قوم ہر سال بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کایوم
پیدائش وبرسی اورپاکستان کایوم آزادی بڑے جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے
مناتے ہیں۔میڈیا میں اس دن کے حوالے سے بہت سیر حاصل معلومات پڑھنے اور
سننے کو ملتی ہیں اور اسی حوالے سے اسلامیانِ برصغیر کے متفقہ،جرأت مند
اور بے داغ کردارکے مالک قائد اعظم نے قیامِ پاکستان کی صورت میں جو عظیم
اور تاریخی کارنامہ انجام دیااس پر خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات کا
اہتمام کیا جاتا ہے۔بی بی سی کے زیرِ اہتمام ایک عالمی سروے میں قائد اعظم
کو جنوبی ایشیا کا عظیم ترین رہنما تسلیم کیا گیا ہے۔ان کی عظمت کے کئی
پہلو ہیں جن کا اعتراف دنیا کے تمام انصاف پسند حلقوں نے کیا ہے حتیٰ کہ
منصف مزاج ہندو مصنفین اور دانشوروں نے بھی ان کی جرأت و استقامت ،بالغ
نظری ،دور اندیشی ، جمہوریت وقانون پسندی اور دیانت وامانت کو خراجِ تحسین
پیش کیا اور بعض ہندورہنماؤں نے یہ تک کہا کہ کانگرس میں ایک قائد اعظم
ہوتا تو برصغیر کی تقسیم نہ ہوتی۔
قائد اعظم نے علیحدہ وطن کا مطالبہ اس وقت کیا جب سفیر اتحاد کی حیثیت سے
برصغیر کی دونوں قوموں کو اکٹھا رکھنے اور ہندو اکثریت کو مسلم اقلیت کے
سیاسی و اقتصادی حقوق جمہوری اصولوں کے مطابق تسلیم کرنے کی کوششیں ناکام
ہو گئیں اور انتہا پسند ،تنگ نظراور مسلم دشمن کانگریسی قیادت نے ثابت
کردیا کہ وہ متحدہ ہندوستان میں ماضی کی حکمران مسلمان قوم کا وجود برداشت
کرنے اور آزادی کے بعد اسے عزت و احترام کے ساتھ اپنے ساتھ رکھنے پر آمادہ
نہیں۔قائداعظم نے ایک گولی چلائے بغیر اپنی باعزم قیادت اور اسلامیانِ
برصغیر کی جمہوری جدوجہد کے ذریعے آزاد خود مختار ریاست حاصل کی جس کے بارے
میں وہ باربار یقین دلا چکے تھے کہ نئی ریاست اسلام کا قلعہ ہوگی اور اس کے
سنہری اصولوں کا احیاء کرے گی، جمہوری پارلیمانی نظام کے تحت کام کرے گی
اور جدید تقاضوں کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست ہوگی۔
اقبال نے دوقومی نظریہ کے تحت ایک آزاد مسلم ریاست کو جو تصور پیش کیا اور
جسے قائد اعظم نے حاصل کرنے کیلئے مردانہ وار جدوجہد کی،اس کے بارے میں
بانی پاکستان نے باربار واضح کیا کہ وہ مسلمانوں کے معاش اور روزگار کا
مسئلہ حل کرے گی۔ایک موقع پر انہوں نے کھل کر یہ کہا کہ مجھے ایسے پاکستان
میں کوئی دلچسپی نہیں جو جاگیرداروںوڈیروںاور سرمایہ داروں کے حقوق کا
محافظ ہو۔قائد اعظم نے اپنی زندگی میں پاکستان کیلئے اسلامی جمہوری
پارلیمانی نظا م پسند کیا،آئین کے بارے میں واضح طور پر کہا کہ اسلام کے
جمہوری اصولوں کے مطابق مدوّن ہوگا۔ نئی ریاست میں اقلیتوں کو مکمل حقوق
حاصل ہوں گے جو اسلام نے انہیں عطا کئے ہیں اور فوج کا کردار منتخب جمہوری
حکومت کے ایک ماتحت ادارے کا ہوگا۔
یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ قائد کی زندگی ہی میں فوج کے انگریز کمانڈرانچیف
نے حکم عدولی کی اور قائد اعظم کے احکامات کے تحت پاکستان کی شہہ رگ کشمیر
میں فوجی دستے بھیجنے سے انکار کیا جب کہ بھارت کے فوجی کمانڈر انچیف نے
جواہرلال نہروکے احکام کی مکمل اطاعت کی اور سرینگر ائیر پورٹ پر قبضہ کرکے
مجاہدین کے بڑھتے ہوئے قدم روک دیئے۔
قا ئد اعظم کی وفات کے صرف دس سال بعد جنرل ایوب خان نے جمہوری نظام کی
بساط لپیٹ کر ملک میں فوج کی حکمرانی کا اصول متعارف کرایاجو بعدازاں کسی
نہ کسی شکل میں مروّج رہاجس کی وجہ سے یہ ملک اقبال اور قائد اعظم کی
تعلیمات کے مطابق نہ تو جدید جمہوری پارلیمانی ریاست بن سکااور نہ اسلامی
فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکی البتہ فوجی حکمرانی اور ہمارے سیاسی
لیڈروں کی غلط حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان کا اکثریتی حصہ جدا ہوگیااور
باقی ماندہ ملک میں لسانی،نسلی فرقہ واریت،صوبائی تعصبات اور اس خطے میں
امریکی مداخلت نے ملک کو ایسے خطرات سے دوچار کر رکھا ہے کہ ملک کی سلامتی
کی ہر وقت فکر رہتی ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کو تاریخ کے حوالے سے بتایا جائے کہ
کن مشکل حالات میں پاکستان کو حاصل کیا گیااس کا اندازہ ہمیں قائد اعظم کے
اس خط سے ہوتا ہے جو انہوں نے 25ستمبر 1944ء کو یعنی ملاقاتوں کے آخری دنوں
میں گاندھی جی کو لکھا۔قائداعظم لکھتے ہیں" کہ آپ پہلے ہی قرارداد لاہور کے
بنیادی اصولوں کو مسترد کر چکے ہیں،آپ یہ تسلیم نہیں کرتے کہ مسلمان ایک
قوم ہیں ،آپ یہ تسلیم نہیں کرتے کہ مسلمانوں کو حقِ خود اختیاری ہے اور وہی
اسے استعمال کر سکتے ہیں،آپ یہ نہیں مانتے کہ پاکستان دو خطوں اور چھ صوبوں
پر مشتمل ہے ......... آپ سے خط و کتابت اور بحث کے بعد میں یہ کہہ سکتا
ہوں کہ انڈیا کی پاکستان اورہندوستان میں تقسیم کی آوازصرف آپ کے لبوں پر
ہے ،یہ آپ کے دل کی آوازنہیں۔ ،، گاندھی کے اس رویے سے ناکامی اس بات چیت
کامقدربن گئی۔
29ستمبر1944ء کوویول نے اپنی ڈائری میں لکھاکہ،، مجھے (اس گفت و شنید
سے)بہتر نتیجے کی توقع تھی۔اس سے ایک لیڈرکے طور پر گاندھی کی شہرت کو شدید
دھچکا لگا ہے۔جناح کا کام بہت آسان تھاانہیں گاندھی سے صرف یہ کہتے رہنا
تھاکہ تم بکواس کر رہے ہو اور یہ بات ٹھیک بھی تھی لیکن انہوں نے یہ بات
گستاخانہ انداز میں کی.........میرے خیال میں اس سے اپنے پیروکاروں میں
جناح کی عزت تو شائد بڑھ گئی ہولیکن معقول آدمیوں کے درمیان ان کی شہرت میں
کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ ،،ویول اور دیگر انگریز حکمرانوں کی نظر میں معقول
آدمی وہ ہے جو ان ہی کے دماغ سے سوچے اوراس پر عمل کرے۔ان کی معقولیت کی
ڈکشنری میں آزادانہ فکروعمل کی کوئی گنجائش نہیں!
