چین کی انسداد بدعنوانی مہم کے رہنما خطوط

ابھی حال ہی میں چین کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) میں خود اصلاح کو آگے بڑھانے اور بدعنوانی کے خلاف کٹھن اور طویل جنگ جیتنے پر زور دیا گیا ہے۔چینی صدر شی جن پھنگ نے ملک کے انضباطی معائنہ کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں انسداد بدعنوانی کی مسلسل کوششوں کے تحت بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ایک زبردست فتح حاصل کی گئی ہے، جس میں کامیابیاں جامع طور پر مستحکم ہوئی ہیں۔شی جن پھنگ نے کہا کہ ان کامیابیوں کے باوجود صورتحال اب بھی سنگین اور پیچیدہ ہے ،اس مشکل اور طویل جنگ کو جیتنے کے لیے مزید کوششوں ، بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ہونے والی نئی پیش رفت اور بدعنوانی کی افزائش گاہوں اور حالات سے پوری طرح آگاہی لازم ہے۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی مارکسسٹ حکمران جماعت کی حیثیت سے سی پی سی کو اس اسٹریٹجک سوال کا سامنا ہے کہ عروج و زوال کے تاریخی چکر سے کیسے بچا جائے اور کس طرح پارٹی اپنی نوعیت، اپنے بنیادی اقدار یا کردار کو کبھی تبدیل نہ کرنے کے عزم پر ثابت قدم رہ سکتی ہے۔ 2012 میں 18 ویں سی پی سی نیشنل کانگریس کے بعد سے ، پارٹی نے بہترین سیلف گورننس اور خود اصلاح کو آگے بڑھایا ہے۔اس دوران اعلیٰ قیادت کی جانب سے پارٹی کی خود اصلاح کو آگے بڑھانے کے لئے اہم امور کی واضح نشاندہی کی گئی ہے۔ان امور میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کی مرکزی، متحد قیادت کو برقرار رکھنا ، عظیم سماجی انقلاب کی رہنمائی کرنا ،ایک نئے دور میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم پر مبنی سوچ کو آگے بڑھانا ،ایسے خصوصی چیلنجوں سے نمٹنا جو سی پی سی جیسی بڑی پارٹی کو درپیش ہیں ،جامع اور مضبوط خود حکمرانی کے استعمال کے لئے نظام کو بہتر بنانا،مضبوط پارٹی تنظیمیں تشکیل دینے اور انتہائی پرعزم پارٹی ممبروں کو تیار کرنا ،پارٹی کے طرز عمل کو بہتر بنانا، پارٹی ڈسپلن کو نافذ کرنا اور بدعنوانی کے خلاف لڑنا ، وغیرہ شامل ہیں۔

ملک کی اعلیٰ قیادت کے نزدیک نئے دور میں انسداد بدعنوانی کی مہم کو آگے بڑھانے کے لئے بدعنوانی کی افزائش گاہوں اور ماحول کو ختم کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کی جائیں ۔اس بات کو یقینی بنانے کے لئے مربوط اقدامات کیے جائیں کہ افسران کو بدعنوان بننے کی جرات، موقع یا خواہش نہ ہو، ساتھ ہی انسداد بدعنوانی کی مہمات کے پیمانے اور وسعت کو بڑھانے کے لئے مسلسل کوششیں اور بدعنوانی کی روک تھام اور سدباب کے لئے باقاعدہ اور طویل مدتی اقدامات لازم ہیں ۔

بدعنوانی کے خلاف جنگ میں پارٹی کی مرکزی اور متحد قیادت کے کردار کو بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا جائے۔ اعلیٰ قیادت نے بدعنوانی کے خلاف سخت موقف برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مسلسل سنگین اور پیچیدہ صورتحال میں انسداد بدعنوانی مہم کو روکنے ، سست کرنے یا سمجھوتہ کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔اس ضمن میں حکام اور کاروباری افراد کے درمیان گٹھ جوڑ کی شکل میں بدعنوانی کا مقابلہ کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے، اقتدار کے غلط استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور مختلف مفاد پرست اور طاقت ور گروہوں کو سیاسی میدان میں مداخلت سے روکنے کی کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔

اعلیٰ قیادت نے فنانس، سرکاری اداروں، توانائی، ادویات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے شعبوں میں بدعنوانی کے خاتمے کے لئے وسیع تر کوششوں کے ساتھ ساتھ عوام کی دہلیز پر ہونے والی بدعنوانی کے خلاف تادیبی اقدامات اور موئثر کوششوں پر زور دیا۔بدعنوانی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اصلاحات کو گہرا کرنا ضروری ہے ، اس ضمن میں ایک مربوط پیشگی انتباہ اور سزا کے میکانزم پر زور دیا گیا ، اور بدعنوانی کی نئی اور چھپی ہوئی شکلوں سے نمٹنے کے لئے مضبوط لائحہ عمل کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

بدعنوانی کے خلاف لڑنے والے قانونی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلیٰ قیادت نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف قومی قانون سازی کو مسلسل فروغ دیا جانا چاہئے اور نگرانی کے قانون میں وقت کے مطابق ترمیم کی جانی چاہئے جبکہ پارٹی کے اندر نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کے لیے تعلیمی مہم چلانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

رشوت خوری کے واقعات سے نمٹنے اور سزا دینے کی کوششوں کو دوگنا کرنے اور رشوت دینے والوں کے غیر قانونی مفادات کی سرکوبی اور ان سے نمٹنے کی کوششوں پر زور دیا گیا۔سیاسی ماحول کو شفاف بنانے، کاروباری معاملات کے قواعد کو پارٹی میں داخلے سے روکنے اور عہدیداروں کے انتخاب اور تقرری میں بدانتظامی کو مستقل طور پر درست کرنے کے لئے مسلسل اور سخت کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔

چین کی اعلیٰ قیادت نے یہ بھی واضح کر دیا کہ انسداد بدعنوانی کے لیے نئے دور میں دیانت داری کے کلچر کو فروغ دینے، پارٹی کی قابل فخر روایات اور قابل احترام طرز عمل کو آگے بڑھانے اور پارٹی ممبران کے اعلیٰ نظریات کو آگے بڑھانے کی کوششیں کی جائیں ،تاکہ ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور جدیدکاری کے چینی راستے کے ذریعے تمام محاذوں پر قومی احیاء کو عملی جامہ پہنانے کی مضبوط ضمانت فراہم کی جا سکے۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1324 Articles with 615238 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More