وجود لاریب

خدا کے وجود اور عدم وجود پہ مباحث

سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں جہاں سائنسدانوں کے خیالات اور نظریات کو بہت اہمیت حاصل ہے ، سائنس کی بہت سی دریافتوں، نظریات اور مشاہدوں کو مذہب یا وحی کے رد کے لیےَ اور خدا کے عدم وجود کے نظریے پہ بطور دلیل استعمال کیا جا رہا ہے- کچھ خدا کے انکاری لکھنے والے اس حد تک جا چکے ہیں کہ انہوں نے اپنی تحریروں میں وہ طریق کار تجویز کیے ہیں جو روز مرہ کی گفتگو اور محاوروں سے خدا کے نام کو نکالنے کے لیےَ استعمال کیےَ جا سکتے ہیں- یعنی وہ فقرے جو زبان سے بے ساختہ نکل جاتے ہیں اور ان میں خدا کا نام ہوتا ہے، جیسے ""اگر خدا نے چاہا تو"" یا "" خدا آپ پہ رحم کرے"" وغیرہ- ان بے ساختہ فقروں کو بھی وہ روز مرہ کی گفتگو سے نکال دینا چاہتے ہیں تاکہ خدا کا تصور ہی ختم ہو جائےَ ، نعوذ با اللہ- اس قسم کا ایک مضمون چند سال پہلے روزنامہ"" ٹورنٹو اسٹار'' میں بھی شائع ہؤا تھا اور راقم الحروف کی نظروں سے گزرا تھا- گزشتہ دو دہائیوں سے ایسی کئی کتابیں منظر عام پہ آ چکی ہیں جن میں خدا کے تصور کو ایک قدیم اور متروک سوچ قرار دیا گیا ہے- اسے انسانی ذہن کی اختراع بتایا ہے اور خدا کے تصور کو سماج میں تاریخی تبدیلیوں کا نتیجہ گردانا گیا ہے- مثال کے طور پہ
"ایوولیوشن آف گاڈ" (خدا کا ارتقاء ) نامی کتاب مطبوعہ ۲۰۰۹ بھی اسی سلسلے کی ایک کتاب ہے-

جن سائنسی تحقیقات ،مشاہدات اور دریافتوں کو بنیاد بنا کر یہ نتیجہ نکالا جاتا ہے کہ یہ کائنات بے خدا ہے وہ خود کتنی قابل اعتبار ہیں اس سلسلے میں آیئے اس پر کچھ حقائق کا جائزہ لیتے ہیں-

سائنس نے اب تک کی تحقیقات سے جو کچھ بھی جانا ہے وہ یہ جانا ہے کہ ہم کچھ نہیں جانتے- جب سائنس خود اپنی کم مائیگی کا اعلان کر رہی ہے تو اس کی بنیاد پہ دلائل کی عمارت کھڑی کر کے بہت بڑے نتیجے اخذ کرنا ،جیسے خدا کے وجود کا سوال وغیرہ ، کس حد تک منطقی اور عقلی ہو سکتا ہے ، اس پر غور و تدبر کی ضرورت ہے-

ہم اس سلسلے میں اس مضمون میں تین سائنسی مشاہدات پہ غور کر یں گے:
۱- جینوم (زندگی کا کوڈ)
۲- سیاہ مادہ (ڈارک مے ٹر)
۳- انسانی دماغ

مگر اس سے پہلے کہ ہم آگے چلیں یاد دہانی اور یکسوئی کے لیے اس مقصد کو ذہن میں دوبارہ تازہ کر لیتے ہیں کہ جس کے لیے ہم نے یہ سلسلہ شروع کیا ہے:-

"کائنات کا وجود ایک خاموش اعلان ہے- اس پر غوروفکر "عقلمند لوگوں" میں ،انسان کی فطرت میں مضمر، معرفت رب کو شعوری سطح پر لاتا ہے- معرفت رب کے بغیر انسان اور کائنات کے بارے میں سوالات انسان کو بے چین کیَے رہتے ہیں- اس غورو فکر کے ذریعے معرفت رب حاصل ہونے سے کائنات کی گتّھی کا سرا اولولالباب(عقل سلیم والوں) کے ہاتھ آجاتا ہے-