مذاکرات کی ناکامی کے بعد قائد اعظم نے4/اکتوبر1944ء کو ایک پریس کانفرنس
میں اپنے نقطہ نظرکی وضاحت کی۔ایک اخباری نمائندہ نے ان سے پوچھاکہ کیا
مستقبل قریب میں گاندھی جی سے آپ کی ملاقات کا کوئی امکان ہے؟قائد اعظم نے
مزاحاًکہا کہ مسٹر گاندھی جی کہتے ہیں کہ اس کا انحصار ان کے دل کی آواز
پرہے چونکہ میری وہاں تک رسائی نہیں، اس لئے میں کچھ کہہ نہیں سکتا۔حقیقت
یہ ہے کہ گاندھی جی کی نیت معاملات کو طے کرنے کی تھی ہی نہیں۔قائد اعظم سے
گفت و شنید کے دوران ہی انہوں نے راجگوپال اچاریہ سے کہا تھا کہ اس بات چیت
سے میرا اصل مقصد جناح کے منہ سے یہ کہلوانا ہے کہ پاکستان کا تصور ہی غلط
اور لغو ہے۔معلوم ہوتا ہے کہ گاندھی جی کو قائداعظم کی صلاحیتوں کا صحیح
اندازہ نہیں تھا اس لئے ان کی تمام تدابیر غیر مؤثر رہیں۔
1945ء میں قائد اعظم کو نظر آرہا تھا کہ اب برطانوی حکومت کو ہندوستان میں
الیکشن کرانے ہی پڑیں گے چنانچہ انہوں نے اپنی مہم کا آغاز کرتے ہوئے
16/اگست 1945ء کوبمبئی سے ایک بیان میں کہا کہ"مسٹر گاندھی جی جب مناسب
سمجھیں وہ کسی کے بھی نمائندے نہیں ہوتے ،وہ ذاتی حیثیت میں بات کرتے
ہیں،وہ کانگرس کے چارآنے کے بھی رکن نہیں،وہ اپنے آپ کو صفر کر لیتے ہیں
اور اپنی اندرونی آواز سے مشورہ کرتے ہیں تاہم جب ضرورت پڑے تو وہ کانگرس
کے سپریم آمر بن جاتے ہیں اور اپنے آپ کو سارے ہندوستان کا نمائندہ سمجھتے
ہیں۔ مسٹر گاندھی ایک معمہ ہیں...مسلمانوں اور مسلم لیگ کے خلاف کانگرس میں
اتنا زہر اور تلخی ہے کہ انہیں نیچا دکھانے کیلئے وہ ہر سطح سے نیچے گر
سکتی ہے اور تمام اصولوںکو ترک کر سکتی ہے"
10/ اکتوبر 1945ء کو کوئٹہ مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام ایک جلسہ عام میں انہوں
نے گاندھی جی کی سیاست کا نقشہ کھینچتے ہوئے کہاکہ،، لیڈری حاصل کرنا
،پولیس لاٹھی چارج کے موقع پر بکری کی طرح بیٹھ جاناپھر جیل چلے جاناپھر
وزن کم ہونے کی شکائت کرنااور پھر اس طرح رہائی حاصل کرلینا،میں اس قسم کی
جدوجہد پر یقین نہیں رکھتالیکن جب آزمائش کا وقت آئے تو سب سے پہلے میں
اپنے سینے پر گولی کھاؤں گا،،۔21نومبر1945ء کو پشاور میں تقریر کرتے ہوئے
کہاکہ کانگرس کو پاکستان کا مطالبہ تسلیم کرنا ہوگایا مسلمانوں کو کچلنا
ہوگالیکن اب کوئی طاقت دس کروڑ مسلمانوں کو کچل نہیں سکتی۔ 24نومبر کو
انہوں نے اسی شہر میں کہا کہ"جب تک میں زندہ ہوںمسلمانوں کے خون کا ایک
