ناریل کے تیل کے چند حیرت انگیز فوائد

ہم میں سے کون ہے جو ناریل کے تیل کے فوائد سے لاعلم ہے؟ قدرتی طور پر جراثیم کش اجزاءپر مشتمل یہ تیل مختلف وٹامنز‘ منرلزاور دیگر فیٹی ایسڈ کا ایک ایسا مجموعہ ہے جو صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے اتنا ہی نہیں بلکہ یہ تیل متعدد مسائل کو حل کرنے میں بے نظیر ہے ۔

جلد بنائے خوبصورت
ناریل کا تیل نہ صرف جلد کی حفاظت کرتا ہے بلکہ یہ بڑھاپا دُور کرنے‘ سیاہ حلقوں کے خاتمے اورجلد کو نرمی بخشنے والا قدرتی تحفہ ہے۔نرم و ملائم جلد کے حصول کیلئے رات میں سونے سے قبل اسکے چند قطرے چہرے پر لگائیں‘ وٹامن ای اور اے سے بھرپور یہ تیل ہاتھوں کی جلد کیلئے بھی فائدہ مند ہے۔ناریل اور بادام کا تیل ملا کر آنکھوں کے گرد لگانے سے سیاہ حلقے کم ہوجاتے ہیں۔

بالوں کیلئے مفید
بالوں کو دھونے کے بعد ہلکا سا ناریل کا تیل لگائیں‘ یہ کنڈیشنر کا کام کرے گا ۔ہفتے میں دوبار ناریل کا تیل لگانے سے بالوں کی چمک برقرار رہتی ہے ‘بال تیزی سے لمبے اور گھنے ہوتے ہیں۔بال رنگنے کاعمل بالوں کو سفید سے کالا تو کردیتا ہے لیکن بال بے جان ہوجاتے ہیں ناریل کا تیل اس مشکل کو بھی دور کرتا ہے ۔بال گررہے ہوں تو ناریل کا تیل استعمال کریں۔ ناریل کے تیل کی مالش سے بالوں کی خشکی اور سر کی خارش کا خاتمہ ممکن ہے۔

چمڑے کو پالش کرنا
ایک کپڑے پر ناریل کا تیل لگاکر اسے چمڑے کی مصنوعات پر رگڑیں۔اس عمل سے نہ صرف چمڑے کی مضبوطی برقرار رہے گی بلکہ اس کی ماند پڑتی چمک ایک بار پھر لوٹ آئے گی۔

تروتازہ انڈوں کیلئے
اگرانڈوں کوطویل مدت کیلئے ذخیرہ کرنا مقصود ہے تو ان پر ناریل کا تیل مل دیں۔ اس طرح سے انڈے سال بھر تک خراب نہیں ہوتے ۔تیل لگانے سے انڈوں کی سطح پر ایک قدرتی تہہ چڑھ جاتی ہے جو انڈوں کی آکسیجن کو برقرار رکھتی ہے۔

زنگ کو دور بھگائے
کسی چیز سے زنگ دور کرنا ہو تو ناریل کے تیل کو زنگ والی جگہ پر لگاکر ایک گھنٹے کیلئے چھوڑ دیں‘ پھر گرم پانی سے دھولیں۔

دروازوں کی چرچراہٹ دور کریں
اگر آپ کے دروازوں کے قبضے آواز کرتے ہیں تو تھوڑا سا ناریل کا تیل قبضوں میں ڈال دینے سے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

داغوں کی صفائی
کپڑوں پر لگے ضدی داغوں کو صاف کرنے کیلئے ناریل کے تیل اور بیکنگ سوڈا کی یکساں مقدار ملاکر داغوں پر رگڑیں اور تھوڑی دیر بعد دھولیں۔

جگمگاتا ہوا فرنیچر
لکڑی کے فرنیچر کی چمک واپس لانے کیلئے ناریل کا تیل بہترین ہے ۔ یہ تیل لکڑی میں جذب ہوکر اسے چمک دار بنادیتا ہے۔

کافی یا چائے کی مٹھاس کیلئے
چائے یا کافی میں مٹھاس کیلئے ضروری نہیں کہ شکر یا چینی کا استعمال کیا جائے یہ کام تو ناریل کا تیل بھی کرسکتا ہے ۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ ذیا بیطس کے مریضوں کو پہنچ سکتا ہے کیوں کہ ناریل کے تیل کی مٹھا س ان کیلئے قطعاً نقصان دہ نہیں ہے۔

گاڑی کی خراشیں چھپانے کیلئے
کپڑے کو ناریل کے تیل میں بھگوکرگاڑی پرخراشوں والے مقامات پر پھیریں ‘ اس عمل سے خراشیں چھپ جائیں گی۔

پلاسٹک کے برتنوں کی حفاظت کیلئے
اپنے پلاسٹک کے برتنوں پر ناریل کے تیل کی تہہ لگادیں اور کچھ دیر بعد دھولیں اس عمل سے برتنوں کارنگ اُڑنے یا داغ دھبے پڑنے کا امکان کم ہوجائے گا۔

چمک دار پودوں کیلئے
گلدستوںمیں لگے پودوں یا انڈور پلانٹس کے پتوں پر ناریل کے تیل کا اسپرے کرنے سے پتے چمکدار نظر آتے ہیں۔

مٹی کو دور بھگائے
پنکھوں کے پروں‘ درازوں کے کونوں یا ایسی کوئی بھی جگہ جہاں مٹی جم جاتی ہو ‘پر اگر ناریل کا تیل لگادیا جائے تو مٹی نسبتاً کم جمتی ہے۔

آسانی سے چیونگم اُتاریں
اگر بالوں یا قالین پر چیونگم چپک جائے تو متاثرہ جگہ پر ناریل کا تیل ڈال کر ہلکا سا رگڑلیں‘یہ بظاہر مشکل مسئلہ بہت آسانی سے حل ہوجائے گا۔

جگمگاتے دانتوں کیلئے
تھوڑے سے ناریل کے تیل کو منہ میں ڈال کر 15منٹ تک گھمائیں ۔ یہ عمل دانتوں کو نہ صرف چمکدار بنادے گا بلکہ جرثموں کا خاتمہ بھی کرے گا۔

 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 197 Articles with 287130 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.