آزادی مارچ، کشمیر اور 27اکتوبر

جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اعلان کے مطابق وہ 27اکتوبر کو آزادی مارچ کا آغاز کریں گے ، یہ مارچ 31اکتوبر کو اسلام آباد سے ٹکرائے گا۔ مولانا کے مطابق اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا مقصد عمران خان حکومت کو گھر بھیجنا ہے۔ انھوں نے اس مارچ کو 27اکتوبر کے دن شروع کرنے کا مقصد جو بیان کیا ، اس میں کشمیر کا بھی ذکر ملتا ہے۔ ریکارڈ کی درستی کے لئے یہاں 27اکتوبر کا کشمیر کی تاریخ میں اہم کردار ہے۔ آج سے سات دہائیاں قبل اسی دن بھارت نے کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کر کے ریاست کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا۔ مقبوضہ جمو ں و کشمیر پر بھارت کے جبری قبضہ اور جارحیت کے 72سال مکمل ہونے پر بھارت نے مقبوضہ ریاست کے حصے بخرے کر دیئے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کرانے کے بجائے ریاست کو ڈی گریڈ کر دیا۔ ریاست کے ٹکڑے کرنے کے بعد انہیں اپنی غلام کالونیاں بناتے ہوئے اپنے مرکزی علاقوں کا درجہ دے دیا۔ 5اگست 2019کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ اس دن بھارت نے مقبوضہ ریاست پر از سرنو حملہ کیا،لشکر کشی کی اور مزید فوج داخل کرتے ہوئے کشمیری عوام کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے کھلی جنگ شروع کر دی۔ایک کروڑ سے زیادہ کشمیریوں کو گھروں میں قید کر کے ان کا محاصرہ کر دیا۔کرفیو اور پابندیاں سخت کیں اور کشمیر کو دنیا کے لئے انفارمیشن بلیک ہول بنا دیا۔

