چین کے دو اجلاسوں سے وابستہ توقعات

چین کے دو اجلاسوں سے وابستہ توقعات
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

قومی سطح پر منعقد ہونے والے اہم پارلیمانی اور مشاورتی اجلاس کسی بھی ملک کی پالیسی سمت، ترقیاتی ترجیحات اور حکومتی حکمتِ عملی کو سمجھنے کا بنیادی ذریعہ ہوتے ہیں۔ ایسے مواقع پر کیے جانے والے فیصلے نہ صرف آئندہ برس کے لیے بلکہ طویل المدتی منصوبہ بندی کے لیے بھی رہنما اصول فراہم کرتے ہیں۔ چین میں منعقد ہونے والے سالانہ “دو اجلاس” بھی اسی نوعیت کے حامل ہیں، جہاں ملکی پالیسی، قانون سازی اور عوامی فلاح کے اہم امور زیرِ بحث آتے ہیں۔

چین کے اعلیٰ ترین قانون ساز ادارے قومی عوامی کانگریس اور اعلیٰ ترین سیاسی مشاورتی ادارے چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے سالانہ اجلاس بالترتیب پانچ اور چار مارچ کو بیجنگ میں منعقد ہونے والے ہیں، جنہیں مجموعی طور پر “دو اجلاس” کہا جاتا ہے۔ رواں برس یہ اجلاس خصوصی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ 2026 پندرہویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کا پہلا سال ہے۔



اطلاعات کے مطابق قومی عوامی کانگریس میں پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے مسودہ خاکے کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی اس مسودے پر تفصیلی مشاورت اور تجاویز پیش کرے گی۔ اس عمل کے ذریعے آئندہ پانچ برسوں کے لیے قومی ترقی کا وژن متعین کیا جائے گا، جس میں معیشت، سماجی بہبود، قانون کی حکمرانی اور خارجہ امور سمیت مختلف شعبے شامل ہوں گے۔

عالمی سطح پر سست معاشی نمو اور سائنسی و تکنیکی انقلاب کے تیز رفتار مرحلے کے پس منظر میں چین کی یہ حکمتِ عملی خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے کہ وہ آئندہ برسوں میں جدید نظریات اور ابھرتی ہوئی صنعتوں کو اپنانے کے ساتھ ساتھ فرسودہ ماڈلز کو کس انداز میں مرحلہ وار ختم کرے گا۔ اعلیٰ معیار کی ترقی، جدت طرازی اور پائیدار معاشی ڈھانچے کی تشکیل اہم موضوعات میں شامل رہنے کی توقع ہے۔

قانون سازی بھی رواں برس کے “دو اجلاس” کا ایک نمایاں محور ہے۔ متعدد اہم مسودہ قوانین جائزے کے لیے پیش کیے جائیں گے، جن میں ماحولیاتی ضابطہ، قومی اتحاد و ترقی کے فروغ سے متعلق قانون، اور قومی ترقیاتی منصوبہ بندی سے متعلق قانون شامل ہیں۔ ان مسودات پر نمائندگان اور مشاورتی ارکان کی بحث و تمحیص کو مفادات کی ہم آہنگی اور وسیع تر اتفاقِ رائے کی تشکیل کا اہم ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس عمل کو چینی طرزِ جمہوریت کی عملی مثال کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے، جہاں مختلف آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سازی کی جاتی ہے۔

عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا بھی بدستور اولین ترجیح ہے۔ حالیہ مقامی سطح کے اجلاسوں میں عوامی خدمات تک مساوی رسائی، بزرگوں اور بچوں کے لیے معاونت کے نظام میں بہتری، اور رہائشی حالات کو بہتر بنانے جیسے اقدامات کے مثبت اشارے سامنے آئے ہیں۔ ان تجربات کو قومی سطح کی پالیسی سازی کے لیے رہنمائی کا ذریعہ سمجھا جا رہا ہے۔

پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز کے ساتھ یہ سوال بھی مرکزی اہمیت اختیار کر چکا ہے کہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے احساسِ حصول اور معیارِ زندگی میں مسلسل بہتری کیسے یقینی بنائی جائے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ رواں برس کے اجلاسوں میں معاشی اہداف، اصلاحات اور کھلے پن کی نئی تدابیر، اور بڑی طاقتوں کے ساتھ سفارتی تعلقات جیسے موضوعات بھی توجہ حاصل کریں گے۔

مجموعی طور پر “دو اجلاس” ایک ایسا اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جہاں سے نہ صرف ملکی ترقی کی سمت واضح ہوتی ہے بلکہ عالمی برادری کو بھی چین کی پالیسی ترجیحات اور آئندہ حکمتِ عملی کا اندازہ ہوتا ہے۔ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے آغاز کے ساتھ یہ اجلاس چین کی آئندہ ترقیاتی راہ اور عالمی کردار کے تعین میں کلیدی حیثیت اختیار کر گئے ہیں، جن پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ 
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1878 Articles with 1093565 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More