پاپا دی گریٹ

بلاول بھٹوزرداری :
میرے نصیب تو اُسی دن ہی کھل گئے تھے جس دن میں نے بھٹو خاندان میں آنکھ کھولی تھی۔ میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو شہیدپاکستان کی تاریخ کے سب سے کامیاب ترین سیاستدان اور وزیر اعظم تھے میری والدہ بے نظیر بھٹو شہیدپاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں ۔ میرے پاپا آصف علی زرداری جب تک میری والدہ حیا ت تھیںوہ سیاست سے بالکل دور رہے لیکن میری والدہ کی شہادت بعد انہوں نے جس طرح سیاست میں انٹری لی ہے وہ اپنی مثال آپ ہیں آج وہ صدر پاکستان بھی ہیں اور پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بھی اور یہ انکی ماہرانہ سیاست ہی ہے کہ وہ دو بڑے عہدوں کا مزہ لوٹ ر ہے ہیںلیکن کسی میں اتنی جرات نہیں کہ وہ ان سے کوئی بھی عہدہ چھین سکے کیونکہ میرے پاپا دنیا کے عظیم ترین سیاستدانوں میںسے ایک ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو وجود میں آئے ہوئے تقریباً ساڑھے چار سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کوئی بھی جمہوری حکومت اتنے لمبے عرصے تک برقرار رہی ہواور یہ سب کچھ ممکن ہو ا صرف اور صرف میرے پاپا آصف علی زرداری کی ماہرانہ سیاست اور تجربے کی وجہ سے۔ اب تو یہ سب کو تسلیم کر لینا چاہیے کہ پاکستان کے سیاسی میدان میں پا پا کی ٹکر کا کوئی بھی سیاسی کھلاڑی موجود نہیں ہے کس موقع پر کونسی چال چلنی ہے یہ میرے پاپا سے بہتر کوئی نہیں جانتا ۔میری ےہ خوش نصیبی ہے کہ میںنے اپنے سیاسی سفر کا آغاز پاپا کے زیر سائے شروع کیا ہے اور دن بدن میں انکے سیاسی ماہرانہ تجربات سے مستفید ہورہا ہوں ۔میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی وفات کے بعد مایوس ہوگیا تھا کیونکہ مجھے میرا سیاسی مستقبل ختم ہوتا نظر آرہا تھا لیکن میں شکرگزار ہوں اپنے پا پا دی گریٹ آصف علی زرداری کا جنہوں نے سیاست میں آکر جس طرح پرفارم کیا ہے اس سے میرا مستقبل بھی روشن ہوگیا اب میں پر امید ہوں کے مستقبل میں بلاول بھٹو زرداری پا کستان کا صدر ےاوزیر اعظم ضرور بنے گا کیونکہ میرے پا پا ہیںپا پا دی گریٹ۔

