شیخ الہند مولانا محمودحسن عثمانی نوراللہ مرقدہ

حضرت شیخ الہند دارالعلوم دیوبند کے سب سے پہلے شاگرد ہیں۔ ان ہی کی نسبت کہا گیا ہے کہ جس نے سب سے پہلے استاد کے سامنے کتاب کھولی وہ محمود تھا۔ حضرت شیخ الہندؒ کی پیدائش ۱۵۸۱ئ، ۸۶۲۱ھ میں بریلی میں ہوئی جہاں ان کے والد مولانا ذوالفقار علی سرکاری محکمہ تعلیم سے وابستہ تھے،آپ کا سلسلہ نسب حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ سے جا ملتا ہے ۔ابتدائی تعلیم اپنے مشہور عالم چچا مولانا مہتاب علی مرحوم سے حاصل کی، قدروی اور شرح تہذیب پڑھ رہے تھے کہ دارالعلوم کا قیام عمل میں آیا، آپ اس میں داخل ہو گئے۔ ۶۸۲۱ھ میں نصاب دارالعلوم کی تکمیل کے بعد حضرت ناناتویؒ کی خدمت میں رہ کر علم حدیث کی تحصیل فرمائی، بعد ازاں فنون کی بعض اعلیٰ کتابیں والد ماجد سے پڑھیں۔ ۰۹۲۱ھ ۳۷۸۱ھ میں حضرت نانوتویؒ کے دست مبارک سے دستار فضیلت حاصل کی۔ زمانہ تعلیم ہی میں آپکا شمار حضرت نانوتویؒ کے ممتاز تلامذہ میں ہوتا تھا،اور حضرت نانوتویؒ خاص طور پر شفقت فرماتے تھے،چنانچہ ان کی اعلیٰ اور ذہنی صلاحیتوں کے پیش نظر دارالعلوم کی مدرسی کے لئے اکابر کی نظر انتخاب ان کے اوپر پڑی اور ۴۷۸۱ھ ۱۹۲۱ھ میں مدرس چہارم کے حیثیت سے آپ کا تقرر عمل میں آیا، جس سے بتدریج ترقی پا کر۸۰۳۱ھ ۰۹۸۱ءمیں صدارت کے منصب پر فائز ہوئے۔

ظاہری علم و فضل کی طرح باطن بھی آراستہ تھا،۴۹۲۱ھ۷۷۸۱ءمیں اپنے استاد حضرت نانوتویؒ کی معیت میں حج سے مشرف ہوئے ، مکہ مکرمہ میں حضرت حاجی امداد اﷲ قدس سرہ سے شرف بیعت حاصل کیا، اس سفر حج میں علماء کا ایک بڑا قافلہ بن گیا تھا جس میں حضرت نانوتویؒ کے علاوہ حضرت مولانا رشید احمد گنگوہیؒ،حضرت مولانا محمد یعقوب نانوتویؒ حضرت مولانا محمد مظہر نانوتویؒ، مولانا محمد منیر نانوتویؒ، حکیم ضیاءالدین رام پوریؒ، مولانا احمد حسن کان پوری جیسے علمائے مشاہیر شامل تھے۔ قافلے کے جملہ حضرات کی تعداد سو کے قریب تھی، حضرت شیخ الہندؒ کو حضرت حاجی امداد اﷲ مہاجر مکیؒ سے خلافت بھی حاصل تھی دارالعلوم میں صدارت تدریس کا مشاہرہ اس وقت ۵۷ روپے تھا مگر آپ نے ۰۵ روپے سے زیادہ کبھی قبول نہیں فرمائے،بقیہ ۵۲ روپے دارالعلوم کے چندے میں شامل فرما دیتے تھے،آپ کی زبردست علمی شخصیت کے باعث طلباءکی تعداد ۰۰۲ سے بڑھ کر ۰۰۶ تک پہنچ گئی تھی آپ کے زمانے میں ۰۶۸ طلباء نے حدیث نبوی سے فراغت حاصل کی، حضرت شیخ الہندؒ کے فیض تعلیم نے حضرت مولانا سید محمد انور شاہ کشمیریؒ، حضرت مولانا عبیداﷲ سندھیؒ، حضرت مولانا منصور انصاریؒ، حضرت مولانا حسین احمدمدنیؒ، حضرت مولانا مفتی کفایت اﷲ دہلویؒ، حضرت مولانا شبیر احمد عثمانیؒ، حضرت مولانا سید اصغر حسین دیوبندیؒ، مولانا سید فخر الدین احمدؒ، حضرت مولانا محمد اعزاز علی امروہیؒ، حضرت مولانا محمد ابراہیم بلیاویؒ، حضرت مولانا سید مناظر احسن گیلانیؒ جیسے مشاہیر اور نامور علماء کی جماعت تیار کی۔

