شب برات بخشش و مغفرت کی رات

یہ شعبان کا مہینہ ہے ۔مہینوں سے متعلق اﷲ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :مہینوں کی گنتی اﷲ کے نزدیک کتاب اﷲ میں بارہ کی ہے ، اسی دن سے جب سے آسمان وزمین کو اس نے پیدا کیا ہے ان میں سے چار حرمت وادب کے ہیں ۔(سورۃ توبہ ) شعبان المعظم کا یوں تو پورا مہینہ ہی عبادت وریاضت کا مہینہ ہے لیکن اس کی پندرھویں شب کو ایک خاص خصوصیت حاصل ہے ۔ علما کے ایک طبقے کے مطابق سورۃ دخان میں ’’لیلۃ مبارکۃ‘‘ سے بھی یہی رات مراد ہے ۔ اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں ترجمہ:تحقیق ہم نے وہ کتاب بابرکت رات میں اتاری ہے ، بے شک ہم لوگوں کو ڈرائیں گے اسی رات میں تمام باحکمت امور کی تفصیل کی جاتی ہے ۔اس رات کو عرف عام میں ’’شب برات‘‘ کہا جاتا ہے ، جس کی وجہ یہ ہے کہ برات کا معنی ہے :دور ہونا ، جدا ہونا ، نجات پانا وغیرہ اور اس رات اﷲ تعالیٰ کے نیک بندے آخرت کی رسوائی وذلت سے دور کر دیئے جاتے ہیں اور بدبخت لوگ (یعنی جو اس رات کو اپنے گناہوں سے توبہ نہیں کرتے ) اﷲ تعالیٰ کی رحمتوں اور مغفرتوں سے دور رکھے جاتے ہیں ۔(غنیۃ الطالبین )

لیکن شب برات میں اﷲ تعالیٰ کی جانب سے رحمت ومغفرت کی اس قدر برسات کے باوجود کچھ بد نصیبوں کی توبہ کے بغیر مغفرت نہیں ہوتی، چنانچہ ’’مسندالبزار‘‘ میں سیدنا ابوبکر صدیقؓ سے اور ’’سنن ابن ماجہ‘‘ میں حضرت ابوسعید خدری رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ؐنے فرمایا’’اﷲ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں رات تجلی فرماتا ہے اور تمام مخلوقات کو بخش دیتا ہے ، ماسوائے شرک ، کینہ رکھنے والے ،اسلام میں نئے فرقے بنانے والے اور چغل خور کے ‘‘دیگر روایات میں ان لوگوں کے علاوہ کچھ اور گنہگاروں کا بھی ذکر آیا ہے جو مندرجہ ذیل ہیں ،والدین کا نافرمان، شرابی ،سودخور، تکبر سے تہبند ٹخنوں سے نیچے لٹکانے والا ، رشتہ داروں سے بد سلوکی کرنے والا ، قاتل ، زانی ، نجومی ، عشار (جو محکمہ ٹیکس میں ہو اور لوگوں پر ظلم کرتا ہو)، میوزک، سارنگی طبلہ اور ڈھول بچانے والا (یعنی گانے بجانے والا )ہمسائے کے ساتھ بدسلوکی کرنے والا ، جادوگر ،اور شرطہ (یعنی رشوت خور ظالم سپاہی ۔)اس رات کو شب برات باور کرکے مختلف قسم کی مخصوس عبادات بجالانا صلوٰۃ العمری، صلوٰۃ الالفیہ ، صلوٰۃ الغوثیہ وغیرہ نامی نمازیں پڑھنا اور مروجہ دوسری باتیں ، جو آج ہر طرف دیکھنے میں آتی ہیں ،ثابت نہیں ۔ اس رسوم وبدعات کے اژدھام کا سبب کچھ تو عقیدے کی خرابی ، عمل کا بگاڑ، رسم ورواج کی پابندی وغیرہ کو بڑے خوش اسلوبی سے دور کیا جاسکتا ہے ، جبکہ اہل بصیرت اس کی حقیقت کو سمجھ سکتے ہیں کہ صرف ایک رات عبادت کرکے اپنی خطاؤں کا معاف کرالینا اتنا ہی آسان ہے تو پھر روزانہ دعائے سحر گاہی کیلئے نرم وگرم بستر کو خیر باد کہنے کی کیا ضرورت؟ پھر یہ بھی سوچنے کا مقام ہے کہ نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کے زمانے میں بھی شب برات آئی ، صحابہ کرامؓ کا زمانہ بھی گزر گیا ، تابعین ؒ وائمہ اربعہ ؒ کا زمانہ بھی گزر گیا لیکن کسی سے بھی شب برات کا حلوہ، آتش بازی، مردوں کی فاتحہ خوانی وغیرہ ثابت نہیں ۔ لہٰذ امسلمانوں کو اس قسم کی تمام بدعات سے اجتناب کرتے ہوئے سنت صحیحہ کو مشعل راہ بنانا چاہیے ۔ جو راہ نجات ہے ۔ اﷲ تعالیٰ بدعات سے محفوظ فرمائیں ۔فقہائے اسلام کا اجماع ہے کہ پندرہویں شعبان کا روزہ اور شب بیداری استحباب کے درجے میں ہے اس رات قبرستان جانا سنت نبویؐ ہے ۔تاہم قبرستان جانا صرف مردوں کیلئے اور انفرادی طور پر ہے ۔،بعض روایات کے مطابق چونکہ شب برات کو سال بھر کے اعمال اﷲ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیش کیے جاتے ہیں ، لہٰذا شب برات کو والدین ، بھائیوں ، بہنوں ، رشتہ داروں ، ہمسایوں اور دیگر لوگوں سے اپنی زیادتیوں کی معافی مانگ لینی چاہیے ، اور اگر کسی کا کوئی حق ذمے میں باقی ہوتو اس کی ادائیگی کردینی چاہیے یا پھر صاحب حق سے معافی مانگ لینی چاہیے ،اسی طرح اس شب میں رب غفور الرحیم سے اپنے تمام گناہوں کی معافی مانگ لینی چاہیے ، یاد رہے کہ توبہ کیلئے چار چیزیں ضروری ہیں ، جن کا اہتمام والتزام کرکے ہی بارگاہ رب العزت سے معافی اور آئندہ کیلئے گناہوں کو چھوڑنے کی توفیق مل سکتی ہے(۱)رب کریم کی بارگاہ میں گناہوں کااعتراف (۲) گذشتہ گناہوں پر سخت ندامت اور آہ وزاری (۳) آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ اور سچا وعدہ (۴) گناہ کی تلافی ۔ مثلاً نمازیں نہیں پڑھیں تو حساب یا اندازے سے بالغ ہونے کے بعد کی تمام فرض اور واجب نمازوں کی قضا ،اسی طرح رمضان کے روزوں کی قضا، اسی طرح جتنے برس کی زکوٰۃ ادا نہیں کی ،حساب یا اندازے سے اس کی ادائیگی،بعض روایات کے مطابق چونکہ یہ رات حکم وقضا کی رات ہے ، اﷲ تعالیٰ فرشتوں کو سال بھر کا پروگرام دے دیتے ہیں ،اس میں موت وحیات ، اعمال نیک وبد، ہر قسم کے رزق او رانعامات ، مصائب وآلام اور بیماریوں کا پروگرام بھی دیا جاتا ہے ، لہٰذا اس شب کو اﷲ تعالیٰ سے دنیا وآخرت کے خیر وبرکت کی دعائیں مانگنی چاہییں یہ بھی انتہائی افسوسناک قابل مذمت اور غیر اخلاقی وغیرشر عی امر ہے کہ بجائے عبادت کے اس مقدس وبابرکت شب کومحض آتش بازی اور پٹاخوں کی گھن گرج کی نذرکردیا جاتا ہے ۔