قطرہ بھی بے فائدہ نہیں بہنے دوں گا،میں مسلمانوں کو کبھی بھی ہندوؤں کا
غلام نہیں بننے دوں گا... ....انگریز اور ہندو دونوں مسلمانوں کے دوست نہیں
ہیں۔ ہمارے ذہنوں میں یہ بالکل واضح ہے کہ ہمیں ان دونوں سے لڑنا ہے....ہم
ان کی متحدہ طاقت سے لڑیں گے اور انشاء اللہ کامیاب ہوں گے ۔
3دسمبر1945ء کو گاندھی جی کی بنگال کے گورنر،،کیسی سے ملاقات ہوئی تو
گاندھی جی نے ان سے کہا کہ" جناح ایک جاہ پسند آدمی ہیں اور ان کی سوچ یہ
ہے کہ وہ ہندوستان،مشرقِ وسطیٰ اور دیگر ممالک کے مسلمانوں کے درمیان رابطہ
قائم کریں،میں نہیں سمجھتاکہ جناح اپنے ان خوابوں سے باہرآسکتے ہیں"۔ دراصل
گاندھی جی کو الیکشن کے نتائج اور اس کے متوقع اثرات کااندازہ ہورہا تھااس
لئے قیامِ پاکستان سے پہلے ہی انہیں اسلامی یکجہتی کی فکر پریشان کر رہی
تھی ،واضح رہے کہ یہ وہی گاندھی جی ہیں جومسلمانوں میں بھی اپنی لیڈرشپ
قائم کرنے کیلئے تحریکِ خلافت کی قیادت سنبھالے ہوئے تھے،اب وہ بنگال کے
پاکستان مخالف گورنر کے ذہن کومزید زہر آلودکرنے کیلئے اپنے ترکش کے سارے
تیر استعمال کررہے تھے"
23مارچ 1946ء کو کیبنٹ مشن ہندوستان آیا۔3/اپریل1946ء کو گاندھی جی کی مشن
سے گفتگو ہوئی،انہوں نے صرف ایک دھوتی باندھی ہوئی تھی اور بہت صحت مند
دکھائی دے رہے تھے۔گاندھی جی نے مشن سے کہا کہ" جناح کو ملک کی پہلی
(عبوری)حکومت بنانے دیں،وزاراء ملک کے منتخب نمائندوں میں سے ہوں،جناح جس
کو چاہیں لیں لیکن وزاراء کو اپنی اپنی اسمبلی سے اعتمادکا ووٹ لینا پڑے
گا۔اگر جناح حکومت بنانے سے انکار کر دیں تو پھر کانگرس کویہی پیشکش کی
جائے"۔آپ نے گاندھی جی کا انداز دیکھا کہ وزیراعظم جناح صرف ان لوگوں کو چن
سکیں گے جن پر ان کی اسمبلیاں اعتماد کا اظہار کریں۔اپنی آبادی کی وجہ سے
مسلم اقلیتی صوبوں کی اسمبلیوں میں ہندوؤں کی بڑی بھاری اکثریت تھی،ادھر
عوام میں انتہائی مقبولیت کے باوجودمسلم اکثریتی صوبوںکی اسمبلیوں میں
مسلمانوں کو آبادی کے لحاظ سے نشستیں نہ ملنے پر مسلم لیگ کو قطعی اکثریت
حاصل نہ تھی اس لئے مجبوراً اسے تقریباًسارے کے سارے کانگریسی ہندو یاغیر
لیگی مسلمان وزیررکھنے پڑتے۔ایسی پیشکش کو قائداعظم کیوں قبول کرتے اور اس
کے بعد حکومت خود بخود کانگرس کے پاس چلی جاتی۔یہ تھی گاندھی جی کی پیشکش
قائد اعظم کیلئے
بر وایں دام بر مرغ دگرنہ
کہ عنقارابلنداست آشیانہ
