کف افسوس

مہوش کرن (اسلام آباد)
بہت سالوں پہلے ایک دن پتا چلا کہ بنت حوا کو وہ جان لیوا مرض لاحق ہو گیا ہے جس کا صرف نام سن کر بھی کسی عورت کی جان نکل جاتی ہے۔ رپورٹس میں صاف صاف لکھا تھا اور تقدیر کا لکھا کوئی ٹال نہیں سکتا تھا۔ اب سوال بنتا تھا کہ اس جوانی کی عمر میں چھوٹے بچوں کے ساتھ کیا کیا جائے؟ مگر حل ایک ہی تھا۔ جان بچانے کے لیے اسے تکلیف دہ آپریشن سے گزرنا پڑا جس نے اس کا نسوانی وقار چھین لیا اور پھر کیموتھراپی کا تکلیف دہ عمل شروع ہوا جو نہ صرف اس کی ملائم چمکتی جلد بلکہ سب سے بڑھ کر اس کے ریشم جیسے حسین گھنے اور کالے سیاہ گھٹنوں تک آتے بال بھی لے گیا۔ ایسے بال جو کسی نے کبھی کسی اور کے سر پر نہ دیکھے تھے۔

سبحان اﷲ! بس ایک اﷲ تعالیٰ ہی ہر برائی سے پاک ہیں اور ایک وہی الہٰ ہیں جنہیں کسی علاج کی ضرورت نہیں۔۔۔ البتہ ہم انسان ہیں، گنہگار ہیں اور ہمیں آزمائشوں کی ضرورت ہے تاکہ ہم توبہ سے علاج کر کے پاکیزہ ہو سکیں۔ یہ آزمائش صرف اس بنت حوا کی ہی نہیں بلکہ ان سب کے لیے اور زیادہ تھی جو اس کے ارد گرد تھے، ان ہی میں سے ایک میں خود بھی تھی۔

روز میں یہی سوچتی رہتی کہ اگر اس کی جگہ میں ہوتی تو، اگر مجھے اِن شدید جسمانی تکالیف و دردوں سے گزرنا پڑتا، اگر مجھے کیموتھراپی کے سائیڈ افیکٹس برداشت کرنے پڑتے تو، میں کس طرح یہ سب جھیل پاتی؟ کہ میں اب خوبصورت نہیں لگ پاؤں گی، اپنے بال نہیں بنا سکوں گی، یہاں تک کہ الٹی کرنے کے لیے اپنے ہاتھ سے ڈسٹ بن بھی قریب نہیں کر پاؤں گی، بہت لمبے عرصے تک اپنی پسند کا کھانا بھی نہیں کھا سکوں گی کیونکہ مجھے کچھ ذائقہ نہیں محسوس ہوگا، اپنے بچوں کی دیکھ بھال خود نہیں کر سکوں گی، ان کی پڑھائی اور سرگرمیوں پر توجہ نہیں دے سکوں گی، ان کے ہنسی مذاق میں شامل نہیں ہو سکوں گی۔ خدانخواستہ اگر میں اس کی جگہ ہوئی تو اپنے گھر کا انتظام کیسے چلاؤں گی جبکہ میں خود ایسے حال میں پڑی ہوں گی کہ کوئی میرا دھیان رکھ رہا ہوگا۔؟اور پھر ایک خیال بم کی طرح سر پر پھٹا کہ پھر تو مجھے اپنا سر بھی ڈھانپنا ہوگا کیونکہ کیموتھراپی کے بعد تو سَر پر ایک بھی بال نہیں بچے گا۔

نہیں! یہ میں نہیں ہوں، نا کبھی ہو سکتی ہوں۔ہاں ابھی نہیں ہوں تو کیا کبھی بھی نہیں ہو سکتی ؟ اور یہ سوال بہت طویل عرصے تک میرے لیے ایک ڈرآؤنا خواب بنا رہا۔ لیکن ہاں اس سوال نے مجھے ایک ایسے راستے پر ڈال دیا جس پر چل کر میں نے وہ سب سیکھا جو میں نہیں جانتی تھی اور اس کو زندگی پر لاگو کرنے کی سوچ پیدا ہوئی۔

سیکھنے کے بعد پہلا قدم سر ڈھانپنا ہی تھا اور یقیناً بہت کٹھن تھا۔ یہاں تک کہ اتنے سال گزرنے کے بعد آج بھی ہے کیونکہ اْس لمحے کی وہ آگہی صرف چند افراد کے لیے تھی سب کے لیے نہیں۔ بیشک ہدایت صرف ان کو ملتی ہے جو سچے دل سے اس کی طلب کرتے ہیں اور ہمیشہ ہدایت کے راستے پر چلنے کی کوشش میں ڈگمگاتے اور لڑکھڑاتے رہتے ہیں، کتنی بار بھی گریں ہمت نہیں ہارتے بلکہ ہر بار اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ اے ابن آدم ہے کوئی ! جو اپنے گھر کے گوہر و نایاب اور موتیوں کو اپنے سیپ میں رہنے کی نصیحت کرے اِس سے پہلے کہ یہ اْن کی مجبوری بن جائے اور کفِ افسوس ملنا پڑے۔اے بنت حوا! ہے کوئی جو اپنے سر اور سینے کو اپنی خوشی سے رضائے الٰہی جان کر اجر و ثواب کی نیت سے ڈھانپ لے، قبل اس کے کہ اﷲ تعالیٰ اپنے حکم پر عمل کے لیے آپ کو زبردستی اس راہ پر لے آئیں؟ پھر یہ مجبوری بن جائے اور دوسری کوئی راہ نہ ملے۔
 

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1142180 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.