حسد

حسد کیا ہے؟
حسد کا مطلب یہ ہے کہ انسان کو یہ بات گوارا نہ ہو کہ کسی اور کے پاس وہ چیز کیوں ہے جو اس کے پاس نہیں۔ یہ صرف مال و دولت تک محدود نہیں رہتا بلکہ علم، عزت ،خوبصورتی اولاد، رشتے اور حتیٰ کہ سکونِ قلب تک کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔
حسد دل کی وہ آگ جو سب سے پہلے خود کو جلاتی ہے

انسانی دل میں پیدا ہونے والے جذبات میں کچھ ایسے ہیں جو اگر قابو میں رہیں تو زندگی کو بہتر بناتے ہیں، اور اگر حد سے بڑھ جائیں تو انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ حسد بھی انہی خطرناک جذبات میں سے ایک ہے۔ یہ وہ کیفیت ہے جس میں انسان دوسرے کی نعمت کامیابی یا خوشی کو دیکھ کر نہ صرف بے چینی محسوس کرتا ہے بلکہ دل ہی دل میں یہ چاہتا ہے کہ وہ نعمت اس سے چھن جائے

حسد کے اسباب

حسد کی بنیاد اکثر احساسِ کمتری ناشکری اور اپنی صلاحیتوں پر عدم اعتماد ہوتی ہے۔ جب انسان اپنی زندگی کا موازنہ دوسروں سے کرنے لگتا ہے تو اس کے دل میں حسد کی چنگاری بھڑک اٹھتی ہے۔ سوشل میڈیا کے دور میں یہ بیماری اور بھی عام ہو گئی ہے، جہاں ہر شخص اپنی زندگی کا بهترین رخ دکھاتا ہے اور دیکھنے والا خود کو محروم سمجھنے لگتا ہے۔

حسد کے نقصانات

حسد نہ صرف دل کا سکون چھین لیتا ہے بلکہ تعلقات کو بھی زیر آلود کر دیتا ہے۔ حسد کرنے والا انسان اکثر بدگمانی غیبت اور سازش جیسی برائیوں میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ حسد انسان کو اللہ کی تقسیم پر اعتراض کرنے کے قریب لے جاتا ہے، جو ایمان کے لیے انتہائی خطرناک ہے

دینی تعلیمات میں حسد

اسلام میں حسد کو سخت ناپسند کیا گیا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا

66 حسد سے بچو کیونکہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو کھا جاتی ہے۔"

یہ حدیث واضح کرتی ہے کہ حسد انسان کے اعمال کو ضائع کر دیتا ہے، چاہے وہ بظاہر کتنا ہی نیک کیوں نہ ہو۔

حسد سے نجات کیسے ممکن ہے؟

حسد سے بچنے کا سب سے مؤثر طریقہ شکرگزاری ہے۔ جو شخص اپنی نعمتوں پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، وہ دوسروں کی نعمتوں سے جلتا نہیں۔ اس کے علاوہ دوسروں کے لیے دعا کرنا، اپنے مقصد پر توجہ دینا اور اللہ کی تقسیم پر یقین رکھنا حسد کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

نتیجہ

حسد ایک ایسی بیماری ہے جو خاموشی سے دل میں پلتی ہے اور آہستہ آہستہ انسان کے کردار اعمال اور رشتوں کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔ عقلمند وہی ہے جو اس آگ کو دل میں جگہ نہ دے، بلکہ شکر قناعت اور محبت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔ کیونکہ جو شخص دوسروں کی خوشیوں سے خوش ہونا سیکھ لیتا ہے، وہی حقیقی سکون پا لیتا ہے۔

"ختم شد"

از قلم زینب زاہد 
Zainab Zahid
About the Author: Zainab Zahid Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.