سورۂ آل عمران190-191 میں اللہ تبارک تعالیٰ نے فرمایا:
انّ فی خلق السّموات والارض واختلاف الیل و النھار لایات لاولی الباب ہ
بے شک آسمانوں ورزمین کی تخلیق میں اور شب و روز کے بدلنے میں عقل مندوں کے لیے نشانیاں ہیں-
الذین یذکرون اللہ قیاما"وقعودا" وّ علی' جنوبھم و یتفکّرون فی خلق السّموات والارض ج ربّنا ما خلقت ھذا باطلا ج سبحنک فقنا عذابا النّار ہ
جو کھڑے اور بیٹھے اور لیٹے اللہ کو یاد کرتے ہیں اور آسمان اور زمین کی تخلیق پر غور کرتے رہتے ہیں- (اور وہ کہہ اٹھتے ہیں کہ) اے ہمارے رب تو نے یہ سب بے مقصد نہیں بنایا- تو پاک ہے پس بچا لے ہمیں آگ کے عذاب سے-

ان دو آیات میں سے دوسری آیت میں دوافعال " ذکر" اور " فکر" کا بیان ہے جو عقلمند لوگ ہر وقت کرتے رہتے ہیں، یعنی یذکرون اور یتفکّرون - ہر وقت اس لیے کہ زندہ انسانی جسم کی جن حالتوں کا ذکر کیا گیا ہے ان کے علاوہ کسی اور حالت میں نہ کسی انسان کو دیکھا گیا ہے نہ ہی اسکے بارے کسی کو کوئی علم ہے، یعنی کھڑے،بیٹھے اور لیٹے، لہٰذا ہر وقت -

ذکر اور فکر کی تعریف علماء نے اس طرح کی ہے:
ذکر: استحضار اللہ فی القلب یعنی دل میں اللہ کو حاضر رکھنا
فکر: استحضار المعرفتین لحصول المعرفتھ الاخری' یعنی دو چیزوں کو سامنے رکھ کر تیسری چیز کو پہچاننا
انسانی عقل ، فکر کی اس تعریف کے عین مطابق کام کرتی ہے- ہر زمانے میں سائینس کے علماء اسی طرز فکر پہ کام کرتے رہے ہیں- یہی سائنس کے منہاج کی اساس ہے- یہی طرز فکر فطری اور قرآنی ہے-
معرفت رب انسانی فطرت میں مضمرہے-اللہ کے وجود کو ثابت کرنے کے لیے کسی منطقی دلیل کی ضرورت نہیں- مگر بھول،غفلت یا ماحول کے اثرات سے فطرت پر پردے پڑ جاتے ہیں- آیات آفاقی پر غور و فکر ان پردوں کو اٹھاتا ہے اور خوابیدہ حقائق کو بیدارکرتا ہے- اس عمل کو تذکیر یعنی یاددھانی کہتے ہیں-

ذکرو فکر کے نتیجے میں کائنات کی ہر شے بامقصد نظر آتی ہے- لیکن خارج میں نیکی مغلوب اور بدی غالب دکھائی دیتی ہے-جبکہ کائنات کی مقصدیت کا تقاضا ہے کہ مکافات عمل ہو اور نیکی کا بدلہ اور بدی کی سزا ملے ۔ آیت کا آخری حصّہ سبحنک فقنا عذابا النّار بہت معنی خیز ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ عقلمند لوگ کائنات پر غور کے نتیجے میں یہ جان لیتےہیں کہ بدی کی سزا ملے گی اس لیے عذاب سے بچنے کی فورا" دعا کرتے ہیں-

انسانی زندگی کے گوناگوں مسائل کے حل تک ذکراور فکر کے بغیر نہیں پہنچا جا سکتا-

آئیے اب اصل موضوع کی طرف واپس آتے ہیں- پہلے ایک مثال سے یہ دیکھتے ہیں کہ آج کے سائنس داں کائنات اور انسان کے بارے میں کس طرح سوچتے ہیں-

سائنسدانوں کا طرز فکر
موجودہ دور کے سائنسداں کائینات اور انسان کے بارے میں کس طرح سوچتے ہیں؟ اس کا اندازہ مندرجہ ذیل اقتباس سے لگایا جا سکتا ہے:

آج کے دور کے چوٹی کے سائنسداں سٹیفن ہاکنگ ، جو اس وقت "" نیوٹن کی کرسی"" پر براجمان ہیں ، اپنی مشہور کتاب "" اے بریف ہسٹری آف ٹائم"" صفحہ ۱۷۴ پہ رقمطراز ہیں: "ساینس کائنات کے ایک ایسے مسلمہ نظریہ (تھیوری) کی تلاش میں ہے جو ایسی پیچیدہ ساختوں کے وجود کی اجازت دے جیسے کہ نسل انسانی ، جو کہ پیدا ہونے کے بعد کائنات پہ تحقیق کر سکے اور پھر خدا کے بارے میں سوال کر ے کہ وہ کون ہے –

