14 اگست، آرزوؤں کی تکمیل کا دن

 آج ہم قیام پاکستان کے 73 برس مکمل ہونے پر 74 واں یوم آزادی منارہے ہیں۔ 73 برس پہلے مشیت ایزدی نے علامہ محمد اقبال کے روح پرور افکار، قائد اعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور مسلمانان برصغیر کی قربانیوں کو اپنی شانِ کریمی سے قبول کرتے ہوئے 27رمضان کی مبارک ساعتوں میں آزادی جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ جو کہ برطانوی استعمار اور انڈین نیشنل کانگریس گٹھ جوڑ کی بھرپور ناکامی ثابت ہوئی۔ اور جنوبی ایشیا کی دو مملکتوں میں تقسیم اور دنیا کے نقشے پرایک نئی اسلامی ریاست کا قیام کرہِ ارض پر بیک وقت تاریخ اور جغرافیہ بدلنے کا نادر واقعہ ہے ۔ خالق کائنات کے خصوصی فضل و کرم سے ایک آزاد خود مختار، اسلامی فلاحی ریاست، پاکستان کامعرض وجود میں آنا بلاشبہ عوام پاکستان کے لیے قدرت الٰہی کا ایک بہت بڑا انعام ہے۔ جدو جہد آزادی میں ان لاکھوں بزرگو ں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور مسلح افواج کے نوجوانوں کو خراج عقیدت جو اپنے اپنا گھر بار چھوڑ کر غلامی سے آزادی کی طرف سفر کرتے ہوئے اپنی جان سے گزر گئے۔ اور وہ جنہوں نے اپنے ہم وطنوں اور ہجرت کرنے والوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔مسلمانان برصغیر وہ عظیم قوم ہے جس نے ہر قسم کے حالات کا خندہ پیشانی اور بہادری سے سامنا اور مقابلہ کیا۔ یہ وہی پاکستان ہے جس کی سرحد پر پہنچتے ہی لٹے پٹے اور زخموں سے چور مہاجرین وارفتگی کے عالم میں زمین پر گر کر اسے چومتے اور اس کی مٹی کو مٹھیوں میں بھر کر اپنی آنکھوں سے لگاتے رہے ، اپنے معصوم بچوں کے نیزوں پر جھولتے لاشے اور اپنی عزتوں کو بچانے کیلئے دریاؤں اور کنوں میں چھلانگیں لگاتی بہنوں ،بیٹیوں اور اپنے نوجوان بیٹوں کے خاک اور خون میں تڑپتے لاشے دیکھنے کے بعدجن میں زندہ رہنے کی خواہش دم توڑ چکی تھی اب انہیں زندگی پیاری لگ رہی تھی اور وہ بے ساختہ پکار اٹھتے کہ ہم نے بہت کچھ کھو کر بھی سب کچھ پالیا ہے ، ہمیں آزاد و خود و خود مختار مملکت پاکستان مل گیا ہے۔ مگر صد افسوس کہ ہم بحیثیت قوم بھولا بیٹھے کہ قیام پاکستان کا مقصد کیا تھا۔اگر غیر جانبداری سے تحریک پاکستان کا تجزیہ کیا جائے تو یہ حقیقت آسانی کے ساتھ سمجھی جا سکتی ہے کہ مختلف صوبوں، علاقوں اور مختلف فرقوں سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو جس قوت نے ایک متحدہ قوم بنا دیا تھا وہ قوت اسلامی نظریہ تھا۔ یہ الگ بات ہے کہ قیام پاکستان کے بعد ہم اپنی کوتاہ اندیشیوں اور لیڈروں کی خود غرضیوں اور سازشوں کے باعث مشرقی اور مغربی پاکستان کو متحد نہ رکھ سکے ۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام نے ہی ہمیں قیام پاکستان کے مخالفین کے مقابلہ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنا دیا تھا۔ تحریک آزادی کے دنوں میں قائداعظم سے جب بھی سوال پوچھا جاتا تھا تو وہ فرمایا کرتے تھے کہ ہمیں خداوند تعالیٰ نے چودہ سو سال قبل قرآن کی شکل میں آئین اور دستور عطاء فرما دیا ہے ۔ یہی پاکستان کا آئین اور دستور ہو گا۔ ہمیں کسی اور دستور کی ضرورت نہیں۔ قائد اعظم کے مشہور سلوگن ایمان، اتحاد اور تنظیم پر ہی غور کر لیا جائے کہ ایمان کی طاقت نے ہمیں متحد کیا۔ ہم ایک قوم بنے اور ہم اپنے لئے ایک الگ علاقہ، مملکت اور وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ آپ 8مارچ 1944ء کی مسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں قائد اعظم کی تقریر کا یہ مختصر ترین اقتباس دیکھیں۔ ’’پاکستان اسی دن وجود میں آگیا تھا جب ہندوستان میں پہلا ہندو مسلمان ہوا تھا۔ مسلمانوں کی قومیت کی بنیاد کلمہ توحید ہے۔ وطن اور نسل نہیں‘‘۔