حضرت شیخ الہندؒ کے حلقہ درس کی خصوصیات کی نسبت مولانا میاں اصغر حسینؒ نے لکھا ہے: ”حلقہ درس کو دیکھ کر سلف صالحین و اکابر محدثین کے حلقہ حدیث کا نقشہ نظروں میں پھر جاتا تھا، قرآن و حدیث حضرت کی زبان پڑھتا اور ائمہ اربعہ کے مذاہب ازبر صحابہ و تابعین، فقہاءو مجتہدین کے اقوال محفوظ، تقریر میں نہ گردن کی رگیں پھولتی تھیں اور نہ منہ میں کف آتا تھا، نہ مغلق الفاظ سے تقریر کو جامع الغموض اور بھدی بناتے تھے،نہایت سبک اور سہل الفاظ بامحاورہ اردو میں اس روانی اور جوش سے تقریر فرماتے کہ معلوم ہوتا کہ دریا امڈ رہا ہے، یہ کچھ مبالغہ نہیں ہے، ہزاروں دیکھنے والے موجود ہیں کہ وہی منحنی اور منکسر المزاج ایک مشتِ استخوان، ضعیف الجثہ، مردِ خدا جو نماز کی صفوں میں ایک معمولی مسکین طالب علم معلوم ہوتا تھا مسند درس پر تقریر کے وقت یوں معلوم ہوتا تھا کہ ایک شیر خدا ہے، جو قوت و شوکت کے ساتھ حق کا اعلان کر رہا ہے۔ آواز میں کرختگی آمیز بلندی نہ تھی، لیکن مدرسہ کے دروازے تک بے تکلف قابل فہم آواز آتی تھی لہجے میں تضع اور بناوٹ کا نام نہ تھا، لیکن خدا تعالیٰ نے تقریر میں اثر دیا تھا۔ بات دل نشین ہو جاتی تھی۔ اور سننے والا بھی یہ سمجھ کر اٹھتا تھا کہ جو فرما رہے ہیں حق ہے۔

بہت سے ذی استعداد اور ذہین وفطین طالب علم جو مختلف اساتذہ کی خدمتوں میں استفادہ کرنے کے بعد حضرت کی خدمت میں حاضر ہوتے اپنے شکوک و شبہات کے کافی جواب پانے کے بعد حضرت کی زبان سے آیات قرآنیہ اور احادیث نبویہﷺ کے معانیٰ اور مضامین عالیہ سن کر سرنیاز خم کر کے معترف ہوتے کہ یہ علم کسی کو نہیں ہے اور ایسا محقق عالم دنیا میں نہیں ہے۔

مسائل مختلف فیہا میں ائمہ ثلاثہ رحمہم اﷲ بلکہ دیگر مجتہدین کے مذاہب بھی بیان فرماتے اور مختصر طور سے دلائل بھی نقل کرتے لیکن جب امام ابو حنیفہؒ کا نمبر آتا تو مولانا کے قلب میں انشراح، چہرے پر بشاشت، تقریر میں روانی، لہجے میں جوش پیدا ہوجاتا تھا دلیل پر دلیل، شاہد پر شاہد، قرینے پر قرینہ بیان کرتے چلے جاتے تقریر رکتی ہی نہ تھی اور اس خوبی سے مذہب امام اعظمؒ کو ترجیح دیتے تھے کہ سلیم الطبع اور منصف المزاج لوٹ جاتے تھے دور کی مختلف المضامین احادیث جن کی طرف کبھی خیال بھی نہ جاتا تھا پیش کر کے اس طرح مدعا ثابت فرماتے کہ بات دل میں اترتی چلی جاتی اور سامعین کا دل گواہی دیتا اور آنکھوں سے نظر آجاتا تھا کہ یہ ہی جانب حق ہے۔

باین ہمہ ائمہ اسلام کا ادب و احترام اور ان کے کمالات کا اعتراف حضرت کی تعلیم کا ایک جز لاینفک ہو گیا تھا خود بھی ایسی ہی تقریر فرماتے اور صراحت سے ذہن نشین کراتے کہ مذاہب مجتہدین حق ہیں اور وہ سب مستدل بالکتاب والسنہ، ان کی تنقیص، موجب بدبختی اور سوءادب باعثِ خسران ہے۔