سائنس کی عمومی کوشش ایک ریاضیاتی نمونہ(میتھ میٹکل ماڈل) بنانے کی ہوتی ہے-

وہ ان باتوں کا جواب نہیں دے سکتی کہ وہ کائینات ہی کیوں ہونی چاہیے جس کا ماڈل بنانے کی ضرورت پیش آئےَ ؟یعنی کائینات وجود میں آنے کے جھمیلے میں ہی کیوں پڑی؟

کیا تھیوری اتنی طاقتور ہے کہ وہ خود اپنے کو وجود میں آنے پہ مجبور کر دے؟ یا اسے خالق کی ضرورت ہے؟

اور اس خالق کو کس نے بنایا؟

آگے چل کر لکھتے ہیں:- اب تک ساَئنسدانوں کی اکثریت کا ئنات"" کیوں ہے"" کے مقابلے میں کا ئنات "" کیا ہے"" کے سوال پر سائنسی نظریات کو ترقی دینے اور مکمل کرنے میں مصروف رہی ہے-فلسفی سائنسی ترقی کا ساتھ نہیں دے پائےَ- اٹھارویں صدی عیسوی میں فلسفی سمجھتے تھے کہ تمام کی تمام انسانی علمیت، بشمول سائنس کے، ان کا میدان ہے- اور ایسے سوالات پہ بحث کیا کرتے تھے جیسے: کیا کائنات کی کوئی شروعات ہے؟ وغیرہ

لیکن انیسویں اور بیسویں صدی میں، چند مخصوص ماہرین کے سوا، سائنس ، فلسفیوں اور کسی بھی عام آدمی کے لیےَ بہت زیادہ ٹیکنکل اور ریاضیاتی ( میتھ میٹکل )ہو گئی-فلسفیوں نے اپنی تفتیش کا دائرہ اتنا چھوٹا کر دیا کہ موجودہ صدی (۲۰ویں صدی) کے مشہور فلسفی وٹگین اسٹائن نے کہا کہ اب فلسفے کے لیےَ باقی رہ جانے والا میدان صرف زبانوں کا تجزیہ رہ گیا ہے –

کیا تنزلی ہے

ارسطو سے کانٹ تک فلسفے کی عظیم روایات کی!

سٹیفن ہا کنگ کے اس بیان سے یہ واضح ہے کہ کائنات کو سمجھنے کی انسانی کوشش اب تک صرف یہ رہی ہے کہ وہ کیا اور کیسے کا جواب تلاش کرے- اور اس کے لیےاس کے پاس جو اوزار ہے وہ ریاضی ہے- ریاضی کے اعلی پیمانے کے استعمال کی وجہ سے فلسفہ کا کائنات کے بارے میں غو ر و فکر کا کام اب ختم ہو گیا ہے-

لیکن اب موجودہ دور میں جن سائینسی خیالات اور تصورات پہ کام ہو رہا ہے ان کے لیے موجودہ اعلی اور ارفع ریاضی بھی ناکافی اور محدود ثابت ہو رہی ہے اور اس امر کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے کہ شاید اب انسان کو نئی جدید ریاضی ایجاد کرنی پڑے جو ان نظریات و مشاہدات کو بیان کرسکے اور انکی تصدیق کر سکے جو اس وقت کے سائینسدان کے ذہنوں میں ہیں- جیسے کثیرالمکانی کائنات (ہائپر اسپیس) اور الجھاؤ (انٹینگلمنٹ) وغیرہ- اس کے ابھی کوئی آثار نظر نہیں آرہے ، کیونکہ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے- گویا سائنسداں جو اوزار (میتھ میٹکس) استعمال کر رہے ہیں وہ بھی اپنی محدودیت کی وجہ سے علم میں اضافہ نہیں کر پا رہا ہے!