دنیا میں کہیں اگرغیر مسلم آبادی کے خلاف ایک دن بھی کرفیو اور پابندیاں لگیں تو چیخ و پکار شروع ہو جاتی ہے۔دنیا کے مختلف ادارے حرکت میں آ جاتے ہیں۔ جارحیت والے ملک پر معاشی پابندیاں لگا دی جاتی ہیں۔ مگر کشمیر میں مسلم آبادی کے خلاف مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے72دن گزرنے کے باوجوددنیا بھارت پر سنجیدگی سے دباؤ نہ ڈال سکی۔ یا دنیا نے منافقت سے کام لیتے ہوئے بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی جاری رکھنے کی چھوٹ دے دی۔بھارت کی کشمیریوں کے خلاف پہلی جنگ 27اکتوبر1947کو سرینگر ہوائی اڈے پر پہلے بھارتی فوجی دستے کے اترنے کے ساتھ شروع ہوئی تھی۔ جب کہ جموں و کشمیر کے عوام بیرونی جارحیت کے خلاف گزشتہ72سال یا 100 سال سے نہیں بلکہ4 صدیوں سے بھی زیادہ عرصہ سے برسرپیکار ہیں۔ 1947ء سے بھارت نے اپنی درندہ صفت افواج کے سہارے کشمیر کو اپنی کالونی میں بدل ڈالا ہے۔ آج کشمیری اپنے ہی گھر میں قید ہیں۔ قابض بھارتی فورسز جس بے دردی سے کشمیریوں کی نسل کُشی کر رہے ہیں، اس نے گزشتہ قابضین کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔انڈیا اپنے قبضے کے حق میں جو دلائل دے رہا ہے وہ سراسر گمراہ کُن ہیں۔وہ کشمیر پر اپنے فوجی قبضے کو چار بنیادوں پر جائز قرار دیتا ہے:
(۱) مہاراجہ کشمیر کی جانب سے 26؍اکتوبر1947ء کو دستاویزِ الحاق ہند، (۲) 27؍اکتوبر1947ء کو گورنر جنرل انڈیا لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی جانب سے دستاویزِ الحاق کو تسلیم کرنا، (۳)26؍اکتوبر1947ء کو مہاراجہ کشمیر کی جانب سے لارڈ ماؤنٹ بیٹن کو خط جس میں بھارت سے الحاق کے بدلے بھارتی فوجی امداد کا مطالبہ اور شیخ محمد عبداﷲ ریاست کی عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کرنا ،(۴) 27؍اکتوبر1947ء کو لارڈ ماؤنٹ بیٹن کا مہاراجہ کشمیر کو خط کہ جس میں مندرجہ بالا امداد کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا ریاست میں معاملات کے تصفیہ اور امن و قانون کی بحالی کے بعد ریاست کے الحاق کا سوال عوام کی ریفرنس سے حل کیا جائے گا۔ یعنی بھارت کے کشمیر پر قبضہ کا سارا دارومدا ر مہاراجہ کشمیر کی الحاق ہند کی دستاویز پر ہے جس کے بارے میں بالکل عیاں ہوچکا ہے کہ وہ دستاویز یعنی دستاویز ِ الحاق جعلی ہے۔ ماؤنٹ بیٹن کا خط جس پر مہاراجہ نے26؍اکتوبر1947ء کو دستخط کئے تھے۔ وہ بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔ مہاراجہ 26؍اکتوبر کو سرینگر سے جموں کی 300 کلومیٹر سے زیادہ لمبی سڑک کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔ اتنی طویل شاہراہ پر سفر کے دوران بھارت سے دستاویز الحاقکا تبادلہ کیسے ہو سکتا تھا۔ جبکہ مہاراجہ کے وزیر اعظم مُہرچند مہاجن اور کشمیر معاملات سے متعلق بھارتی سینئر افسر وی پی مینن دہلی میں تھے۔ دہلی اور عازمِ سفر مہاراجہ کے درمیان کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ نہیں تھا۔ مہرچند مہاجن اور وی پی مینن27؍ اکتوبر1947ء کی صبح10 بجے دہلی سے جموں بذریعہ ہوائی جہاز روانہ ہوئے اور مہاراجہ کو اسی دوپہر اُن دونوں کی زبانی اپنے وزیر اعظم کے بھارت سے مذاکرات کے نتیجہ کا پتہ چلا۔27؍اکتوبر1947ء کو کشمیر پر بھارتی قبضے سے متعلق غیر جانبدار قلمکاروں نے حقائق سے پردہ اٹھایا ہے۔ سٹینلے وائپر اور السٹر لیمب نے تو اس پر کھل کر بات کی ہے جبکہ سابق امریکی عہدیدار رابن رائفل نے28؍اکتوبر1993ء کو واضح کر دیا کہ امریکا مہاراجہ کی دستاویز الحاق کو تسلیم نہیں کرتا اور تمام کشمیر متنازعہ ہے۔ اس کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام نے کرنا ہے۔ الحاق کی دستاویز پاکستان یا اقوام متحدہ میں پیش نہیں کی گئی۔بعد ازا ں بھارت نے کہا کہ وہ گم ہوگئی ہے۔ جنیوا کی انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس نے ایک قرار داد کے ذریعے کہا کہ کشمیر کے بھارت کے ساتھ الحاق کی دستاویز بوگس اور جعلی ہے۔ جب گورنر جنرل پاکستان محمد علی جناح نے27؍اکتوبر1947ء کو پاکستانی فوج کو کشمیر میں داخل ہونے کا حکم دیا تو انگریز کمانڈ انچیف لیفٹننٹ جنرل سر ڈگلس گریسی نے اُس حکم کو ماننے سے انکار کردیا۔بھارت نے کشمیر پر جعلی دستاویز کا بہانہ بناکر فوجی قبضہ کرلیا۔موجودہ کشمیری تحریک مزاحمت1988 سے جاری ہے۔ کشمیری گزشتہ30سال سے کرفیو، پابندیوں، مظاہروں، مار دھاڑ، قتل عام، نسل کشی، پیلٹ گن اور زہریلی گیسوں کو برداشت کر رہے ہیں۔گزشتہ دو ماہ سے سخت کرفیو اور پابندیوں کے شکار ہیں۔ ہزاروں نوجوانوں کو رات کے چھاپوں کے دوران گھروں سے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا گیا ہے۔ سلامتی کونسل کا کشمیر پر مشاورتی اجلاس بھی ہوا۔ پاکستان دنیا میں کشمیریوں کی آواز بلند کر رہا ہے۔مگر بھارت ٹس سے مس نہیں ہوتا۔ وہ معصوم کشمیریوں کا مسلسل قتل عام کر رہا ہے۔

27اکتوبر کو بھارتی جبری قبضے خلاف یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کشمیری بھی لبریشن فرنٹ کے بینر تلے فریڈم مارچ کر رہے ہیں۔مولانا کے مارچ کی منزل اسلام آباد اور کشمیریوں کی منزل سرینگر ہے۔ مولانا عمران خان حکومت اور کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ اس لئے دونوں مارچ کے مقاصد جدا ہیں۔ ایک مارچ اقتدار اور اختیار کے لئے ہو سکتا ہے اور دوسرا ایک قوم کی آزادی کے لئے ہے۔مولانا صاحب کا مارچ کشمیری کی آزادی کے لئے نہیں ۔ اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز کشمیر بن رہا ہے۔ خیال رہے مولانا صاحب کا مارچ دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹانے کا باعث نہ بن جائے۔
 

Ghulamullah Kyani
About the Author: Ghulamullah Kyani Read More Articles by Ghulamullah Kyani: 710 Articles with 555780 views Simple and Clear, Friendly, Love humanity....Helpful...Trying to become a responsible citizen..... View More