اس کے علاوہ وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے تناظر میں
مختلف سفری پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ نقل و حمل کے تمام ذرائع بشمول
ہوائی جہاز،ریلوے اور شاہراہوں پر مضبوط نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں وائرس سے متاثرہ مصدقہ مریضوں، مشتبہ افراد، متاثرہ افراد سے
قریبی رابطے میں رہنے والے افراد فضائی یا ریل ٹکٹ نہیں خرید سکتے۔ سفر سے
قبل نیوکلئیک ایسڈ ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ رپورٹ
منفی ہونے کی صورت ہی میں سفر کی اجازت مل سکتی ہے۔
بیجنگ میں گزشتہ تقریباً دو ماہ سے مقامی طور پر وبا کے کسی ایک بھی مقامی
کیس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی، اور جب ہمیں یہ لگ رہا تھا کہ زندگی اور کام
معمول پر واپس آچکے ہیں ،تو گیارہ جون سے اب تک ، بیجنگ میں200 نئے مقامی
کیسز سامنے آئے ہیں۔
بیجنگ میں مقامی طور پر کووڈ-19 کے کیسز سامنے آنے کے بعد ریاستی مشینری
تیزی سے حرکت میں آئی اور وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بروقت اقدامات
اختیار کئے۔ ان اقدامات میں نئے انفیکشن سے منسلک ایک بڑی ہول سیل مارکیٹ
کو بند کرنا، اس کے آس پاس کے علاقوں میں جزوی طور پر لاک ڈاؤن کرنا اور
کلیدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانچ اور اسکریننگ کے عمل کو کو تیز کرنا
شامل ہیں۔شہر کے ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ نئے تصدیق شدہ مریضوں کی ایک بڑی
تعداد فینگ تائی ڈسٹرکٹ کی شن فادی ہول سیل مارکیٹ میں کام کرتی ہے یا
حالیہ دنوں میں وہاں گئی تھی ، اور باقی افراد مارکیٹ سے براہ راست یا
بالواسطہ رابطے میں آئے تھے۔
واضح رہے کہ شن فا دی مارکیٹ بیجنگ میں ایشیاء کی سب سے بڑی سبزی ، پھل اور
گوشت کی سب سے بڑی منڈی ہے، اس کا رقبہ گیارہ لاکھ بیس ہزار
مربع میٹر ہے جو تقریباً 157 فٹ بال میدانوں یا 251 رگبی کے میدانوں کے
برابربنتا ہے۔ یہ مارکیٹ بیجنگ کے 2 کروڑ لوگوں کی ضروریات کے لئے اسی فیصد
سامان فراہم کرتی ہے۔ یہاں ہر روز 18000 ٹن سبزیاں اور 20000 ٹن پھلوں کا
کاروبار ہوتا ہے۔ اس مارکیٹ میں 1500 سے زیادہ انتظامی اہلکار موجود ہیں ،
جو ہر روز سبزیاں ، پھل ،سی فوڈ اور گوشت فروخت کرتے ہیں ۔اب اس مارکیٹ میں
بڑے گوشت ،چھوٹے گوشت اور سی فوڈ کے حصے میں وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے
ہیں۔ اس جگہ پر گوشت اور سی فوڈ کو محفوظ رکھنے لئے انتہائی کم درجہ حرارت
کی ضرورت ہوتی ہے۔اس لئے اس جگہ بہت زیادہ سردی ہوتی ہے ، جو وائرس کے
پھیلاؤ اور بقا کے لئے ماحول فراہم کرسکتی ہے۔ تاہم حوالے سے تحقیقات جاری
ہیں۔
ریاستی کونسل کے مشترکہ روک تھام اور کنٹرول میکنزم نے اتوار کے روز ایک
اجلاس کے دوران کہا ہے کہ سخت ترین وبائی سروے اور ماخذ کی اصلیت کے بارے
میں جامع تفتیش کا عمل شن فادی مارکیٹ اور اس کے قریبی علاقوں میں شروع کیا
جائے گا۔ اجلاس میں متاثرہ کمیونٹیز میں نقل و حرکت پر قابو پانے ، سخت
اسکریننگ شروع کرنے اور تصدیق شدہ تمام معاملات اور ان کے قریبی رابطوں ،
مشتبہ معاملات کے ساتھ ساتھ بخار میں مبتلا افراد کو سنٹرلائیزڈ قرنطین کو
کرنے کے علاوہ تمام اہم علاقوں اور کلیدی آبادیوں میں چانچ کے عمل کو توسیع
دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
اس مشکل صورت حال میں شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کے لئے
بڑی سپر سٹور چینز اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔
|