اب ہم تین بہت اہم موضوعات کا ذکر کرتے ہیں جن پر سائینسدان بہت تندہی سے مصروف عمل ہیں اور جنکا مشاھدہ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ ہم کچھ نہیں جانتے- یعنی جینوم ، سیاہ مادہ ( ڈارک مے ٹر) ، اور انسانی دماغ-

جینوم (زندگی کا کوڈ)
جینوم زندگی کے بارے میں ھدایات کا ایک سیٹ ہے- یہ ان تمام معلومات پر مشتمل ہے جو ایک زندہ شے کو تخلیق کرنے اور زندہ رکھنے کے لیے درکار ہوتی ہیں-آپ اسے ایک بہت بڑی ضخیم کتابوں کا سیٹ تصور کر سکتے ہیں-اتنی بڑ ا سیٹ کہ یہ ۲۳ حصوں پہ مشتمل ہے اور ہر حصہ بہت سی ضخیم کتابوں(جلدوں) پر مشتمل ہے- ہر حصہ ایک کروموسوم یا جینیاتی ہدایات کے ایک پیکٹ کو ظاہر کرتا ہے، جس میں کروڑ ہا حروف ہیں-

ان میں ۹۷٪ بیکار معلوم ہوتے ہیں، جنہیں"" جنک ڈی این اے"" کہا جاتا ہے! صرف ۳٪ ''حروف'' ، جملے( یعنی جین) بناتے ہیں-یہی جین پھر زندہ جسم کا بنیادی جز یعنی مختلف قسم کے لحمیات (پروٹین) بناتے ہیں-یہی پروٹین ہمارے جسم کا وہ بنیادی جز ہے جو پٹھوں ، گوشت اور عضلات سے لے کر اعصابی اور حسی نظام تک سب کچھ بناتےہیں- یہ جملے (جین) ان لفظوں پر مشتمل ہوتے ہیں جوصرف چار حروف سے بنتے ہیں (علامتی طور پر اے،سی،جی،اور ٹی) یہ حروف دراصل ان چار مالیکیول کو ظاہر کرتے ہیں جنہیں اساس (یعنی بیس) کہا جاتا ہے-اور جینوم ڈی این اے پہ بنتا ہے-اگر اس کتاب کی ساری جلدیں، جملے، فقرے،الفاظ اور حروف جینوم کو ظاہر کرتے ہوں تو اسکا کاغذ ، روشنائی ، گوند ڈی این اے کو ظاہر کرے گی-گویا جینوم ڈی این اے پہ لکھا ہوُا متن ہے-

ایک بہت عجیب اور باکمال بات یہ ہے کہ ڈی این اے کے دو برابر حصے ہوتے ہیں ، ہر حصہ بعینہی ایک جیسی ہدایات و اطلاعات پر مشتمل ہوتا ہے جو اسکی نقل بنانے یا غلطی درست کرنے میں آسانی پیدا کرتا ہے-یہی وجہ ہے کہ جینوم دہرے چکردار گھومتی ہوئی سیڑھیوں(زینہ) کے مشابہ ہوتا ہے- لیکن سب سے زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ جینوم ایک ہی وقت میں بہت چھوٹا اور بہت عظیم الجثہ ہے-انسانی بال کی موٹائی سے پچاس ہزار گنا چھو ٹا! لیکن اگر اسکے ۳ بلین حروف کو ایک سیدھی سطر میں ترتیب دیا جائے تو تین ہزار کلومیٹر لمبی سطر بنے گی اور اگر میں اسےبا آواز بلند پٰڑہنا چاہوں تو سو سال تک پڑھا جاتا رہے گا-یہ ساری معلومات ہر ایک خلیہ کے مرکزے میں کروموسوم میں کھچا کھچ بھری ہوئی ہیں، بال سے ۵۰۰۰۰ گنا چھوٹے حجم میں! ہر اس ایک خلیے میں جن سے انسانی جسم بنا ہؤا ہے، جنکی تعداد سو ٹریلین ہے!
اگر ضرورت کے تحت ارتقاء کا نظریہ صحیح ہے تو یہ ۹۷٪ بے کار ڈی این اے کیوں اور کیسے وجود میں آیا- اس کا فعل بھی دراصل ابھی تک ہم سے چھپا ہؤا ہے- گویا ۹۷٪ ڈی این اے کے افعال کو ہم نہیں جانتے-ہم صرف ۳٪ علم رکھتے ہیں!