اس کے علاوہ متعدد احادیث اس مضمون کی وارد ہیں کہ پندرہویں شعبان کی شب میں اﷲ تعالیٰ اپنے بندوں کی جانب متوجہ ہوکر مسلمان مردوعورت کی مغفرت کرتا ہے ، کافروں کی دعائیں قبول کرنے میں تاخیر کرتا ہے ، اور کینہ رکھنے والوں کی ان کی کینہ پروری کے سبب مہلت دیتا ہے تاکہ کینہ پروری ترک کریں پھر دعا کریں (بیہقی )اسی حوالہ سے امام شافعیؒ کا بیان ہے کہ پانچ راتین ایسی ہیں کہ جن میں دعا قبول ہوتی ہے (1)جمعہ کی رات(2)عیدین کی رات(3)یکم رجب کی رات (4)لیلۃ القدر کی رات (5)پندرہویں شعبان کی رات ۔اس لیے اس شب میں دعاؤں کا خصوصی اہتمام ہونا چاہیے ،دعاؤں سے تو اﷲ تعالیٰ خوش بھی ہوتے ہیں اور اس کی رحمت بھی متوجہ ہوتی ہے ،اس کے ساتھ استغفار کے عمل کو بھی حرزجان بنائیں ، جیسا کہ اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے ترجمہ’’تم اﷲ سے معافی کیوں نہیں مانگتے تاکہ تم پر رحم کیا جائے ‘‘جیسا کہ ملکی حالات پریشان کن ہیں اس کا علاج اﷲ تعالیٰ نے خود ارشاد فرمایا کہ تم بکثرت استغفار کرو تاکہ تم پر رحمت کی جائے ، لہٰذا اس بابرکت رات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اکابرین کے کچھ معمولات نقل کئے جاتے ہیں ،قارئین سے درخواست ہے کہ اس بابرکت رات میں پاکستان اور امت مسلمہ کے موجودہ حالات اور اس پریشان کن صورتحال پر درج ذیل دعاؤں اور مختصر وظائف کی پابندی کریں

بہر حال حقیقت یہ ہے کہ اس رات کی فضیلت کو بے اصل کہنا غلط ہے ، کیونکہ دس سے زیادہ صحابہ کرامؓ سے اس رات کی برکات بیان ہوئیں ، اگرچہ روایات میں ضعف ہے لیکن اتنی تعداد صحابہؓ سے روایت ضعف کو دور کردیتی ہے ۔ اصل میں اﷲ تعالیٰ نے یہ شب برأت رمضان المبارک سے دوہفتے پہلے رکھی ہے۔ یہ در حقیقت رمضان المبارک کا استقبال ہے ، رمضان کی تیاری کرائی جارہی ہے کہ تیار ہوجاؤ اب وہ مقدس مہینہ آنے والا ہے جس میں ہماری رحمتوں کی بارش برسنے والی ہے جس میں ہم مغفرت کے دروازے کھولنے والے ہیں جب آدمی کسی بڑے دربار میں جاتا ہے تو جانے سے پہلے اپنے آپ کو پاک صاف کرتا ہے کپڑے وغیرہ بدلتا ہے لہٰذا اﷲ تعالیٰ کا عظیم دربار رمضان کی صورت میں کھلنے والا ہے تو اس دربار میں حاضری سے پہلے ایک رات دے دی ، ہم تمہیں اس رات کے اندر نہلا دھلا کر پاک صاف کردیں ، گناہوں سے پاک صاف کریں تاکہ ہمارے ساتھ تمہارا تعلق صحیح معنی میں قائم ہوجائے اس غرض کیلئے اﷲ تعالیٰ نے ہمیں یہ رات عطا فرمائی اس لئے ہم کو اس رات کی قدر پہچاننی چاہیے اﷲ تعالیٰ ہمیں اس مبارک رات کی قدر کرنے اور اس رات میں عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ،آمین ۔
 
Salman Usmani
About the Author: Salman Usmani Read More Articles by Salman Usmani: 182 Articles with 187735 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.