بغیر قبضہ کئے حکمرانی کا مزہ ہی اور ہے
(Syed Musarrat Ali, Karachi)
|
(چین پاکستا ن کو خلا میں لے جاتے ہوئے) |
|
(چین پاکستا ن کو خلا میں لے جاتے ہوئے) ہر قوم نے طاقت کی بنیادپر زمین زیادہ سے زیادہ اپنے قبضے میں لی، لے رہی ہے اور لیتی رہے گی ، یہ انسان کی جبلت میں ہے۔افسوس اس بات کا ہے کہ تاریخ میں زیادہ تر قوموں نے کسی زمین پر قبضہ کیا ، وہاں کے اصلی باشندوں کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک روا رکھا، ہر قسم کی پیداوارمع معدنیات کو اپنے ٹھکانے پر منتقل کیا اور رفو چکر ہوگئے، وہ جنوبی افریقہ ہو یا بر صغیر۔ان میں سے کچھ قوموں نےقبضہ شدہ زمین کو محض دولت کے حصول کو مقصد بنایا اور کچھ نے قبضہ شدہ زمین کو اپنے استعمال کی غرض سے اس قدر بدل ڈالا کہ وہ ان کے اپنے وطن کی مانند لگنے لگی، جن میں انگریز قوم جس کا تعلق برطانیہ سے ہے ، صفِ اول میں شمار ہوتی ہے ، اسی لئے آج بھی اس کا نظام حکومت، طرزِ حکمرانی اور اس کی چھوڑی ہوئی زمینوں پر رہنے والے لوگ اپنے اس ماضی کو شدت سے یاد کرتے ہیں کیونکہ وہ خود قابض قوم کی مانند پوری طرح نظام حکومت یا طرزِ حکمرانی قائم نہ رکھ سکے بلکہ "کوّا چلا ہنس کی چال، اپنی بھی بھول گیا" کے زندہ مثال بنے پڑے ہیں جو ان کی لالچ و ہوسِ دولت کے باعث روزِ روشن کی طرح واضح ہے۔کون سی قوم ہے جس میں بے ایمانی، کرپشن اور ناانصافی نہ ہوتی ہو لیکن کئی قوموں نے اپنی کوششوں سے پہلے تو نظام حکومت شفاف طریقے سے قائم کیا پھر سخت گیر طرزِ حکومت کے ذریعے عدل و انصاف کا معاشرے کی بنیاد رکھی۔ یقیناً عام عوام نے بھی ایک اچھا طریقتِ حکمرانی دیکھ کر دل سے ساتھ دیا خاص طور سے صفائی نصف ایمان کے بجائے صفائی مکمل ایمان کا مظاہر ہ کیا۔ہماری اسی زمین پر ایک قوم تو ایسی ہے جس کے لوگوں میں کاہلی، نشے میں دھت پڑے رہنا اور کرپشن دنیا میں سب سے زیادہ تھی لیکن ایک شخص نے، جی ہاں محض ایک شخص نے ایسے نظریات پیش کئے جو بظاہر ناقابلِ عمل نظر آتے تھے لیکن اس نے اپنے آپ اور اپنے ساتھیوں کی ٹیم کو پوری قوم کے سامنے عمل کرکے ایک مثال قائم کی۔اس کا نام تھا ماؤزے تُنگ اور اس قوم کا نام ہے چینی قوم۔اس قوم نے بِنا اپنی طاقت دکھائے اپنی ہنرمندانہ صلاحیتوں کو استعمال کرکے نہائت ہی قلیل مدت میں پوری دنیا پر اپنی معاشی برتری ثابت کر دی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ اس نے بغیر کسی سے جھگڑا کرکے اپنے آپ کو ایک سُپر پاور ثابت کر دیا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی اس نے سانس نہیں لی بلکہ خلاؤں کو مسخر کرکے "ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں" کا کلمہ پڑھنے والی قوم کو اپنے ساتھ چلنے کی ترغیب دی ہے بغیر اس پر قبضہ کئے۔ |