محدثین میں امام بخاریؒ اور ائمہ مجتہدین میں امام اعظمؒ کے ساتھ خاص تعلق تھا۔

مولانا عبیداﷲ سندھیؒ لکھتے ہیں:” میں نے حضرت شیخ الہندؒ سے حضرت مولانا محمد قاسمؒ کی حجة الاسلام پڑھی، کتاب پڑھتے ہوئے کبھی کبھی یوں محسوس کرتا کہ جیسے علم اور ایمان میرے دل میں اوپر سے نازل ہو رہا ہے۔“

ہندوستان کی آزادی کے لیے تحریک ریشمی رومال کا آغاز کیا مگر مخبریوں کی وجہ سے وہ منصوبہ کامیاب نہ ہوسکا اور اسی پاداش میں جزیرہ مالٹا میں قید کردیئے گئے وہیں آپ نے قرآن کریم کا ترجمہ کیا جو آج تک مقبول ترین تراجم میں شمار ہے مالٹا میں سوا تین سال قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد آپ کو رہا کر دیا گیا اور ۰۲رمضان المبارک ۸۳۳۱ھ مطابق ۰۲۹۱ءساحل بمبئی پر قدم رنجہ فرمایا جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا دیوبند پہنچ کر سب سے پہلے دارالعلوم میں تشریف لائے بعدازاں اپنے مکان تشریف لے گئے۔

ہندوستان تشریف لانے کے بعد حضرت شیخ الہندؒ تحریک خلافت میں شریک ہو گئے آپ نے برطانوی حکومت کے خلاف ترکِ موالات کا فتویٰ دیا جس سے ملک میں زبردست ہیجان پیدا ہو گیا، حتیٰ کہ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ تک کو لوگ بند کرنے پر آمادہ ہو گئے، اس زمانے میں شیخ الہندؒ سخت علیل تھے، لیکن اسی حالت میں آپ علی گڑھ تشریف لے گئے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ (جو بعد کو دہلی منتقل ہو گئی) کا افتتاح ۹۲ اکتوبر ۰۲۹۱ئ(۶۱صفر ۹۳۳۱ھ) کو علی گڑھ کی جامع مسجد میں کیا، اس موقع پر آپ نے جو اہم سیاسی خطبہ دیا تھا وہ ہندوستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد گار رہے گا۔

حضرت شیخ الہندؒکا ایک نمایاں کارنامہ یہ ہے کہ ان کی مساعی سے علی گڑھ اور دیوبند ایک پلیٹ فارم پر نظر آنے لگے، اور علی گڑھ اور دیوبند کے مابین جو بعد تھا وہ بڑی حد تک کم ہوگیا، غرض کہ آپ علم وفضل اور زہد و تقویٰ کے علاوہ سیاست و تدبر میں بھی کامل دستگاہ رکھتے تھے، اگرچہ مالٹا سے واپسی کے بعد صحت بگڑ چکی تھی اور قویٰ پیرانی سالی کے باعث نہایت ضعیف ہو گئے تھے مگر بایں ہمہ آپ نے نہایت شدو مد کے ساتھ سیاسی کاموں میں حصہ لیا، طبیعت اس بار گراں کی متحمل نہ ہو سکی،اسی دوران میں علی گڑھ کا سفر پیش آیا واپسی کے بعد جب حالت زیادہ تشویشناک ہو گئی تو بغرض علاج ڈاکٹر مختار احمد انصاری کے یہاں دہلی لیجایا گیا،حکیم اجمل خان بھی شریک علاج تھے، مگر وقت موعود آچکا تھا ۸۱ ربیع الاول ۹۳۳۱ھ( ۰۳ نومبر ۰۲۹۱ھ) کی صبح کو عازم ملکِ بقا ہوگئے۔

جنازہ دیو بند لایا گیا اور اگلے روز حضرت نانوتویؒ قدس سرہ کی قبر مبارک کے قریب یہ گجنینہ فضل و کمالات دنیا کی نظروں سے پوشیدہ ہو گیا۔

شاگردوں میں بے شمار علماء و فضلاء کے علاوہ قرآن مجید کا اردو ترجمہ ،ادلہ کاملہ، ایضاح الادلہ، احسن القریٰ، جہد المقل، الابواب والتراجم ،عظمت وحی اور حدیث ”لاایمان لمن لاامانة لہ “کی شرح اور مختلف فتاویٰ اور سیاسی خطبات تصنیفی یادگار ہیں۔
mudasser jamal
About the Author: mudasser jamal Read More Articles by mudasser jamal: 202 Articles with 372721 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.