ایرانی پہاڑوں کے پیچھے چھپا پائلٹ اور امریکہ کے 'گھوسٹ مرمر' کی پراسرار آواز

دی ڈئیلا ڈاکترئن، اآرکیٹکٹ جنریشن اور جمیل ڈاکٹرئن کے نظریات کے عملی رنگ: ایک اور سچائی۔۔ اس معجزے کا نام ٭گھوسٹ مرمر٭(Ghost Murmur) ہے۔ یہ وہ ٹیکنالوجی ہے جسے امریکی دفاعی۔۔۔ دُشمن کے ریڈاروں اور الیکٹرانک مداخلت کے باوجود، اس آلے نے پائلٹ کے دِل کی دھڑکن کو لاک (Lock) کر لیا۔۔

امریکن پائلٹ کا ایران کی پہاڑیوں سے بچانا

ایرانی پہاڑوں کے پیچھے چھپا پائلٹ اور امریکہ کے 'گھوسٹ مرمر' کی پراسرار آواز
تحریر:عارف جمیل

جب ٭مصنوعی ہیروں ٭ نے 40 میل دور سے انسانی روح کی آہٹ پا لی:
ایران کے دشوار گزار اور تپتے ہوئے پہاڑی سلسلوں کے درمیان، جہاں کی چوٹیاں مادی بصارت کے لیے ایک ناقابلِ عبور دیوار ہیں، وہاں ایک زخمی امریکی F-15 پائلٹ دو دن سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھا۔ اس کا طیارہ دشمن کی حدود میں گر چکا تھا اور وہ ایک گہری پہاڑی دراڑ (Crevice) میں چھپا ہوا اس انتظار میں تھا کہ شاید کوئی معجزہ اسے بچا لے۔ اس کے پاس نہ کوئی فعال ریڈیو تھا، نہ جی پی ایس ٹریکر، اور نہ ہی کوئی ایسا ذریعہ جس سے وہ اپنی موجودگی کی اطلاع دے سکے۔ لیکن وہ اس بات سے بے خبر تھا کہ فضاؤں میں ایک ایسی ٭خاموش سرگوشی٭گونج رہی ہے جو اس کے وجود کی آخری مادی نشانی یعنی اس کے ٭دل کی دھڑکن٭کا پیچھا کر رہی ہے۔
1) اسکنک ورکس کا 'ڈیجیٹل سحر' اور مصنوعی ہیرے:
اس معجزے کا نام ٭گھوسٹ مرمر٭(Ghost Murmur) ہے۔ یہ وہ ٹیکنالوجی ہے جسے امریکی دفاعی ادارے لاک ہیڈ مارٹن کے انتہائی خفیہ اور پراسرار شعبے 'اسکنک ورکس' (Skunk Works) نے تیار کیا ہے۔ یہی وہ شعبہ ہے جس نے ماضی میں یو-ٹو (U-2) اور دُنیا کے تیز ترین جاسوس طیارے ایس آر-71 جیسے شاہکار تخلیق کیئے تھے۔ لیکن اس بار ان کا ہدف رفتار نہیں بلکہ ٭بصیرت٭ کی وہ آخری حد تھی جسے سائنس 'ڈیجیٹل سحر' کہتی ہے۔
اس نظام کی روح مصنوعی ہیروں (Synthetic Diamonds) سے بنے مخصوص٭کوانٹم سینسرز ٭میں چھپی ہے۔ سائنسی اعتبار سے یہ ہیرے 'نائٹروجن ویکینسی' (Nitrogen-Vacancy) سینٹر ٹیکنالوجی پر کام کرتے ہیں، جو مقناطیسی اور حرکی لہروں کیلئے اس قدر حساس ہوتے ہیں کہ ایٹمی سطح پر ہونے والی معمولی ترین تھرتھراہٹ کو بھی محسوس کر سکتے ہیں۔ انسانی دل ہر دھڑکن کے ساتھ ایک کمزور مگر منفرد برقی مقناطیسی پلس (Electromagnetic Pulse) پیدا کرتا ہے۔ ٭گھوسٹ مرمر٭ان ہیروں کے ذریعے فضا سے اس پلس کو اس وقت بھی پکڑ سکتا ہے جب درمیان میں میلوں وزنی پہاڑ حائل ہوں۔
2) ناممکن ریسکیو: ۴۰ میل دور سے دل کی دھڑکن پر دستک:
سی آئی اے نے ٭گھوسٹ مرمر٭کو پہلی بار ایک آپریشنل، حقیقی دُنیا کے مشن میں تقریباً٭ 3 -5 اپریل، 2026 ٭(گڈ فرائیڈے سے ایسٹر سنڈے) کے آس پاس استعمال کیا۔
