کچھ دن بنگلہ دیش کی گلیوں میں!
(HASEEB EJAZ AASHIR, Lahore)
حسیب اعجاز عاشرؔ کبھی کبھی تاریخ کے اوراق پر ایسے سانحات بھی رقم ہوجاتے ہیں جن کو کھرچ کر مٹانا ممکن نہیں رہتا اور قلم ایسے فیصلے تحریر کردیتا ہے، جن کے اثرات نسلوں کے دلوں پر اثر چھوڑ جاتے ہیں۔ سرحدیں کھینچ دی جاتی ہیں، نقشے بدل جاتے ہیں، ملک دو حصوں میں بٹ جاتا ہے، پرچم الگ اور قومی ترانے بدل جاتے ہیں۔ مشرقی پاکستان بھی بنگلہ دیش بن گیا، لیکن محبت کے وہ رشتے جو برسوں کی رفاقت، مشترکہ تہذیب، دینی اخوت اور باہمی الفت سے استوار ہوئے، انہیں چند لکیریں کھینچ کر ختم نہیں کیا جا سکا۔ جس کا مشاہدہ ہم نے بنگلہ دیش میں ایک سو ستائیس روزہ قیام میں کیا۔ وہاں وہ نوجوان ملے جن کے دلوں میں پاکستان کے لیے غیر معمولی محبت تھی، ان کی آنکھوں میں پاکستان دیکھنے کا اشتیاق بھی تھا اور ایسے تعلق کو قریب سے محسوس کرنے کی تمنا تھی جسے وہ اپنی دینی اور تہذیبی نسبت کا حصہ سمجھتے تھے۔ بعض اوقات ان کی آنکھوں کی چمک، ان کے سوالات کی بے ساختگی اور رخصت ہوتے وقت ان کی اداسی الفاظ سے کہیں زیادہ گہری معلوم ہوتی تھی۔ دراصل ہم بغرضِ تبلیغ بنگلہ دیش میں موجود تھے۔ ایک مسجد سے دوسری مسجد جانا ہوتا تو بزرگ افراد بھی اکثر ہمارے پاس آ جاتے اور جب یہ معلوم ہوتا کہ ہم پاکستان سے آئے ہیں تو ان کے چہروں پر مسرت پھیل جاتی۔ وہ محبت سے قریب آتے، اور ایسی اپنائیت کا اظہار کرتے جیسے ہم ان کے اپنے ہوں اور برسوں کی جدائی کے بعد گھر لوٹے ہوں۔ کچھ دوستوں کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں سے مل کر دل کو سکون ملتا ہے۔ ایسے کئی جملے سماعت سے ٹکراتے تھے جو بہت مختصر ہوتے تھے، مگر ان کے پیچھے نصف صدی کی جدائی، نسلوں کی یادیں اور دلوں کی ایک عجیب بے قراری محسوس ہوتی تھی۔ ایک لمحہ ایسا بھی آتا کہ ہم ان کی بے پناہ محبت سے گھبرا کر ہنستے ہوئے کہنے پر مجبور ہو جاتے: بھائی صاحب! اتنی محبت نہ کیجیے کہ کھلا کھلا کر ہی ہمیں مار دیجیے! وہ اصرار کرتے، خاطر مدارت میں کوئی کمی نہ آنے دیتے اور مہمان کو راحت پہنچانے کے لیے اپنی سہولتیں بھی قربان کر دیتے۔ گلے ملتے وقت ہنسی ہوتی، مگر بچھڑتے وقت آنکھیں نم ہو جاتیں۔ یوں معلوم ہوتا کہ ملاقات ابھی شروع ہوئی تھی اور جدائی نے پھر دروازہ کھٹکھٹا دیا۔ ایک مسجد میں جانے کا اتفاق ہوا تو معلوم ہوا کہ ایک کم سن بچہ تین دن سے مدرسے نہیں جا رہا۔ وجہ دریافت کی تو بتایا گیا کہ اسے خبر ملی ہے کہ پاکستان سے جماعت آ رہی ہے، اس لیے وہ پہلے پاکستانی مہمانوں کو دیکھنا چاہتا ہے۔ ذرا سوچیے، ایک بچے کے لیے پاکستان نقشے پر موجود کوئی ملک نہیں، وہ ایک ایسی نسبت کا نام تھا جسے دیکھنے کی آرزو نے اس کے معمولات تک بدل دیے تھے۔ ان کے لیے نہ سفارتی پیچیدگیاں معنی رکھتی تھیں، نہ سرحدی تنازعات اور نہ بین الاقوامی مفادات کی باریکیاں۔ اس کے سامنے صرف محبت تھی اور محبت کرنے والوں سے جدائی کا دکھ۔ ہم نے محسوس کیا کہ بنگلہ دیش کے بہت سے نوجوانوں میں بھارت کی پالیسیوں اور اس کے اثر و رسوخ کے متعلق تحفظات پائے جاتے ہیں۔ وہ اپنے ملک کے لیے زیادہ خود مختاری اور متوازن خارجہ تعلقات چاہتے ہیں۔ اکثریت کی پاکستان سے قربت کی خواہش نمایاں اور غالب ہے۔ تجارت، تعلیم، سیاحت، صحت، ٹیکنالوجی، ثقافت اور دینی و علمی تبادلے ایسے میدان ہیں جہاں معمولی پیش رفت بھی بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ اگر ویزا کے مراحل آسان ہوں، براہِ راست آمد و رفت میں بہتری آئے، طلبہ کو تعلیمی مواقع ملیں، کاروباری افراد ایک دوسرے کی منڈیوں تک پہنچ سکیں اور عوامی سطح پر رابطے بڑھیں۔ وہاں ایک اور چیز نے ہمیں خاص طور پر متاثر کیا: زندگی کی سادگی۔ دیواروں پر اللہ تعالیٰ کے اسمائے مبارکہ، گاڑیوں اور رکشوں پر کلمۂ طیبہ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اسمِ گرامی اور مقدس مقامات کی تصاویر دکھائی دیتی تھیں۔ یہ سب مناظر ہمارے لیے اس دینی فضا کی جھلک تھے جس میں مذہبی نسبت روزمرہ زندگی کے ساتھ گھلی ملی محسوس ہوتی تھی۔ ہم نے لوگوں کے اندر عاجزی، انکساری، خدمت اور اجتماعی کام کا جذبہ بھی دیکھا۔ علماء کرام عام لوگوں کے درمیان رہتے، ان کے ساتھ بیٹھتے اور ان کی زندگیوں سے الگ کوئی مصنوعی فاصلہ قائم کرنے کے بجائے انہی کے ماحول میں اپنا وقت گزارتے دکھائی دیے۔ بنگلہ دیش میں مدارس کا وسیع نظام، آباد مسجدیں، بچوں کی دینی تعلیم میں والدین کی دلچسپی اور راہِ خدا میں نکلنے کا ذوق ہمارے لیے قابلِ توجہ تھا۔ بعض نوجوان اعلیٰ تعلیم کے مراحل سے فارغ ہونے کے بعد دعوت و تبلیغ کے لیے بھی وقت نکالتے ہیں۔ ہم نے چھوٹے بچوں کو نماز کا اہتمام کرتے، بزرگوں کا احترام کرتے اور مسجدوں کے ماحول سے مانوس دیکھا۔ بہت سے مقامات پر مسجدوں کی تعمیر و آرائش پر غیر معمولی توجہ دکھائی دی۔ بعض گھروں کی تعمیر سادہ تھی، چھتیں ٹین کی تھیں، مگر مسجدوں میں خوب صورت ٹائلیں، عمدہ سامان اور صفائی کا اہتمام نمایاں تھا۔ کسی بھی اسلامی معاشرے کے امتیازی نشانات کی طرح وہاں بھی دینی ماحول اور مذہبی نسبت روزمرہ زندگی کے ساتھ گھلی ملی محسوس ہوتی تھی۔ ہم نے لوگوں کے اندر عاجزی، انکساری، خدمت اور اجتماعی کام کا جذبہ بھی دیکھا۔ علمائے کرام بھی عام لوگوں کے ساتھ میل جول رکھتے اور ان سے کوئی مصنوعی فاصلہ قائم کرنے کے بجائے انہی کے ساتھ وقت گزارتے دکھائی دیے۔ دوسرے معاشروں میں موجود اچھی روایات اور خوبیوں کو تسلیم کرنا اور ان سے سبق حاصل کرنا زندہ ضمیر کی علامت ہے۔ ہم نے ان کی خوبیوں کو دیکھا تو اپنے معاشرے کی کمزوریوں کا احساس بھی زیادہ شدت سے ہوا۔ بدقسمتی یہ ہے کہ ہم بھی بہت سی اچھی باتوں کو جانتے ہیں اور ان کی افادیت سے بھی آگاہ ہیں، مگر انہیں اپنی عادت اور کردار کا حصہ بنانے میں کوتاہی کررہے ہیں۔ ڈھاکہ سے واپسی پر ہمارے ساتھ سامان میں بستر، چند کپڑے اور سفر کی معمولی یادگاریں ہی نہیں تھیں، ہمارے ساتھ ان آنکھوں کی نمی بھی تھی جو رخصت ہوتے وقت ہمیں دیکھ رہی تھیں، ان ہاتھوں کی حرارت بھی تھی جو محبت سے ہمارے ہاتھوں نے تھامے تھے، اور ان بچوں کی آوازیں بھی تھیں جو ہمیں روک لینا چاہتے تھے۔وہاں کے لوگ پاکستان کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہیں ہمارے شہروں، ہمارے کھانوں، ہماری تاریخ اور ہماری سرزمین کے بارے میں تجسس ہے۔ بنوں کا پلاؤ ہو، لاہور کے ذائقے ہوں، شمالی علاقہ جات کی وادیاں ہوں یا پاکستان کی مذہبی و تاریخی جگہیں—دلوں میں ایک رغبت موجود ہے۔ ۱۹۷۱ء کے بعد تاریخ میں سیاسی غلطیاں بھی ہیں، باہم شکایات بھی، انسانی المیے بھی اور ایسی تلخیاں بھی جن کا اعتراف ضروری ہے۔ تاہم، تاریخ کے زخموں کو یاد رکھنے اور ان زخموں کو ہمیشہ تازہ رکھنے میں فرق ہے۔ قومیں اپنے ماضی سے سبق سیکھتی ہیں، اسیرِ ماضی ہو کر نہیں رہ جاتیں۔ آج بنگلہ دیش کے سیاسی و سماجی منظرنامے میں جو تبدیلیاں دکھائی دیتی ہیں، شیخ حسینہ واجد کے طویل اقتدار کا خاتمہ، عوامی احتجاج کی شدت اور شیخ مجیب الرحمن کی شخصی علامتوں کے بارے میں پیدا ہونے والا شدید ردعمل، یہ سب اس امر کی نشان دہی کرتے ہیں کہ وہاں معاشرہ ایک نئی بحث اور نئی کشمکش سے گزر رہا ہے۔ یہ وقت ہمارے بھی سوچنے کا ہے، کیا برصغیر کے مسلمان اپنی تاریخ سے سبق حاصل کرکے مستقبل کے لیے باہمی اعتماد، احترام اور خیر خواہی کی نئی بنیادیں استوار کر سکتے ہیں؟سوچنا بھی ہوگا اور فیصلہ بھی کرنا ہوگا۔ ہم جانتے ہیں کہ تاریخ کو نہیں بدلا جاسکتا، مگر مستقبل کو سنوارا ضرور جاسکتا ہے۔ جو گزر گیا، وہ ہمارے اختیار میں نہیں، جو آنے والا ہے، اس کے لیے ہماری نیت، ہماری حکمت اور ہماری کوشش اہمیت رکھتی ہے۔ ماضی کو فراموش کر کے، ایک دوسرے کے دکھوں کو سمجھ کر اور مشترکہ بھلائی کو مقدم رکھ کر ہم ایک نئے باب کا آغاز کر سکتے ہیں۔ دروازے اب بھی کھلے ہیں۔ ضرورت ایک قدم بڑھانے کی ہے، دوسرا قدم خود بخود اٹھ جائے گا۔ |