چین اور یورپی یونین تعلقات کی اہمیت

ایک ایسے وقت میں جب دنیا کی دو بڑی طاقتیں چین اور یورپی یونین سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ منا رہی ہیں، فریقین کا معاشی تعاون باہمی ترقی کی بنیاد کے طور پر کھڑا ہے، جو تجارت، جدت طرازی اور بنیادی ڈھانچے کے رابطے کو گہرا کرنے کے ذریعے عالمی غیر یقینی صورتحال سے نبرد آزما ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران، چین اور یورپی یونین کے اقتصادی تعلقات معمولی آغاز سے دنیا کے سب سے اہم دو طرفہ تعلقات میں سے ایک میں تبدیل ہوئے ہیں. تجارتی حجم، جو 1975 میں 2.4 بلین ڈالر تھا، حالیہ جغرافیائی سیاسی مشکلات اور تجارتی تنازعات کے باوجود 2024 میں بڑھ کر 785.8 بلین ڈالر ہو گیا۔

یہ ترقی ایک شراکت داری کی لچک کی عکاسی کرتی ہے جس کی جڑیں تکمیلی طاقتوں میں ہیں ، کیونکہ چین کی وسیع مینوفیکچرنگ صلاحیتیں اور ڈیجیٹل جدت طرازی کی مہارت اعلیٰ قدر کی صنعتوں میں یورپ کی تکنیکی نفاست اور قیادت کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے۔ آج، یورپی یونین چین کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جبکہ چین یورپی یونین کی درآمدات کا سب سے بڑا ذریعہ اور تیسری سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے.

تجارت کی توسیع کے ساتھ ساتھ توانائی کے نئے شعبوں میں براہ راست سرمایہ کاری اور قائدانہ تعاون کو گہرا کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر دو طرفہ سرمایہ کاری ، جو 2000 کی دہائی کے اوائل میں نہ ہونے کے برابر تھی ، 2024 تک 260 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ، جو سبز اور ہائی ٹیک تعاون کی جانب اسٹریٹجک تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔ یورپی کمپنیوں نے چین کی سبز منتقلی کے لیے فنڈز صرف کیے ہیں اور گرین ترقی میں چین کی ہم سفر رہی ہیں ۔

اسی طرح چینی کمپنیاں بھی یورپ کی کاربن سے پاک مہم یا ڈی کاربنائزیشن مہم میں اپنا کردار مضبوطی سے ادا کر رہی ہیں۔محض چند مثالوں کو لیا جاے تو چین کی معروف بیٹری ساز کمپنی سی اے ٹی ایل ہنگری میں 7.3 بلین یورو (8.25 بلین ڈالر) کا پلانٹ تعمیر کر رہی ہے۔ ایک اور چینی کمپنی زیجن مائننگ نے 2023 میں سربیا میں پہلی الیکٹرک وہیکل فیکٹری کی تعمیر میں زبردست حمایت فراہم کرتے ہوئے سرحد پار صنعتی ہم آہنگی کو اجاگر کیا ہے۔ چین مسلسل کئی سالوں سے ہنگری اور سربیا میں سب سے بڑے سرمایہ کار کے طور پر ابھرا ہے ، جس میں نئی توانائی کی گاڑیاں ان شراکتوں پر حاوی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ماہرین کے نزدیک چین اور یورپی یونین کے درمیان کھلے تعاون کو مضبوط بنانا فریقین کے باہمی تعلق اور معاشی باہمی تعلقات کی ناگزیر ضرورت ہے۔آج ، فریقین کے درمیان چائنا یورپ ریلوے ایکسپریس ، جو رابطے کے لئے ایک کلیدی نکتہ بن چکی ہے ، نے تجارتی کارکردگی کو مزید متحرک کیا ہے۔ 2011 میں اپنے آغاز کے بعد سے ، ریلوے نیٹ ورک نے مجموعی طور پر ایک لاکھ سفر کیے ہیں ، صرف 2024 میں 17،000 سفر دیکھے گئے ، جو سال بہ سال 11 فیصد اضافہ ہے۔ 25 ممالک کے 227 یورپی شہروں کو 100 سے زائد ایشیائی مراکز کے ساتھ جوڑنے والی ریل سروس سمندری راستوں کے مقابلے میں نقل و حمل کے اوقات کو 30 فیصد تک کم کرتی ہے جبکہ کاربن کے اخراج کو کم کرتی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس نے ہنگری اور پولینڈ جیسے مشرقی یورپی ممالک میں معاشی سرگرمیوں کو متحرک کرتے ہوئے چین کے چھونگ چھنگ اور چھنگ دو جیسے اندرون ملک چینی شہروں کو عالمی لاجسٹک مراکز میں تبدیل کردیا ہے۔ ریلوے کا کارگو تنوع، جو ہائی ٹیک الیکٹرانکس اور لگژری سامان سمیت 53 مصنوعات کی اقسام پر پھیلا ہوا ہے، دوطرفہ اقتصادی تعلقات کی وسعت کی عکاسی کرتا ہے۔

مستقبل کو دیکھتے ہوئے دونوں فریقوں کے درمیان وسیع تر تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے مارچ میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آج پچاس سال بعد، چین اور یورپی یونین کا مشترکہ طور پر عالمی معیشت میں شیئر ایک تہائی سے زیادہ ہے، اور دونوں کے درمیان تعاون کی اسٹریٹجک قدر اور عالمی اثر و رسوخ کہیں بڑھ چکا ہے۔ چین کا یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے موقف بڑا واضح ہے کہ صحت مند اور مستحکم تعلقات دونوں فریقوں کو عروج کی جانب لے جائیں گے اور ایک روشن دنیا کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوں گے۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1480 Articles with 773123 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More