حمزہ شہباز شریف :
مجھے آج بھی وہ دن اچھی طرح یاد ہے جب پاپا نے مجھے فون کرکے یےہ اطلاع دی تھی کہ ہمارا بُرا قت شروع ہو چکا ہے اور کسی بھی قت ہمارے ساتھ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے تلقین کی کہ اب مجھے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ شریف خاندان کے سارے کاروبار اور سیاست کا بوجھ میرے نازک کندھوں پر آنے والا ہے۔یہ اُس وقت کی بات ہے جب مشرف حکومت نے ہمارے پورے خاندان کو ملک بدر کردیا تھااور تقریباً آٹھ سال تک شریف فیملی کو پاکستان میںداخل نہیں ہونے دیا گیا تھا ۔اسی دوران ایک ایسا وقت بھی آیا جب میرے دادا میاں شریف وفات پاگئے اور ان کی میت کو کاندھا دینے والا میرے سوا خاندان کا کوئی دوسرا فرد موجود نہیں تھا وہ وقت میرے لئے بڑا ہی اذیت ناک تھا لیکن آزمائش کی اس گھڑی میں میرے لیڈر نواز شریف اور میرے پا پا دی گریٹ شہباز شریف نے میری بھرپور رہنمائی کی مجھے حوصلہ دیا اور ہمت بڑھائی جن کی وجہ سے میں تمام سیاسی اور کاروباری معاملات کو باخوبی انجام دینے میں کامیاب ہوسکااور اسطرح حادثاتی طورپر میںبھی سیاست میں آگیا اور یہ سب ممکن ہو امیرے پاپا دی گریٹ کی وجہ سے جنہوں نے ہر قدم پر میری رہنمائی کی ۔ پا پا نے مجھے سیاسی داﺅ پیچ سکھانے کے ساتھ ساتھ یہ گُر بھی سکھایا کہ کیسے زیادہ سے زیادہ شادیا ں کی جاسکتی ہیں اور پھر کیسے ان سے چھٹکارہ حاصل کیا جاتا ہے لیکن یہ بات الگ ہے کہ آج تک ایک کامیاب ازدواجی زندگی گزارنے میں نہ پاپاکامیاب ہو سکے ہیں اور نہ میں لیکن مجھے ایک کامیاب سیاست دان بنانے میں انہوں نے کوئی کسر نہیںچھوڑی یہ میرے پا پا کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے کہ آج میرا شمار بھی پاکستان کے کامیاب سیاستدانوں میں ہوتاہے ورنہ میرا مزاج تو سیاست کے بالکل برعکس تھا۔میرے پاپا وزیراعلیٰ بن کر نہیں بلکہ خادم اعلیٰ بن کر پاکستا ن کے عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔اگر آج پاکستان میںطالب علموں کے پاس علم حاصل کرنے کے لئے سکول نہ سہی کتابیںنہ سہی اور فیس کے لئے پیسے نہ سہی لیکن اس کے باوجود آپ کو ہر طالب علم کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ضرورنظر آئیگا اور یہ وہ عظیم کارنامہ ہے جو پا پا نے پاکستانی قوم کے لئے سرانجام دیاہے۔پاپا کے ایسے ہی کارناموں نے پاپا کو پاکستان کے عوام کا پسندیدہ لیڈر بنا دیاہے اور پاپا کی عوام میں یہی پسنددیدگی مستقبل میںمجھے میاں حمزہ شہباز شریف کو انشاءاﷲ وزیراعظم بنائے گی۔آئی لو مائی پاپا کیونکہ میرے پا پا ہیں پاپا دی گریٹ۔

مونس الہی :
کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے اگر میں پرویز الہی کا بیٹا نہ ہوتا تو میرا کیا ہوتا ہمارے مخالفین نے جس طرح بینک آف پنجاب کے کیس میںمجھے پھنسایا تھا اگر میرے پا پا نہ ہوتے تو میں آج کسی جیل کی کال کوٹھری میں پڑا سڑ رہاہوتا لیکن میرے گریٹ پا پا نے بڑی چالاکی کے ساتھ اپنا سیاسی اثر روسوخ استعمال کرکے مجھے اس کیس میں سے ایسے باہر نکال لیا جیسے مکھن میں سے بال اور میرا سیاسی مستقبل جو شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہورہا تھا اسے بچا لیا۔ میرے پاپا بہت اچھے ہیں وہ مجھ سے جو بھی وعدہ کرتے ہیں اسے ہمیشہ پورا کرتے ہیں اب میرے پا پا دی گریٹ نے مجھ سے یہ وعدہ کیا ہے کہ چاہے وہ پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم ہی سہی لیکن مستقبل میں وہ مجھے پاکستان کا وزیراعظم بنا کر رہیں گے مجھے میرے پاپا پر فخر ہے کیونکہ میر ے پاپاہیں پا پا دی گریٹ۔