پیتھک لارنس نے گاندھی جی سے کہا کہ اس طرح تو جناح کے زیادہ تر وزاراء غیر
لیگی ہی ہونگے،گاندھی جی نے کہا کہ اس سے تو گریز نہیں،ایسی بات کو کون آگے
بڑھاتا۔
لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے متحدہ ہندوستان کے آخری وائسرائے کے طورپر 24مارچ کو
حلف اٹھایااورفوراًبعد سیاسی لیڈروں سے ملاقاتیں شروع کردیں ۔گاندھی جی نے
31مارچ سے 14/ اپریل 1947ء تک ہر روز لارڈماؤنٹ بیٹن سے ملاقات کی ۔یکم
اپریل کی ملاقات میں گاندھی جی نے تجویز کیاکہ مسٹر جناح کو متحدہ ہندوستان
کا وزیر اعظم بنا دیا جائے........اور جب تک وہ ہندوستانی عوام کے مفاد میں
کام کرتے رہیں گے،کانگرس ان کے سا تھ پورے خلوص کے ساتھ تعاو ن کرے
گی........اس بات کا فیصلہ کہ وہ عوام کے مفاد میں کام کر رہے ہیں یانہیں،
صرف اور صرف لارڈ ماؤنٹ بیٹن ہی کریں گے،اگر جناح یہ تجویز نہ مانیں تو پھر
کانگرس کو یہی پیشکش کی جائے۔ماؤنٹ بیٹن تسلیم کرتے ہیں کہ میں گاندھی کی
یہ تجویز سن کر ہکا بکا رہ گیا۔ انہوں نے گاندھی جی سے پوچھا کہ اس تجویز
کے بارے میں مسٹرجناح کاکیا تاثر ہوگا؟گاندھی جی نے جواب دیا اگر آپ انہیں
یہ کہیں گے کہ یہ تجویز گاندھی کی طرف سے آئی ہے تو جناح کہیں
گے"مکارگاندھی"۔ماؤنٹ بیٹن نے مزے لے لے کر پوچھا،،غالباً یہ بات درست
ہوگی۔"اس پر گاندھی جی نے بڑے جوش سے کہا " نہیں نہیں میں یہ تجویزپورے
خلوص سے پیش کررہا ہوں۔"
قائداعظم سے بات کرنے سے پہلے ماؤنٹ بیٹن نے اسی دن یہ بات نہرو کو بتائی
تو یہ سن کران کے مہاتما (گاندھی)ان کی جگہ قائدِ اعظم کو وزیر اعظم بنانے
کی پیشکش کررہے ہیں، نہرو کے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی۔نہرو نے ماؤنٹ بیٹن
سے کہا کہ گزشتہ برس گاندھی جی نے کیبنٹ مشن کے سامنے بھی ایسی ہی تجویز
پیش کی تھی لیکن یہ مسئلے کا ایک غیر حقیقی حل ہے ۔ گاندھی جی کو دہلی میں
چند دن اور رہنا چاہئے کیونکہ چار مہینے تک مرکز سے دور رہنے کی وجہ سے وہ
تیزی سے معاملات سے بے خبرہوتے جا رہے ہیں۔نہرو کی رائے سننے کے بعد ماؤنٹ
بیٹن نے قائد اعظم سے بات کرنا مناسب نہ سمجھااور اگر ماؤنٹ بیٹن قائد اعظم
سے یہ بات کر بھی لیتے کیا ہوتا؟وہ اپنی ذات کیلئے قوم کو داؤ پر لگانے
والے ہر گز نہیں تھے، اس قسم کی پیشکش کووہ بغیر کسی تامل کے ٹھکرا دیتے۔
ان چند واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاندھی جی کی نیت اور طریقِ کارکو
