برکس سمٹ 2024 سے وابستہ توقعات

سال 2024کا برکس سربراہ اجلاس 22 سے 24 اکتوبر تک روس کے شہر کازان میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس برکس میں پانچ نئے ارکان سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات، ایران اور ایتھوپیا کی شمولیت کے بعد پہلا اجلاس ہے ۔ماسکو کے مطابق، اس سال روس کی صدارت کے دوران، وہ تین اہم شعبوں میں شراکت داری اور تعاون کو بڑھانے کو ترجیح دے گا جن میں سیاست اور سلامتی، معیشت اور مالیات، اور ثقافتی اور افرادی تعلقات ، شامل ہیں.

ماہرین کا خیال ہے کہ عالمی اقتصادی اور سیاسی گورننس سسٹم میں اصلاحات کو فروغ دینا سربراہی اجلاس کی اولین ترجیح ہوگی۔چونکہ برکس کی توسیع کے بعد یہ پہلا سربراہی اجلاس ہے، اس لیے ممکنہ طور پر اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ برکس فریم ورک میں نئے ارکان کو مؤثر طریقے سے کس طرح ضم کیا جائے اور کیا مستقبل میں توسیع کے طریقہ کار کو تبدیل کیا جائے؟ ۔روس نے "برکس پارٹنر ممالک" کا تصور پیش کیا ہے ، جس سے یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ آیا سربراہ اجلاس کے دوران کسی بھی ملک کو باضابطہ طور پر برکس پارٹنر ممالک کے پہلے گروپ کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ برکس ادائیگی کے نظام کے قیام کو فروغ دینا، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا، توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانا، سپلائی چین کی حفاظت اور سائنسی تعاون کو فروغ دینا جیسے موضوعات بھی سمٹ کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔

برکس دنیا کی 40 فیصد سے زیادہ آبادی کی نمائندگی کرتا ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق 2021 میں پانچ برکس معیشتیں دنیا کی مجموعی گھریلو پیداوار کا تقریباً ایک چوتھائی رہی ہیں اور انہوں نے عالمی اقتصادی ترقی میں نصف سے زیادہ حصہ ڈالا ہے ۔ تاہم عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ میں برکس ممالک کے ووٹنگ کے حقوق 2021 میں 15 فیصد سے بھی کم ہیں۔ماہرین کا خیال ہے کہ برکس بین الاقوامی گورننس میں عدم توازن کو دور کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا ، جس نے گلوبل ساؤتھ کے ممالک کی آواز کو بڑھایا ہے۔ اجلاس میں تعاون کے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور رکن ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط کیا جائے گا۔

یہ توقع بھی ظاہر کی گئی ہے کہ برکس خاندان کے ایک اہم رکن کے طور پر برکس سربراہ اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پھنگ موجودہ بین الاقوامی صورتحال، برکس عملی تعاون، برکس میکانزم کی ترقی اور مشترکہ دلچسپی کے اہم امور پر مختلف ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ چین برکس تعاون کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے ، گلوبل ساؤتھ کے اتحاد کے نئے دور کا آغاز کرنے اور مشترکہ طور پر عالمی امن و ترقی کو فروغ دینے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرے گا ۔

اسی طرح روس اس سربراہی اجلاس کے ذریعے تجارت، سرمایہ کاری، جدت طرازی اور ٹیکنالوجی میں اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا مقصد مضبوط اقتصادی ترقی ہے۔ اہم اقدامات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے ذریعے کاروباری تعلقات کو بڑھانا، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ اور بڑھتی ہوئی یکطرفہ پابندیوں اور تحفظ پسند انہ اقدامات کے درمیان مالی استحکام کو یقینی بنانا شامل ہے۔

حالیہ برسوں میں، ابھرتے ہوئے ممالک بین الاقوامی لین دین کے خطرات کو کم کرنے کے لئے ایک متبادل ادائیگی کے نظام کے قیام کی تلاش کر رہے ہیں کیونکہ ڈالر کی بنیاد پر یکطرفہ پابندیوں نے بین الاقوامی مالیاتی نظام کی کمزوریوں کو بڑھا دیا ہے. برکس ممالک کے لئے آزاد ادائیگی کے نظام یا سپرنیشنل کرنسی کو ابھی تک مکمل طور پر تلاش نہیں کیا گیا ہے۔ اس سال کے سربراہی اجلاس میں ممکنہ طور پر مالیاتی تعاون اور ادائیگی کے نظام کی سمتی تلاش پر زور دیا جائے گا۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چونکہ توانائی اور بنیادی ڈھانچہ اقتصادی ترقی اور علاقائی انضمام کے لئے ضروری ہے ، لہذا توقع ہے کہ سربراہی اجلاس کے دوران ان شعبوں پر بہت زیادہ توجہ دی جائے گی۔اسی طرح برکس ممالک 2014 میں برکس ممالک کے ذریعہ قائم کردہ نیو ڈیولپمنٹ بینک (این ڈی بی) کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1372 Articles with 639491 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More