قیام پاکستان کی نظریاتی بنیاد کے جو دشمن یہ اظہار خیال کرتے ہوئے نہیں تھکتے کہ قرار داد لاہور میں اسلام کا حوالہ موجود نہیں اور نہ ہی قیام پاکستان کے بعد نفاذ اسلام کا کوئی عزم و ارادہ ظاہر کیا گیا تھا۔ وہ اس بات پر غور کریں کہ قائد اعظم کے نزدیک کلمہ توحید کے مختصر ترین الفاظ کا مفہوم کتنا وسیع تھا کہ انہوں نے فرمایا کہ پاکستان اسی دن معرض وجود میں آگیا جب ایک ہندو مسلمان ہو گیا۔ کیا قائد اعظم نے کلمہ توحید کے حوالہ صرف ہندوستان کا جغرافیہ تقسیم کرنے کے لئے دیا تھا۔ قائد اعظم نے اسلام کو پاکستان کا جذبہ محرکہ اور وجہ جواز بھی قرار دیا تھا۔ جن لوگوں کا یہ دعویٰ ہے کہ قائد اعظم سیکولر ذہن رکھتے تھے اور وہ پاکستان میں سیکولر نظام لانے کے حق میں تھے۔ سیکولر ازم کا ڈھول بجانے والا یہ گمراہ ٹولہ اگر اس دور کے ہندو اخبارات میں ہندو سیاست دانوں کے بیانات پڑھ لیں تو انہیں علم ہو جائے گا کہ ہندو طبقہ پاکستان کی مخالفت ہی اس وجہ سے کر رہا تھا کہ وہ پاکستان کے مطالبہ کو اسلام ازم کی ایک کڑی سمجھتے تھے۔ وہ سیکولر طبقہ جو یہ پروپیگنڈا کرتا ہے کہ پاکستان اسلام کے نفاذ کے لئے نہیں بنایا گیا تھا اور نہ ہی پاکستان کا یہ مقصد تھا کہ یہاں اﷲ کے آخری رسول حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم پر نازل ہونے والی اﷲ کی آخری اور جامع کتاب قرآن کریم کے اصولوں کے مطابق نظام حکومت قائم کیا جائے گا شاید انہیں قائد اعظم کے درج ذیل فرمان ہی سے کچھ سمجھ آ جائے۔ ’’اس حقیقت سے ہر شخص واقف ہے کہ قرآن مسلمانوں کا بنیادی اور مکمل ضابطہ حیات ہے۔ جو معاشرت، مذہب، تجارت، عدالت، فوجی امور، دیوانی، فوجداری اور تعزیرات کے ضوابط کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے‘‘۔ قائد اعظم نے مسلمانوں کو نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کا یہ حکم بھی یاد کروایا کہ ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ قرآن حکیم کا ایک نسخہ اپنے پاس رکھے تاکہ وہ اس سے اپنے لئے رہنمائی حاصل کر سکے‘‘۔ قائد اعظم نے بڑے واضح اور دو ٹوک انداز میں یہ بھی فرمایا تھا کہ ’’پاکستان سے صرف حریت اور آزادی مراد نہیں اس سے فی الحقیقت مسلم آئیڈیاجی مراد ہے جس کا تحفظ ضروری ہے‘‘۔ اب اگر مسلم نظریے کے تحفظ سے مراد سیکولر ازم ہے اور انسانی زندگی کے ہر شعبہ یعنی روحانی زندگی سے لے کر معاشرت، سیاست، معیشت اور فوجداری اور دیوانی قوانین تک قائد اعظم قرآن حکیم سے رہنمائی لینے کی جو بات کرتے ہیں، اس کا مطلب بھی سیکولر ازم ہے تو پھر یہ کہا جا سکتا ہے کہ قائد اعظم کا ایجنڈا سیکولر تھا۔ اور اگر قرآنی تعلیمات اور قرآنی احکامات کو نافذ کرنے کا مطلب سیکولر ازم نہیں ہے تو پھر قائد اعظم کی سوچ کو سیکولر کیسے کہا جا سکتا ہے۔ 14 اگست برصغیر کے مسلمانوں کی آرزوؤں کی تکمیل کا دن ہے ، جشن آزادی پاکستان مناتے ہوئے ہمیں تجدید عہد کرنا چاہیے کہ جس نظریہ پاکستان کی برکت سے ہم نے اسے حاصل کیا تھا اسی نظریے یعنی قرآن کریم کی اصولی ہدایات پر عمل کر کے اور اسوہ رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کی پیروی سے ہم پاکستان کو ایک مضبوط، خوبصورت، پرامن ، خوشحال اور اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔
 

Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 1004 Articles with 818088 views Journalist and Columnist.. View More