گذشتہ دنوں ایف سی بلوچستان(ساؤتھ) کی جانب سے بلوچستان
کے ضع کیچ میں ”ترقی اور سیکیورٹی ایک مشترکہ ذمہ داری“کے عنوان سے ایک اہم
سیمینار کا انعقاد کیا کیا گیا،جس کا بنیادی مقصد معاشرے میں اس فہم اور
شعور کو اجاگر کرناتھا کہ امن وامان کا قیام،قانون کی بالا دستی اور دہشت
گردی وجرائم کا خاتمہ صرف ریاستی اداروں کی نہیں،بلکہ پورے معاشرے کی
مشترکہ ذمہ داری ہے اور امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ناممکن ہے۔اس سیمینار
میں اراکین اسمبلی بلوچستان،مقامی سیاست دانوں،سول انتظامیہ،سیکیورٹی
اداروں کے نمائندگان،انجمن تاجران،وکلاء،ڈاکٹرز،دانشور وں،قبائلی
عمائدین،صحافیوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے
کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مقررین میں صوبائی وزیر بلوچستان اسمبلی برائے منصوبہ بندی وترقی ظہور
بلیدی،صوبائی وزیر برائے کھیل وامور ِنوجوانان مینا مجید اور ڈائریکٹر
بلوچستان تھنک ٹینک ڈاکٹر سراج بشیر شامل تھے،جنہوں نے اپنے خطابات میں اس
بات پر زور دیا کہ علاقے میں دیرپاامن،ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام کی بھر
پور شمولیت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آج ہمیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے اداروں کا
ساتھ دینا ہوگا،متحد ہوکردشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا، سیسہ پلائی دیوار بننا
ہوگا تبھی جاکر ہم ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کو تشکیل دے پائیں
گے۔اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)میجر جنرل بلال سرفراز خان نے
خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی(ساؤتھ) اپنے ذمہ داری کے علاقوں میں سیکیورٹی
کی فراہمی سے لیکر جنوبی بلوچستان میں ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کررہی
ہے۔اس کے علاوہ تعلیم کی ترسیل،صاف پانی کی فراہمی،صحت کی سہولیات اور
مختلف اوقات میں آنے والی قدرتی آفات میں گراں قدر خدمات شامل ہیں۔ایف سی
(ساؤتھ) نے شعبہ تعلیم اور شعبہ صحت پر خاص توجہ دی ہے۔بلوچستان میں اس وقت
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی زیر نگرانی 10اسکول چل رہے ہیں جس میں 561سے
زائد طلباء کو مفت تعلیم دی جارہی ہے جہاں ان طلباء کو نہ صرف اعلیٰ تعلیم
مہیا کی جارہی ہے بلکہ معاشرے کے لیے ان کو ایک بہترین انسان کے طور پر
تیار کیا جارہا ہے۔ بلوچ نوجوانوں کوتعلیم کی طرف راغب کرکے بلوچ معاشرے
میں نئی سوچ کو جنم دیا ہے۔رواں ماہ ایف سی بلوچستان(ساؤتھ) کی جانب سے
گرلزکیڈٹ کالج تربت سے فارغ التحصیل 64کیڈٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں
جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اورجدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا
ہے۔نہایت خوش آئند خبر یہ ہے کہ کوئٹہ گرلز کیڈٹ کالج میں گریجویشن سطح پر
چار سالہ بیچلر پروگرام کا آغاز کیا جاچکا ہے۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد یہ
کیڈٹس کسی بھی شعبے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں،خواہ وہ فوج ہوں یا دیگر
پیشے۔”تعلیم یافتہ خواتین“ایف سی(ساؤتھ)کا مشن ہے کیونکہ ایک عورت کو تعلیم
دینے کا مقصد ایک قوم کو تعلیم دینا ہے۔اسی طرح ایف سی بلوچستان(ساؤتھ)،مند
ملیشیاء کی جانب سے ڈگری کالج تمپ میں شاندار آرٹس و سائنسی نمائش کا
انعقاد کیا گیا جس میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تمپ اور گورنمنٹ ہائی اسکول
نظر آباد کی طالبات نے بھرپور شرکت کی اس نمائش کا مقصد سائنس میں دلچسپی
