چینی صدر کا سال نو کا خطاب ،ایک جائزہ

چین کے صدر شی جن پھنگ نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سال نو کی مناسبت سے اہم خطاب کیا اور دنیا کو امید، اعتماد اور امن کا پیغام دیا۔صدر شی جن پھنگ کے خطاب میں دیے گئے پیغام کی اہم جھلکیاں کچھ یوں ہیں۔

اعلیٰ معیار کی ترقی

شی جن پھنگ نے کہا کہ چینی معیشت نے اعلیٰ معیار کی ترقی کے عمل میں مسلسل پیش رفت کے ساتھ بحالی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔شی جن پھنگ کے مطابق چین نے مسلسل 20 ویں سال زبردست فصل حاصل کی ہے۔پانی صاف ہو چکا ہے اور پہاڑ سرسبز ہو گئے ہیں۔ دیہی احیاء کے عمل میں نئی پیش رفت ہوئی ہے۔ شمال مشرقی چین کو مکمل طور پر بحال کرنے میں نئی پیش رفت ہوئی ہے۔چینی صدر نے مزید کہا کہ شیانگ ان نیا علاقہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے،دریائے یانگسی کی اقتصادی پٹی زندگی سے بھرپور ہے، اور گوانگ دونگ۔ہانگ کانگ۔مکاؤ گریٹر بے ایریا ترقی کے نئے مواقع کو اپنا رہا ہے۔شی جن پھنگ نے کہا کہ طوفان کا سامنا کرنے کے بعد چینی معیشت پہلے کے مقابلے میں زیادہ لچکدار اور متحرک ہے۔

جدت طرازی پر مبنی ترقی

چینی صدر نے کہا کہ 2023 ء میں چین کی جدت طرازی پر مبنی ترقی میں پختہ عزم کے ساتھ نئی بلندیاں حاصل ہوئی ہیں اور ہر روز نئی تخلیقات اور اختراعات ابھر رہی ہیں۔چین کا سی 919 بڑا مسافر ہوائی جہاز تجارتی خدمات کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔ چینی ساختہ بڑے کروز جہاز نے اپنا آزمائشی سفر مکمل کرلیا ہے۔ شینزو خلائی جہاز خلا میں اپنے مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چین میں ڈیزائن اور تیار کردہ مصنوعات، خاص طور پر جدید برانڈز، صارفین میں بہت مقبول ہیں.چینی ساختہ موبائل فونز کے جدید ترین ماڈلز مارکیٹ میں فوری کامیابی کر رہے ہیں۔ نئی توانائی کی گاڑیاں، لیتھیم بیٹریاں اور فوٹو وولٹک مصنوعات چین کی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کا ثبوت ہیں۔

اصلاحات کو گہرا کرنا اور کھلا پن

شی جن پھنگ نے سال نو کے موقع پر اپنے خطاب میں اصلاحات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ترقی میں لوگوں کے اعتماد کو مزید بڑھانے، معیشت کی متحرک ترقی کو فروغ دینے اور تعلیم کو فروغ دینے، سائنس اور ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوششوں کو دوگنا کرنے پر زور دیا۔شی جن پھنگ نے کہا کہ ہم ہانگ کانگ اور مکاؤ کو ان کی مخصوص طاقتوں کو بروئے کار لانے، چین کی مجموعی ترقی میں خود کو بہتر طریقے سے ضم کرنے اور طویل مدتی خوشحالی اور استحکام کو یقینی بنانے میں مدد کی فراہمی جاری رکھیں گے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک کی وحدت تاریخ کا تقاضا ہے۔ آبنائے تائیوان کے دونوں کناروں کے ہم وطنوں کو ہاتھ میں ہاتھ تھام کر قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کی شان و شوکت میں شامل ہونا چاہئے۔

امن کا فروغ

شی جن پھنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ عالمی منظر نامہ کیا شکل اختیار کرتا ہے لیکن امن اور ترقی بنیادی رجحان ہے، اور صرف باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہی کام کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کچھ حصوں میں بدستور تنازعات جاری ہیں۔ چینی عوام امن کی قدر سے بخوبی آگاہ ہیں۔شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین انسانیت کی مشترکہ بھلائی کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے، بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر اور دنیا کو سب کے لئے ایک بہتر جگہ بنانے کے لئے تیار ہے۔
چین کی عالمی ساکھ کی مضبوطی

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین نہ صرف خود ترقی کر رہا ہے بلکہ ایک بڑے ملک کی ذمہ داریاں فعال طور پر نبھا رہا ہے۔چین نے کامیابی کے ساتھ
چین وسطی ایشیا سمٹ اور تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون کا اہتمام کیا۔ ان سرگرمیوں میں مختلف ممالک سے دوست تشریف لائے۔شی جن پھنگ نے کہا کہ انہوں نے کچھ ممالک کا دورہ بھی کیا،چند بین لااقوامی اجلاسوں میں شرکت کی، بہت سے پرانے دوستوں اور نئے ساتھیوں سے ملاقات کی، اور چین کا موقف پیش کرتے ہوئے آپس کے اتفاق رائے کو مضبوط بنایا ہے۔

نئے سال 2024 کے اہداف

شی جن پھنگ نے اپنے خطاب میں چینی عوا م کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت کرنے والے کسان، مزدور، اور کارباری افراد ہوں یا ملک کا دفاع کرنے والے سپاہی، مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنی اپنی جگہ پر غیرمعمولی خدمات سرانجام دی ہیں۔عوام ہمیشہ تمام مشکلات پر قابو پانے میں ہماری سب سے بڑی حمایت رہے ہیں۔سال 2024 میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ملک کو ثابت قدمی کے ساتھ چینی طرز کی جدیدکاری کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ نئے ترقیاتی نظریات پر مکمل، صحیح اور جامع طور پرعمل درآمد کرتے ہوئے نئے ترقیاتی ڈھانچے کو تشکیل دینے میں تیزی لانا ہوگی تاکہ اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھاتے ہوئے ترقی اور سلامتی کو بہتر انداز میں ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ معاشی بحالی کے عمدہ رجحان کو مزید مضبوط بنایا جائے اور معیشت کی پائیدار اور مستحکم ترقی کو یقینی بنایا جائے۔چینی صدر نے کہا کہ ہمارا حتمی مقصد لوگوں کو بہتر زندگی فراہم کرنا ہے۔بچوں کی تعلیم، نوجوانوں کا روزگار اور بزرگوں کی دیکھ بھال جسے امور کومل کر احسن طور پر انجام دینا ہوگا۔ ہم آہنگ اور دوستانہ سماجی ماحول پیدا کرتے ہوئے اختراعات کی کھلی فضا کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ زندگی کے بہتر حالات پیدا کرنے ہوں گے تاکہ سب لوگ خوشی سے معاش کو آگے بڑھا سکیں اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کر سکیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 617330 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More