قائداعظم خوب سمجھتے تھے اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ان کا ہر لحاظ سے
مناسب جواب دیالیکن صدافسوس کہ ہمارے موجودہ حکمران قائدکی بصیرت سے کچھ
سیکھنے کی بجائے مودی جیسے انتہائی مکار،متعصب اورمسلم کش ہندوبنئے کی
چالوں کونہ سمجھ سکے۔فروری میں بھارتی جارحیت کے جواب میں ہندوپائلٹ
جوپاکستان پربمباری کرکے واپس راہِ فراراختیارکرتے ہوئے
گرفتارکرلیاگیاتھا،پاکستانی فورسزکی بہادری کے جواب میں قومی اسمبلی میں
اچانک اسے رہاکرنے کااعلان کردیاجس نے مودی کی انتخابی شکست کوفتح میں
تبدیل کردیاجبکہ مودی نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کوختم کرنے کی بنیادپر
اپنی انتخابی مہم چلائی اوروزیراعظم عمران خان مودی کی فتح کی نیک خواہشات
کاپیغام بھیجتے رہے ،یہاں تک کہ بھارتی الیکشن کے سرکاری اعلان سے قبل ہی
عمران خان نے مودی کوفتح کی مبارکبادبھی دے ڈالی اوراس پرمستزادامریکی دورے
کے دوران ٹرمپ کے ثالثی کے بیان کواپنی کامیابی کو"ورلڈکپ" کی فتح سے
تعبیرکرڈالا اوراب مقبوضہ کشمیرپرمودی کے حالیہ جارحیت پرقومی اسمبلی کے
مشترکہ سیشن پراپوزیشن لیڈرشہبازشریف کے مکمل تعاون کی پیشکش پرانتہائی
متکبرانہ اندازمیں "تعاون نہیں مجھے تجاویزدیں"جیساجواب دیکرتعاون
کاساراماحول خراب کردیااوربالآخر" کیا کروں ،کیامیں پھرحملہ کردوں،؟؟" جیسے
غیر معقول جوابات دیکرغم میں ڈوبی ہوئی قوم کوانتہائی مایوس کردیاہے۔
یقیناً ہماری سیاسی لیڈرشپ کاہمیشہ سے یہی المیہ رہاہے کہ "میت کوکفن
پہنانے کے بعدغسل اورنمازپڑھنے کے بعدانہیں وضویادآتاہے۔ اجتماعی استغفارکی
ضرورت ہے۔۔۔جلدی کریں!
بابااقبال کیاخوب فرماگئے ہیں!
کہتے ہیں کبھی گوشت نہ کھاتا تھا معری
پھل پھول پہ کرتا تھا ہمیشہ گزر اوقات
اک دوست نے بھونا ہوا تیتر اسے بھیجا
شاید کہ وہ شاطر اسی ترکیب سے ہومات
یہ خواں تروتازہ معری نے جو دیکھا
کہنے لگا وہ صاحبِ غفران و لزومات
اے مرغکِ بیچارا ! ذرا یہ تو بتا تو !
تیرا وہ گناہ کیا تھا ہے یہ جس کی مکافات
افسوس ! صد افسوس ! کہ شاہیں نہ بنا تو
دیکھے نہ تیری آنکھ نے فطرت کے اشارات
تقدیر کے قاضی کا یہ فتوی ہے ازل سے
ہے جرمِ ضعیفی کی سزا مرگِ مفاجات
آکسفورڈیونیورسٹی میں پاکستان کی 72ویں یوم آزادی پرخصوصی لیکچر
Blavatnik School of Government Radcliffe Observatory Quarter Oxford
بروزسوموار11ذوالحج1440ھ12/اگست2019ء
|