رکھنے والے طلباء کو سائنسی میدان میں مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنی
صلاحیتیں دنیا کو دیکھا سکیں۔اس سائنسی نمائش میں دونوں اسکولوں کی طالبات
نے مختلف سائنسی اور فنی ماڈلز پیش کیے۔نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرنے
والی طالبات میں Computer Tabletsجبکہ دیگر 100طالبات کو Smart Watchesبطور
انعام دی گئیں،جبکہ دواسکولوں کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب اور انتظامی امور
کے لیے پندرہ پندرہ لاکھ عطیہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ صحت کے
حوالے سے ایف سی(ساؤتھ) نے گذشتہ ماہ اپریل 2025میں جنوبی بلوچستان کے
دوردراز علاقوں میں،جہاں طبی سہولیات کا فقدان ہے، میں 257فری میڈیکل کیمپس
کا انعقاد کیا،جن میں دشت،مند،آواران،پنجگور(جیرک۔چیدگی)خاران اور ماشکیل
کے علاقے شامل ہیں۔ان میڈیکل کیمپوں میں ماہر ڈاکٹر وں اور پیرامیڈیکل
اسٹاف کی زیر نگرانی مجموعی طور پر 10155مریضوں کو مفت علاج ومعالجے کی
سہولیات فراہم کی گئیں۔مریضوں کو طبی معائنے اور لیبارٹری ٹیسٹوں کی
سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی مہیا کی گئیں۔خواتین کے خصوصی چیک اپ
کے لیے پاکستان آرمی کی ماہر گائنا کالوجسٹ کی خصوصی خدمات بھی فراہم کی
گئیں۔ماہ جنوری 2025ء سے اب تک ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)نے 141دہشت گردانہ
کاروائیوں کو بروقت ناکام بنایا،جو کہ ممکنہ طور پر بڑے سانحات کا سبب بن
سکتی تھیں۔فلاح وبہبود اور سماجی شعبے میں ایف سی کے کردار پر تفصیلی روشنی
ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیواؤں کے لیے گھروں کی تعمیر،اسکولوں،مدارس
اور بنیادی مراکزصحت کی بحالی،سولر سسٹم اور آر او پلانٹس کی فراہمی،کھیلوں
کی سرگرمیاں کے انعقاد،عوامی مسائل کے حل کے لیے جرگوں اور کھلی کچہریوں
کاانعقاد کیا گیا۔ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)کے زیراہتمام پورے جنوبی بلوچستان
میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے،اس وقت تربت،مند روڈ پر تعمیراتی کام
تیزی سے جاری ہے۔اسی طرح ایف سی (ساؤتھ)،دشت اسکاؤٹ کے زیر اہتمام ایک
فلاحی پروگرام کا اہتمام کیا گیا،جس میں بچوں میں کھلونے، کھیلوں کا
سامان،اسکول بیگز اور اسٹیشنری تقسیم کی گئی،مستحق خواتین کو سلائی مشینیں
اور کپڑے فراہم کیے گئے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنی روزی کماسکیں۔آئی جی
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندکی سرپرستی میں کالعدم
تنظیمیں اور مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان میں امن وامان کو سبوثار کرنے کی
کوشش کررہے ہیں،مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے
کیونکہ غیورمحب وطن بلوچ عوام اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔یوم تشکر کے
حوالے سے انہوں نے قومی اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کیچ کے عوام سے
امید ظاہر کی کہ وہ ہمیشہ اسی طرح سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے شانہ
بشانہ کھڑے ہوکر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔سیمینار کے اعلامیے میں
کیچ لیزان کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا،جو باہمی ہم آہنگی،موثر رابطے
اور مسائل کے حل کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔اس موقع پر شرکاء
نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس کریں گے اور
سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ایک مثبت اور فعال کردار ادا کریں گے،ایک
پرامن اور خوشحال بلوچستان کے لیے۔
|