سوال تو بجا ہے!

ملک اس وقت کورونا کی چوتھی لہر کی زد میں ہیں ۔ حکومت کی جانب سے اس وائرس سے بچاؤ کے لیے روز بروز نت نئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔نہ صرف اقدامات کیے جارہیں بلکہ سختی کی جارہی ہے۔ اس وقت سارا زور یکسینیشن پر ہے۔ ویکسینیشن نہ کروانے پر مختلف پابندیاں عائد کی جانے کی خبریں گردش کررہی ہیں ۔ ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، ریل اور ہوائی سفر کی پابندی ، سیاحتی مقامات پر داخلہ بند، سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈی بند ، موبائل سم بند کر نے کی دھمکی، شناختی کارڈ بلاک کرنے کی دھمکی وغیرہ وغیرہ ۔الغرض ہر حربہ اختیار کرکے عوام کے روزمرہ معاملات میں بے جا سختی اور رکاوٹیں کھڑی کرکے عوام کو ویکسین لگوانے پر مجبور کیاجارہاہے۔ اس سختی پر لوگ انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں کہ اس وبا پر ویکسینیشن کی اتنی سختی کیوں؟ حکومت کی جانب سے اس پر اتنا خرچہ کیوں؟ اگر صرف لوگوں کو مرنے سے بچانا ہے تو موت کے دیگر اسباب پر نظر کیوں نہیں کی جاتی۔ اگر تھوڑا بیماریوں سے ہٹ کر جائزہ لیں تو آج کل غربت جوکہ موت کی ایک بہت بڑی وجہ بنی ہوئی ہے،لوگ فاقہ کشی سے تنگ آکر خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح دہشتگردی، قتل و غارت گری اور ٹاگٹ کلنگ کی وجہ سے کئی اموات واقع ہوجاتی ہیں۔ یہاں عوام کی جانوں کا تحفظ کیوں یاد نہیں آتا؟یہاں تو ایسے بہت سے کام ہیں جو حکومت کے ذمہ ہیں، مگر حکومت کوئی ذمہ داری نہیں دکھارہی۔ اگر صرف شہرِ کراچی کی ہی بات کرلیں تو پورے شہر میں غلاظت، گندگی اور کچرے کے ڈھیر۔ مہلک جانوروں کی پیدائش اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے ملیریاجیسی مختلف بیماریوں کا پھیلنا اموات کا باعث بنتا ہے۔ مگر اس معاملہ میں حکومت کا کیا کردار ہے؟ سوائے محدود وسائل کے رونے دھونے کے کچھ نہیں۔اسی طرح اایسی کئی بیماریاں ہیں جن سے سالانہ اموات کی شرح ناقابلِ یقین ہے ، مگر ان بیماریوں سے حفاظت کے لیے کوئی اقدامات نہیں ہیں۔ اگر مختلف بیماریوں کا جائزہ لیاجائے تو تھیلیسیما سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے، مگر ان کے لیے حکوتی اقدامات نہیں ہیں۔ ان کے علاج کے لیے محدود وسائل کا رونا رویا جاتا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں اس کے یونٹس ناپید ہیں۔ ان کے علاج کے لیے فلاحی تنظیمیں خدمت انسانیت کے جذبہ کے تحت خون کے عطیات جمع کرکے ان کے علاج معالجہ کا بندوبست کرتی ہیں مگر حکومتی سطح پر کچھ نہیں ہوتا۔ یہاں بھی یہی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کورونا کی ویکسین پر اربوں ڈالر کا خرچہ اور تھیلیسیمیا سے متاثرہ افراد کے علاج کے لیے وسائل کا رونا ۔؟اس خطرناک بیماری پر حکومتی غیر سنجیدگی عوام کے ذہنوں تشویش پیدا کرتی ہے اور بہت سے سوالات چھوڑتی ہے۔

اسی طرح سے خون میں زہر پھیلنے کی بیماری جسے سیمپس کہاجاتا ہے۔ عالمی ماہرین کی تحقیق کے مطابق اس بیماری سے سالانہ گیارہ ملین افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا عالمی و مقامی سطح پر کبھی اس بیماری کے علاج کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے؟ اس بیماری کی وجہ سے سالانہ گیارہ ملین افراد کا دنیاسے چلے جانا کوئی معنی نہیں رکھتا؟ اگر کورونا سے انتقال کرجانے والوں کا ریشو دیکھاجائے اور اس میں ان اموات کو بھی شامل کرلیا جائے جو زبردستی کورونا کے کھاتے میں ڈالی گئیں، پھر بھی ڈیڑھ سال میں ان کی تعداد اس کی سالانہ شرح کے مطابق نصف بھی نہیں بنتی۔ لہٰذا دیگر بیماریوں سے ہونے والی ہلاکت کااس سے موازنہ کیا جائے تو یہ شرح کوئی معنی نہیں رکھتی۔ (چار ملین)

ایک اور تحقیق کے مطابق اکیسویں صدی میں سب سے زیادہ اموات کینسر سے ہوئیں۔ ماہرین کے مطابق کینسر کا سب سے بڑا خطرہ ہوائی آلودگی، خطرناک الٹرا وائلٹ شعاعوں، صنعتی فضلے اور پانی اور غذائی اجناس میں ملاوٹ ہے۔منشیات کی وجہ سے ہونے والی کینسر کی بیماریاں بھی عام ہیں، منشیات بھی ہلاکت کا بہت بڑا سبب ہے۔ مگر اس سے بچاؤ کی کیا تدابیر اختیار کی گئیں؟ جواب ندارد۔ جو بُری صحبت کی وجہ سے منشیات کے عادی ہوجاتے ہیں، حالتِ نشہ میں گلیوں اور محلوں میں گھومنے پھرتے رہتے ہیں، اپنی طلب پوری کرنے کے لیے چوری چکاری کرتے ہیں، یہ لوگ معاشرے پر بوجھ اور گھر والوں کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں۔ سوال وہی ہے کہ نشئی افراد کی ریکوری کے لیے حکومت فری ویکسینیشن اور علاج معالجہ کا اہتمام کیوں نہیں کرتی؟

اگر سوال اٹھایاجائے کہ عالمی سطح پر بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص مہلک بیماریوں سے حفاظت کے لیے کیا ٹھوس اقدامات اٹھائے جاتے ہیں؟ لا محالہ جواب یہی ہو گا کہ سالانہ ان بیماریوں کا عالمی و آگاہی دن منایا جاتاہے ۔ سیمینارز اور پروگرامز کا انعقاد کرکے ، اس سے متاثر ہونے والے اورہلاک ہونے والوں کی شرح بتادی جاتی ہے ، ذمہ داران دو لائنوں کا بیان جاری کرکے اخبارات کی سرخیوں کا حصہ بن جاتے ہیں،اور سمجھا جا تا ہے کہ ہم نے بہت بڑا کام کرلیا ہے۔ درج بالا تمام حقائق کے مد نظر رکھتے ہوئے کورونا ویکسین پر زبردستی پر عوام کے ذہنوں میں اٹھنے والے اشکالات بجا ہیں کہ جب متعدد خطرناک مہلک بیماریوں سے حفاظت پر کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے تو کورونا ویکسین پر زبردستی اتنی مہربانی کیوں؟ کوئی مانے یا نہ مانے، بے شک سوال تو بجا ہے۔

 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Muhammad Riaz Aleemi
About the Author: Muhammad Riaz Aleemi Read More Articles by Muhammad Riaz Aleemi: 79 Articles with 86669 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.