ارسلان افتخار چوہدری:
میرے نام سے آپ کو پتہ تو چل ہی گیا ہوگا کہ میں کس گریٹ پاپا کا بیٹا ہوں۔ ایک زمانہ تھا جب میں اپنے پا پا کا بہت لاڈلاتھا میرے پا پا مجھ سے بہت پیار کرتے تھے وہ میری ہر خواہش کو الہ دین کے جن کی طرح آناً فاناً ہی پوری کر دیاکرتے تھے ۔میرے پاپا دنیا کے عظیم ترین پاپا ہیں انہوں نے میری وہ خواہشات بھی پوری کیں جن کو پوری کرنا ان کے بس میں بھی نہ تھا ۔ میں نے جو بننا چاہا وہ بن گیا کبھی ڈاکٹر تو کبھی پولیس آفیسر۔ میں نے جس طرح اپنی مرضی کے مطابق محکمے بدلیں ہیں اور جیسے میں نے ترقی کی ہے ایسی مثال تو شاید بادشاہوں اور انکے لاڈلے بیٹوں کی کہانیوں میں بھی نہیں ملے گی۔ پا پا کی طرح میرے پا پا کے چند دوست بھی مجھ پر بڑے مہربان رہے ہیں جن کی بدولت میں دنیا کے ایسے ایسے ممالک کی سیر کرچکا ہوں جہاں صر ف دنیا کے امیر سے امیر ترین لوگ ہی جاسکتے ہیں۔میرے پا پا دی گریٹ نے تو اس دنیا کو ہی میرے لئے جنت بنا دیا تھا لیکن اب کچھ عرصے سے ہمارے مخالفین ہمارے دشمن میرے اور میرے پاپاکے پیار سے جیلس ہو نے لگے ہیں اور انہوں نے میرے اوپر بے بنیاد کرپشن کے الزامات لگاکر مجھے میرے پاپا سے دور کردیاہے لیکن ا س کے باوجود بھی میں اپنے آپ کو بہت خوش نصیب سمجھتا ہوں کیونکہ مجھے عدالتوں میں بھی وی آئی پی پرٹوکول مل رہا ہے ا ور یہاں تک کہ میرے کیس کاکمیشن بھی میری ہی مرضی کے مطابق بنا یا جاتاہے۔ جبکہ دوسری طر ف ایک سابق وزیراعظم کا بیٹا جو خود بھی پارلیمانی ممبر ہوتا ہے اسے ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔ مجھے ملنے والی یہ عزت میرے پا پا کی بدولت ہے اور جب تک ان کی شفقت کا ہاتھ میرے سرپر قائم و دائم ہے تب تک کوئی میرا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا کیونکہ میرے پاپا ہیں پا پا دی گریٹ۔

قیانوس خان :
میں ایک نہائت ہی غریب گھر انے سے تعلق رکھتاہوں میر ابا پ کباڑکا کام کرتا ہے اور میں اپنے باپ کی کام میں مدد کرتا ہوں لیکن مجھے تعلیم حاصل کرنے کا جنون کی حد تک شوق ہے جبکہ میرا باپ میری پڑھائی سے خوش نہیں ہے حالانکہ میںنے پورے پاکستان میں جولائی2012میں،میں نے میڑک کے امتحان میں سکینڈ ڈویژن حاصل کی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میںزیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کروں تاکہ میں بھی پاکستان کا صدر ،وزیراعظم یا پھر کسی اہم عہدے پر پاکستان کے لئے اپنے فرائض انجام دے سکوں لیکن میرے باپ کا سوچنا ہے کہ میں جتنی اعلی ٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرلوں میرا یہ خواب پورا نہیں ہوسکتا کیونکہ آج جو پاکستان کے بادشاہ اور وزیر ہیں کل کو انہیں کی اولادیں ہونگی جبکہ میں ایک کباڑئیے کا بیٹا ہوں اور کباڑیا ہی بنوں گا کیونکہ اسی کا ہوتا ہے دام جس کے پاس ہوتا ہے باپ کا بڑا نام ۔جن کے پاپاہوتے ہیں پاپا دی گریٹ۔
Kifait Hussain
About the Author: Kifait Hussain Read More Articles by Kifait Hussain: 34 Articles with 31849 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.