طویل خشک سالی کے بعد آخر کار قدرت مہربان ہوئی اور سوات کے میدانی علاقوں
میں بارش جبکہ پہاڑی وسیاحتی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ،
تقریباً تین ماہ کی طویل خشک سالی اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث امسال
برفباری کا سلسلہ کافی دیر سے شروع ہوا، ماضی میں وادی سوات میں سردی کا
موسم عموماً گزرتے سال کے نومبرکے مہینے سے شروع ہوتا تھا اور پہاڑی مقامات
پر دسمبر کے مہینے سے برفباری معمول کی بات ہوتی لیکن انسان کے اپنے ہاتھوں
ماحول کو پہنچائے جانے والے نقصان اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث اب ان
خوبصورت مقامات کے موسم بھی کا فی بربادی سے دوچار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ
طویل خشک سالی کے بعد دسمبر کے مہینے میں ہونے والی بارشوں اور برفباری کا
سلسلہ نئے سال 2024 کے پہلے مہینہ جنوری کے آخر میں شروع ہوا۔
26/27 جنوری کی درمیانی رات سے شروع ہونے والی بارش اور برفباری کی وجہ سے
سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سمیت سیاحتی علاقوں مرغزار، مالم جبہ میاندم،
مدین ، بحرین اور کالام کی رونقیں دوبالاہوگئیں ، پہاڑی مقامات میں برفباری
کے بعد ان حسین وادیوں نے برف کی سفید چاد ر اُوڑھ لی ہے جس کی وجہ سے پورے
علاقے میں برف ہی بر ف نظر آرہی ہے ، برفباری کی خبریں میڈیا پر نشر ہونے
کے فوری بعد ہی ملک بھر سے سیاحوں نے سوات کے حسین سیاحتی مقامات کا رُخ
کرلیا ہے اور اب صورت حال یہ ہے کہ تمام سیاحتی مقامات کے ہوٹل سیاحوں سے
بھر گئے ہیں اور مزید سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔
سیاحتی مقامات کے باشندے بھی بارش اور برفباری سے کافی خوش دکھائی دے رہے
ہیں کیونکہ ان علاقوں کے رہائشیوں کے معاش کا بیشتر دارومدار ان سیاحوں کی
آمد سے وابستہ رہتاہے،طویل خشک سالی کے باعث ان کا کاروبار بھی ماند پڑگیا
تھا لیکن قدرت مہربان ہونے اور بارش وبرفباری کا سلسلہ شرو ع ہونے کے بعد
ان کی مشکلات میں کافی کمی آگئی ہے اورسیاحوں کی آمد سے اب ان کے کاروباروں
کا رُکا ہوا پہیہ چل پڑا ہے ۔
پریوں کی وادی سوات جو اپنے حسین سیاحتی علاقوں کی وجہ سے دنیا بھر میں
مشہور ہے ، ملک اور بیرون ملک سے ہرسال لاکھوں کی تعداد میں سیاح سوات کے
مختلف سیاحتی علاقوں کا رُخ کرتے ہیں اور یہاں کے حسین نظاروں سے لطف اندوز
ہونے کے ساتھ ساتھ حسین مناظر کو اپنے کیمروں کے ذریعے محفوظ کرکے اپنے
ساتھ لے جاتے ہیں اور بعد میں ان تصاویر کو اپنے ان پیاروں سے شیئر کرتے
ہیں جنہوں نے کبھی سوات کو دیکھا بھی نہیں ہوتا لیکن ان حسین مناظر کو
دیکھنے کے بعد ان کو صبر کا” یارا“ نہیں رہتا اور وہ بھی اپنی پہلی فرصت
میں سوات کا رُخ کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہر سال پچھلے سال کی بہ نسبت
زیادہ تعداد میں سوات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔
حالیہ برفباری کے بعد سیاحوں کی بہت بڑی تعداد اس وقت کالام اور مالم جبہ
میں موجود ہے سطح سمند سے نو ہزار آٹھ سو فٹ بلند ی پر واقع پریوں کی وادی
مالم جبہ جو اپنی جادوئی حسن کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے اور ہر سال
لاکھوں کی تعداد میں سیاح اس وادی کا رخ کرکے اس کے حسن کو مزید چار چاند
لگاتے ہیں ، واضح رہے کہ ماضی میں موسم گرمی کا ہوتا یا سردی کا مالم جبہ
اور کالام سمیت دیگر سیاحتی وادیاں سیاحوں سے بھری رہتیں اوردسمبرکے مہینے
میں آسمان سے گرتے سفید برف کے گالوں کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں سیاح
ان علاقوں میں موجود رہتے لیکن ماحولیاتی تبدیلی کے باعث امسال طویل خشک
سالی کے بعد ان وادیوں کی رونقیں بھی ماند پڑگئیں تھی تاہم دیر سے صحیح
لیکن سرمائی موسم کے آغاز پرہونے والی برفباری نے سوات کی حسین وادی مالم
جبہ کی اہمیت مزید بڑھا دی اور برف باری کا آغاز ہوتے ہیں مالم جبہ کے
علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ادارہ سیمسنز کے منتظمین نے بھی چار
فروری سے مختلف کھیلوں جس میں والی بال اور بیڈ منٹن سمیت دیگر کھیل شامل
ہیں کے مقابلے منعقد کرنے کا اہتمام کیا ہے جس کیلئے ملک کے مختلف علاقوں
سے کھلاڑی پہنچ گئے ہیں اور اپنے اپنے شعبوں میں مہارت کا مظاہرہ کررہے ہیں
برف پر مختلف کھیل کھیلنے والوں نے بھی اس خوبصورت وادی کا رُخ کرکے بین
