حیات ہنستی ہے،زورزورسے ہنستی ہے بلکہ قہقہہ لگاتی ہے اورچلاچلاکر اسے بزدلوں،کم ہمتوں، نامردوں جیسے ناموں سے مخاطب ہو کرکہتی ہے کہ ارے لاڈلو!تاریخ عالم کے اوراق الٹ لو،ان اوراق پرصرف اورصرف ان جواں مردوں،بہادروں،جیالوں،آہنی عزائم اور فولادی ارادوں کے مالک مسافروں ہی نے انمٹ نقوش ثبت کئے ہیں جنہوں نے گرنے ہی میں اٹھنے کارازپالیا،جنہوں نے ناکامیوں ہی میں کامیابیوں کی بشارتیں سن لیں،جنہوں نے اپنی بیچارگی اور بدقسمتی کے دامن ہی میں چارہ گری اورخوش بختی کے پھول پالئے،جنہوں نے ٹوٹے حوصلوں میں ہی فولادی عزائم کے گر سیکھے،جنہوں نے زمانے کے ظالم تھپیڑوں سے گرکرہی نئے عزم اورنئے ارادوں سے اٹھنے کافن سیکھ لیا!

ارے لاڈلوغورسے سنو!شاہراہِ حیات کانٹوں، ان دیکھے کانٹوں کی سیج ہے۔یہ پھولوں بھری راہ نہیں،ان کانٹوں سے الجھے بنا بھی یہ آپ سے الجھ جائیں گے۔ ذراکچھ دیررکئے نا،بڑے صبرکے ساتھ،بڑی احتیاط وحزم کے ساتھ،بڑی خندہ پیشانی کے ساتھ، الجھے ہوئے کانٹوں سے الجھئے مت بلکہ ان کو سلجھائیے ۔ سلجھنے اورسلجھانے کے اس ناپسندیدہ عمل میں آپ کوکچھ وقت لگ جائے گا،یہ مت سمجھئے، خدارایہ مت سمجھئے کہ آپ کایہ قیمتی وقت سلجھنے اور سلجھانے کے عمل میں ضائع ہوا۔ واللہ! یہی وقت قیمتی ہے جسے آپ ضائع شدہ وقت سمجھتے ہیں،یہی وقت شاہراہِ حیات پرآپ کے بقیہ سفرکے نوک پلک درست کرے گا،آپ کے بقیہ سفرکوآسان بنادے گااورآپ کے بقیہ سفرکیلئے راہ نمایانہ کرداراداکرے گا،شرط صرف ایک ہے کہ بصیرت کی آنکھوں سے کانٹوں کو دیکھئے اور بصیرت کی آنکھوں سے ہی ان کانٹوں کوسلجھائیے۔واللہ کامیابی قدم چومنے کیلئےآپ کی منتظرہے ۔

اگرہمیں شاہراہِ حیات پرکامیابی کے ساتھ آگے بڑھنااورمنزل مقصودسے بغلگیرہوناہے توقرآن وحدیث ہی ہمارے لئے سرچشمہ حیات ہے۔اسی قرآن وحدیث نے ہمیں درس دیاہے کہ جتناجتناخداسے ڈروگے اتناہی دنیا تم سے ڈرے گی۔جتنے خلوص کے ساتھ تم خداکے دین پرصبرو استقامت کاثبوت دوگے اتنے ہی التفات کے ساتھ خدا تمہیں عزت وکامیابی سے ہمکنارکرے گا۔تم خداکے حضور جھکوگے،خدادنیاکوتمہاری قدموں میں جھکادے گا۔جب ایک تنہا انسان محمدرسول اللہ ۖنے پوری دنیا کے بالمقابل توحید کی دعوت پیش کی تھی توظاہری اسباب کی بناپرآخرکون گمان کرسکتاتھاکہ یہ دعوت مخالفت کے بڑے بڑے پہاڑوں کوریزہ ریزہ کردے گی لیکن دنیانے دیکھاکہ خدا پربھروسہ کرنے والے صابر پیغمبر ۖ کی استقامت نے ہرطوفانِ مخالفت کامنہ موڑدیااوروہی فضاجوتہہ برتہہ ظلمتوں کامسکن تھی نوروتابش سے جگمگاتی چلی گئی۔
کیایہ ہماری بدعملی اوربے عملی کانتیجہ ہے کہ امت مسلمہ کی ناؤطوفانی حالات اوردہشتگردی کے خلاف جنگ کے گہرے سمندرکے بیچ ہچکولے کھا رہی ہے ؟ کتناہی اچھاہوتااگرہم میں ہرفرد کماحقہ باعمل بننے کی سعی مشکورکرتاتوامت کی ناؤطوفانی حالات کاسینہ چیرکرکامرانی اور کامیابی کے ساتھ منزل سے جا لگتی۔کامیابی اورنجات کیلئے گناہ کااقرارہی کافی نہیں بلکہ توبہ کی صورت میں اعمال نیک کاصدورہی نجات کاضامن ہوتاہے۔غذاکی کتنی ہی نئی قسمیں ایجاد کرلی جائیں لیکن انہیں تناول کرنےکیلئے نئے منہ اورنئے دانتوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔اسی طرح احوال وظروف کتنے ہی مختلف ہوں مگران سے عہدہ برآہونے کیلئےوہی پرانی صلاحتیں درکار ہوں گی جنہوں نے کفروشرک کی فولادی قوتوں سے اپنالوہا منوایا تھا۔وہ اسلام جوایک خداکاخوف دیکرہردوسرے خوف سے بے نیازکردیتاہے،اس ترغیب کی ضرورت ہے۔بس ایسی ہی باتیں کرتے تھے وہ۔آج یادآئے توآپ کوبتادیا۔
سناتوہوگاتونے ایک انسانوں کی بستی ہے
جہاں جیتی ہوئی ہرچیزجینے کوترستی ہے

 

Sami Ullah Malik
About the Author: Sami Ullah Malik Read More Articles by Sami Ullah Malik: 491 Articles with 315065 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.