امورِ صحت عامہ کے ماہرین سے ہم سنتے آئے ہیں کہ صبح کا
ناشتہ دن کی سب سے اہم خوراک ہوتی ہے اور یہ وزن کو کنٹرول کرنے میں بھی
مدد کرتا ہے ۔تاہم ایک تازہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ صبح کے ناشتے اور وزن
میں کمی ہونے کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔
ماضی میں اس بارے میں سامنے آنے والی تحقیق پر نظر ثانی کے بعد یہ رپورٹ
سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ افراد جو صبح کا ناشتہ ضرور کرتے
ہیں وہ دن میں تقریباً دوسوساٹھ کیلوری زیادہ کھاتے ہیں ۔
یعنی ان افراد سے تقریباً آدھا کلو گرام زیادہ خوراک جو ناشتہ نہیں کرتے
ہیں ۔تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ
صبح کے ناشتے سے جسم کو کیلشیم اور فائبر جیسی ضروری غذا ملتی ہے ۔اس کے
علاوہ اس سے توجہ میں بھی اضافہ ہوتا ہے ،خاص طور پر بچوں میں ۔
صبح اچھا ناشتہ کرنے سے آپ کو جو تقویت ملتی ہے اس کی وجہ سے آپ دن بھر غیر
ضروری چیزیں کھانے سے دوررہ سکتے ہیں ۔
تحقیق میں پایا گیا کہ صبح ناشتہ کرنے کی عادت اور صحت مند جسم میں براہ
راست تعلق ہے ۔آسٹریلیا میں ہونے والی تازہ تحقیق میں ناشتے کے بارے میں
ماضی میں کیے گئے تجربات پر غور کیا گیا۔ان میں وزن میں تبدیلی اور کھانے
پینے کی مقدار پر جب نظر ثانی کی گئی تو دونوں کے درمیان کسے ربط کے ناکافی
ثبوت ملے۔موناش یونیورسٹی کی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق صبح ناشتہ نہ کرنا اصل
میں دن بھر میں کھائی جانے والی کیلوری کی مقدار کم کرنے میں مددگار ثابت
ہو سکتا ہے ۔
انھیں تحقیق سے معلوم ہوا کہ صبح ناشتہ کرنے والے دن بھر زیادہ کھاتے ہیں
جبکہ ناشتہ نہ کرنے والوں کو دوپہر میں بھی زیادہ بھوک نہیں لگتی۔ان کا
خیال ہے کہ کسی کو وزن کم کرنے کے لیے ناشتے کا مشورہ دینے سے پہلے اس بات
کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ اس شخص پر اس کا الٹا اثر پڑ سکتا ہے۔
حالانکہ اس تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس بارے میں حتمی نتیجہ دینے سے
پہلے مزید تحقیق کی ضرورت ہے ۔
اس ریسرچ میں حصہ لینے والوں پر کچھ عرصے تک ہی غور کیا گیا ،یعنی دو سے
سولہ ہفتوں کے درمیان۔اس کے علاوہ ناشتہ کرنے والوں اور نہ کرنے والوں کے
درمیان کیلوریز کی مقدار میں فرق بھی بہت معمولی تھا۔محققین کا خیال ہے کہ
زیادہ لمبے عرصے تک ناشتہ نہ کرنے یا کرنے والوں کے جسم پر اس کا کیا اثر
پڑتا ہے ،اس کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے
|