الاقوامی سطح پرسوات کے حسین نظاروں کا لطف دوبالا کردیا ہے۔
کالام میں موجود اسلام آباد سے آنے والے سیاح خاندان کی خاتون نے گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے بہت خوبصورت بنایا ہے ہم لوگ
خواہ مخواہ یورپ اوردیگر ملکوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے
ملک میں حسین نظاروں کی حامل بے شمار علاقے پید ا کئے ہیں بس ان کو کھوجنے
کی ضرورت ہے، مالم جبہ کے حوالے سے کہا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ میں جنت
میں موجود ہوں مالم جبہ بہت خوبصورت وادی ہے یہاں پر اونچے اونچے پہاڑ ،
گھنے جنگلات اور برف کی سفیدی کو میں بہت انجوائے کر رہی ہوں،میں ملک بھر
سے سیاحت کے شوقین سیاحوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ وہ ایک بار سوات کا وزٹ
ضرور کرلیں اور دیکھیں کہ قدرت نے اس علاقے کو کس فیاضی سے خوبصورتی عطا کی
ہے۔ کالام کے علاقے مٹلتان میں بھی اس وقت برف باری کے حسین مناظر دیکھے
جاسکتے ہیں جہاں حالیہ برفباری کے بعد پوری وادی مٹلتان نے برف کی سفید
چادر اُوڑھ لی ہے اور ہر طرف برف ہی برف نظر آرہی ہے ، حالیہ برفباری سے
جہاں سیاح کافی خوش دکھائی دے رہے ہیں اور وہ ملک کے کونے کونے سے ان حسین
مناظر کو دیکھنے کیلئے خرچے کرکے پہنچ رہے ہیں تودوسری جانب مقامی لوگ بھی
طویل خشک سالی کے بعد ہونے والی برف باری سے کافی خوش دکھائی دے رہے ہیں
کیونکہ ان علاقوں میں موجود مختلف قسم کے پھلوں اور دیگر زرعی اجناس کو خشک
سالی سے نقصان کا اندیشہ تھا جو اب کافی حد تک ختم ہوگیا ہے اور اُمید کی
جارہی ہے کہ سال نو پر موسم سرما کی اس پہلی بارش اور برفباری کے موسمی
فصلوں پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔
مالم جبہ میں سیمسنز کے ترجمان وحید اللہ قرار نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ
امسال طویل خشک سالی کی وجہ سے سیاحتی سیزن کو کافی دھچکا لگا اور سیاح جو
نومبر، دسمبر سے لے کرنئے سال کے مارچ کے مہینے تک سوات کے برفانی موسم کے
مزے لیتے تھے لیکن وہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سرد موسم کے باوجود اس
نعمت اور حسین نظاروں کو دیکھنے سے محروم رہے لیکن پھر بھی اللہ کا شکر ہے
کہ سال کے دوسرے مہینے یعنی فروری کے آغا ز پر بارش وبرفباری کا سلسلہ شروع
ہوا جس سے یقینی طورپر سیاحوں کی سوات کی سیاحت کے حوالے سے شوق کچھ نہ کچھ
پور ا ہوجائے گا۔ وحیداللہ قرار نے مزید بتایا کہ برفباری شروع ہوتے ہی
ہمارے ادارے نے ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے 4 فروری سے حسین وادی
مالم جبہ میں سپورٹس فیسٹیول کے ذریعے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام
کیاہے جس میں والی بال، بیڈ منٹن اور دیگر سپورٹس کے مقابلے شامل ہوں گے
اور اس میں ملک بھر سے مشہور کھلاڑی شامل ہوکر سرد موسم کو گرمائیں گے
۔ترجمان کے مطابق ماضی میں مالم جبہ میں برف پر کھیلے جانے والے مختلف قسم
کے کھیل جس میں اسکینگ کے مقابلے شامل ہوتے تھے اور گزشتہ سال ہونے والے
مقابلوں میں یوکرائین ، کنیڈا ، انگلینڈ اور دیگر ممالک کی ٹیموں نے بھی
حصہ لیا تھا اور اگر اس سال بھی برف باری کا سلسلہ دیر تک جاری رہا تو
اُمید کی جاتی ہے کہ پھر اسی طرح کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا واضح
رہے کہ مالم جبہ سکی ریزارٹ میں آنے والے سیاحوں اور ان کے بچوں کو بھی
اسکینگ کی ٹریننگ دی جاتی ہے جس میں وہ ایک ٹکٹ میں دو مزے لیتے ہیں ساتھ
میں برف باری اور اسکینگ کو بھی انجوائے کرتے ہے ، مالم جبہ اسکی ریزارٹ کے
ٹاپ تک پہنچے کے لئے انٹر نیشنل طرز کا چیئر لفٹ بھی بنایا گیا ہے جس میں
سیاح اور کھلاڑی اوپر ٹاپ تک جاتے ہیں اور وہاں سے خوبصورت وادی کے حسین
نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں، مالم جبہ میں سیاحوں کی دل چسپی کیلئے
پاکستان کا سب سے بڑا زپ لائن بھی بنایا گیا ہے جس کی لمبائی 140 میٹر ہے
اور مالم جبہ کی سیر کو آنے والے اس زپ لائن سے بھی خوب لطف اُٹھاتے
ہیں۔قصہ مختصر سوات میں طویل خشک سالی کے بعد حالیہ برف باری نے خوب سماں
باندھا ہے اور مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاح بھی اللہ تعالیٰ سے دعا گو
ہیں کہ خشک سالی کا ایسا وقت دوبارہ نہ آئے اور یونہی بارشوں اور برف باری
کا سلسلہ جاری رہے تاکہ وہ قدرت کے ان حسین مناظر سے ہمیشہ لطف اندوز ہوتے
رہیں ۔ |