سیاہ مادہ (ڈارک مے ٹر):
۱۹۶۷ میں سایئنسداں ویرا روبن نے مشاہدہ کیا کہ اینڈرومیڈہ کہکشاں میں موجود ستاروں کی مداری رفتار توقع سے کہیں زیادہ تھی! دوسرے سایئنسدانوں نے بھی یہی مشاہدہ قریبی ٹرای اینگلم کہکشاں میں بھی کیا- انہوں نے ستاروں کی مداری رفتار کی پیمایئش کر کے فارمولے کی مدد سے حساب لگایا کہ ایک مخصوص پیمائش(چار کے آگے بیس صفر میٹر) کے دائیرے میں کہکشاں کی کمیت ۴۶ بلین سورجوں کے برابر ہونی چاہیے-جبکہ کہکشاں کی چمک کے حساب کے فارمولے سے اندازہ لگایا گیا کہ اسی پیمائش کے دائرے میں صرف سات بلین سورج کے برابر کمیت موجود ہے! ان دونوں نتائج کے درمیان جو فرق ہے وہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹرائی انگلم کہکشاں میں ۳۹ بلین سورجوں کے برابر کمیت کا ناقابل مشاہدہ مادہ موجود ہے! یہی ناقابل مشاہدہ کمیت، سیاہ مادہ (ڈارک مے ٹر) کہلاتی ہے-

طبیعیات دانوں نے کئی اور کہکشاؤں کا مشاہدہ کیا ہے اور اب ان میں سے اکثر اس بات کے قائل ہو چکے ہیں کہ ہر ایک کہکشاں میں اوسطاْ ۹۰٪ مادہ سیاہ ہے یعنی نہ نظر آنے والا ہے-اگرچہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ ڈارک مے ٹر کس چیز سے بنا ہؤا ہے مگر سائینسدان کے پاس کچھ نظریات(تھیوری) ہیں-زیادہ تر یہ سمجھتے ہیں کہ سیاہ مادہ کسی قسم کے بنیادی ذرات سے بنا ہؤا ہے جو آج تک تجربہ گاہ میں دریافت نہیں ہو سکے ہیں-اس سلسلے میں سائینسی دنیا میں آج کل کئی تجربات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان ذرات کو دریافت کیا جا سکے-لیکن یہ بات واضح ہے کہ جب سائینسداں نہیں جانتے کہ سیاہ مادہ کیا ہے، تو وہ کائینات کے ایک بہت بڑے حصے کو نہیں جانتے، اس کے اجزائے ترکیبی کو نہیں جانتے، گویا کائینات کو کچھ زیادہ نہیں جانتے!! ۹۰ ٪ سے بھی زیادہ!!
(in class educational resource, perimeter institute waterloo, On.)

انسانی دماغ
کچھ دنوں پہلے تک یہ کہا جاتا تھا کہ انسان اپنے دماغ کی گنجائش یا وسعت کا صرف ۱۰٪ حصہ استعمال کرتا ہے یا اس سے بھی کم- نظریہء ارتقاء کو اگر درست مان لیا جاےَ تو اس کی رو سے یہ بعید از عقل بات معلوم ہوتی ہے-اگر دماغ کا ارتقاء ماحولیاتی ضرورت کے تحت ہؤا ہے تو پھر اس کا بڑا حصہ آج "" سوئچ آف"" کیوں ہو گیا؟

اب یہ بات کہ ۱۰٪ یا اس سے کم دماغ قابل استعمال ہے رد کی جا رہی ہے- اور اس کے بجاےَ ایک دوسری بات کہی جا رہی ہے وہ یہ کہ دماغ کے ۹۰٪ یا اس سے بھی زیادہ حصے کے افعال ابھی تک نامعلوم ہیں- لیکن یہ دوسری بات پہلی بات سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے- آج کی جدید سوچ جاننے کے لیےَ ہم مندرجہ ذیل اقتباس نقل کرتے ہیں:

"سایئنٹفک امریکن"" فروری ۲۰۰۸ ء سے اقتباس: " انسانی دماغ بہت پیچیدہ ہے-لاکھوں دنیوی کام انجام دینے کے ساتھ ساتھ یہ موسیقی کی دھنیں ترتیب دیتا ہے، منشور جاری کرتا ہے، اور ریاضی کی مساوات(ایکویشن) کو خوب اسلوبی سے حل کرتا ہے- یہ تمام انسانی احساسات، برتاؤ ، رویوں، تجربوں کا سرچشمہ اور منبع ہے- یادداشت اور خود شناسی کا عجائب گھر ہے-