اس کہانی کا سب سے حیرت انگیز پہلو وہ لمحہ رہا جب 40 میل کی دوری سے، دُشمن کے ریڈاروں اور الیکٹرانک مداخلت کے باوجود، اس آلے نے پائلٹ کے دِل کی دھڑکن کو لاک (Lock) کر لیا۔ ایک ایسی صورتحال میں جہاں ایران کے جدید الیکٹرانک وارفیئر نظام نے تمام جی پی ایس سگنلز کو جام کر رکھا تھا، یہ ٭ڈائمنڈ سینسر٭کسی مادی سگنل کا محتاج نہیں تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ ایسا ہی تھا جیسے ایک ہزار مربع میل پر پھیلے ہوئے شور مچاتے ہوئے اسٹیڈیم کے بیچوں بیچ کوئی شخص دبی آواز میں سرگوشی کرے اور آپ باہر بیٹھے اسے واضح سن لیں۔ مصنوعی ذہانت (AI) نے پہاڑوں کے پتھروں، چلتی ہواؤں اور مشینوں کے شور کو ایک ٭ڈیجیٹل فلٹر٭کے ذریعے نکال باہر کیا اور صرف اس ایک پائلٹ کی ٭زندگی کی پکار٭کو الگ کر لیا۔
3) ناقابلِ تسخیر سرحدوں کی مادی ناکامی:
جب اس ریسکیو کی خبر عام ہوئی تو دفاعی ماہرین کے حلقوں میں ایک ہی سوال گونجنے لگا: ''ایران جیسے ملک کے اس قدر سخت سیکیورٹی نظام میں، جہاں سمندروں، خشکی کے راستوں اور فضائی حدود پر پہرے ہوں، یہ خاموش دراندازی کیسے ممکن ہوئی؟''
اس سوال کا جواب دراصل روایتی دفاعی نظام کی ناکامی کا وہ نکتہ ہے جو ثابت کرتا ہے کہ 'پیسیو' (Passive)٭کوانٹم ٭ٹیکنالوجی کسی سگنل کے بغیر کام کرتی ہے۔ اسے دُنیا کا کوئی بھی ریڈار یا سگنل)جامر (دیکھ ہی نہیں سکتا کیونکہ یہ کوئی لہر خارج نہیں کرتی بلکہ کائنات میں پہلے سے موجود لہروں کو محسوس کرتی ہے۔ ایرانی سرحدیں، سمندری پہرے اور فضائی حصار مادی خطرات (طیاروں اور میزائلوں) کیلئے تو کارگر ہیں، جبکہ یہ ٭ڈائمنڈ سینسرز٭ مادے کو چیر کر براہِ راست انسانی وجود کی لہروں کو اپنا ہدف بناتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ٭ڈیجیٹل بصیرت٭ کے سامنے اب جغرافیائی سرحدیں مٹ چکی ہیں اور بلند و بالا پہاڑ بھی اس ٭کوانٹم نگاہ٭کو روکنے کے لیے محض ایک کاغذ کی طرح کمزور ثابت ہوئے ہیں۔
4) معمارِ نسل کے لیے 'اخلاقی پاسپورٹ' کی ضرورت:
آنے والی 'معمارِ نسل' (Architect Generation) کے لیے یہ ایک بہت بڑا سبق ہے۔ ٹیکنالوجی اب اس مقام پر ہے جہاں وہ 40 میل دور پہاڑ کے پیچھے چھپے ہوئے انسان کو ڈھونڈ سکتی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا وہ اس انسان کے اندر موجود ٭اخلاقی جوہر٭ کو بھی پہچان سکتی ہے؟ ٭گھوسٹ مرمر٭ مادی دل کی دھڑکن تو سن سکتا ہے، لیکن اس کے پیچھے چھپے ہوئے سجدہِ مقام اور روح کی تڑپ کو سمجھنے کیلئے آج بھی اسی ٭اخلاقی پاسپورٹ٭کی ضرورت ہے جس کا ذکرمیں نے اپنے نظریئے ا مام غزالیؒ اور اسپینوزا کے حوالے سے کیا ہے۔
٭گھوسٹ مرمر٭محض ایک ایجاد نہیں، بلکہ اس 'ڈیجیٹل جبر' (Digital Compulsion) کی انتہا ہے جہاں انسان کی 'خلوت' (Privacy) کا آخری حصار بھی ختم ہو چکا ہے۔
نوٹ: میرے تمام نظریات کے لنکس نیچے کمنٹس میں ہیں۔
Arif Jameel
About the Author: Arif Jameel Read More Articles by Arif Jameel: 228 Articles with 417168 views Post Graduation in Economics and Islamic St. from University of Punjab. Diploma in American History and Education Training.Job in past on good positio.. View More