چاند سورج گرد_راہ


عالمی طاقتیں حیران ہیں کہ بٹہ گرام میں ہزاروں فٹ کی بلندی پر پھنسے انسانوں کو کیسے بچا لیا گیا! انگشت بدنداں ہیں کہ بظاہر مشن امپاسیبل کو، ایک وسائل سے محروم قوم نے کس طرح انجام دے لیا! کیا جرات ہے ،کیا بہادری ہے ! انسانیت کی معراج ہے کہ بغیر کسی مفاد کے لوگوں نے اپنی جانیں داؤ پہ لگاکے سب افراد کو زندہ بخیر و عافیت زمین پر کیسے اتار لیا !(سب افراد اور ادارے جنھوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا ،سب دادو تحسین کے منتظر ہیں) ابھی شکرانے کے نوافل ہی ادا کئے تھے کہ صبح ہوتے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر انڈیا کے چاند پر جانے کی خبریں ہر طرف پھیلا دی گئیں اور پھر اس کا موازنہ بٹہ گرام آپریشن سے کرکے پاکستانی قوم کو طعنے مارے جارہے ہیں ،انڈیا کے چاند پر جانے کی خوشی کیوں منارہے ہیں پاکستانی ؟ پہلے اپنے مقام کا تعین تو کرلیں ۔آپ کے پاؤں تلے جو دھرتی ہے ،جس پہ آپ کھڑے ہو، یہ مٹی پاکستانی ہے یا انڈیا کی ؟ آپ بغیر سوچے سمجھے ہر پوسٹ کو شئیر کرنے سے پہلے اتنا تو سوچو کہ یہ موازنہ اس وقت کیوں کیا جارہا ہے ؟ کچھ دن پہلے "یوم_آزادی" تو منایا ہوگا ؟ ابھی ظالم اور مظلوم کا فرق واضح نہیں ہوا ؟پاکستان جو اول روز سے اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے ،اس وقت "ففتھ جنریشن وار" کا ٹارگٹ ہے۔ دشمن بڑا مکار ہے ،ہنسی ہنسی میں اس قوم کی رگوں میں وطن سے نفرت کا زہر اتار رہا ہے اور مورال پست کرنے میں لگا ہوا ہے۔ جو خبریں اور تصاویر بھارت کے چاند پر جانے کی شئیر کی جارہی ہیں ،ان میں جھنڈا ہوا میں لہرا رہا ہے اور پیچھے فضا میں ایک اور چاند نکلا ہوا ہے-اسپیس شپ زمین پر ٹکا ہوا ہے جب کہ چاند پر ہوا اور کششِ ثقل ہوتی ہی نہیں۔ تھوڑا سا غور کرنے والا بھی سمجھ سکتا ہے کہ فیک پکچرز ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تیار کی گئ ہیں !

اگر آپ حق کا ساتھ نہیں دے سکتے تو باطل کے لئے تالیاں بھی مت بجاؤ !

~ پرے ہے چرخ_نیلی فام سے منزل مسلماں کی
ستارے جس کی گرد_ راہ ہوں ،وہ کارواں تو ہے !