تو کچھ عجب نہیں کہ دماغ ابھی تک پراسرار ہے-

اس پراسراریت پر مزید تنازعہ یہ کہ انسان صرف ۱۰٪ دماغ استعمال کرتا ہے- اگر معمولی آدمی بھی اس باقی ۹۰٪ کو استعمال کر پاےَ تو وہ بھی ایسا علامہ ہو جاےَ گا کہ جو کسی بھی عدد کو ۲۰ درجہ اعشاریہ تک یاد رکھ سکے گا اور شاید بغیر چھوےَ اشیاء کو حرکت دینے کی قوت بھی رکھتا ہو گا-

جان ہوپکن سکول آف میڈیسن کے نیورولوجسٹ بیری گورڈن کہتے ہیں: اگرچہ کہ یہ ایک دلفریب خیال ہے، لیکن"" ۱۰٪ کی فرضی حکایت"" اتنی غلط ہے جس پر ہنسی آتی ہے- اگرچہ کوئی خاص شخص اس حکایت کو شروع کرنے کا قصوروار نہیں ہے-لیکن یہ خیال امریکن ماہر نفسیات اور مصنف ولیم جیمز سے جوڑا جاتا ہے جس نے "" دی انرجی آف مین"" میں اس امر پر بحث کی تھی کہ "" ہم اپنی طبعی اور ذہنی ممکنہ قوت کا بہت کم حصہ استعمال کر پا رہے ہیں –"" یہ خیال آیئن اسٹائین سے بھی منسلک ہے جس نے، جیسا کہ سمجھا جاتا ہے، اسے اپنی آسمان کو چھوتی ہوئی ذہانت کو سمجھانے کے لیَے استعمال کیا تھا-

جو اب تک نہیں سمجھا گیا ہے وہ یہ ہے کہ نیورون کے گچھے کیسے دماغ کے مختلف حصوں سے شعور پیدا کرنے کے لیے آپس میں تعاون کرتے ہیں-ابھی تک کوئی ایسی شہادت نہیں ملی ہے کہ انسانی دماغ( ""بھیجے "" ) میں"" شعور"" کسی ایک مقام پر واقع ہے ، جو ماہرین کو یہ ماننے پہ مجبور کرتی ہے کہ شعور اصل میں ایک اجتماعی اعصابی کوشش ہے-

ایک اور اسرار جو ہمارے بیرونی دماغ کی سلوٹوں (جھریوں )میں چھپا ہؤا ہے وہ یہ کہ دماغ کے سارے خلیوں میں سے صرف ۱۰٪ نیورون ہیں اور باقی ۹۰٪ گلیال خلیے ہیں جو نیورون کو اپنے اندر سموےَ ہوےَ ہیں اور انکو سہارا دیتے ہیں- ان گلیال خلیوں کا کام کیا ہے یہ ابھی تک بڑی حد تک نا معلوم ہے- لہٰذہ یہ نہیں ہے کہ ہم اپنا دماغ ۱۰٪ استعمال کرتے ہیں بلکہ ہم اسکے فعل کو محض ۱۰٪ سمجھتے ہیں- "" مزید تفصیل کے لیے دیکھیے

https://www.scientificamerican.com/article.cfm?id=people-only-use-10-percent-of-brain

ان تینوں مشاہدات سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ اس اعلیٰ سائینسی دور میں اس وقت کے حساس ترین پیماَشی آلات اور جدید ترین معلومات کے ہوتے ہوےَ ہم ان تین بہت اہم ترین بنیادی اشیاء کو محض ۱۰٪ سے بھی کم سمجھ پاےَ ہیں- ا نکی فعالیت کا زیادہ تر حصہ ہم سے چھپا ہؤا ہے- ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں یہ تناسب اور بھی کم ہوجائےَ اور شاید پھر انسان کہے کہ شاید ہم ۵٪ سے بھی کم جانتے ہیں- یعنی علم کے اضافے نے انسان کو صرف یہ بتایا ہے کہ وہ بہت کم علم ہے- لہذہ کوئی بھی سائینسدان ، ماہر نفسیات یا ما ہر حیاتیات یہ دعویٰ کرے کہ موجودہ علم کی روشنی میں وہ خدا کے عدم وجود کو ثابت کر سکتا ہے یا کائنات کے خود بخود وجود میں آنے کے"" ثبوت"" بہم پہنچا سکتا ہے تو اس کی کم علمی پہ ----------- کیا کیا جائےَ-
Tariq Zafar Khan
About the Author: Tariq Zafar Khan Read More Articles by Tariq Zafar Khan: 25 Articles with 47335 views I am a passionate free lance writer. Science , technolgy and religion are my topics. Ihave a Master degree in applied physics. I have a 35 + years exp.. View More