تحریک سرائیکستان کا غیر فطری پھیلاؤ

ان دنوں میرے پیارے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان میں نئے صوبوں کی بحث چھڑی ہوئی ہے ایوان کے اندر بھی نئے صوبوں پر باتیں کی جارہی ہے اور اسمبلی میں بھی ہنگامہ آرائیاں اور مباحثے جاری ہیں جہاں کہیں چار بندے اکٹھے ہوتے ہیں تو ان کا موضوع بھی نئے صوبے ہی ہوتا ہے اللہ بھلا کرے میڈیا کا کہ اس نے عام آدمی کو بھی اتنا شعور دے دیا ہے کہ وہ ملکی حالات سے باخبر رہے اور ان پر بات بھی کر سکے تو ان دنوں ہر طرف نئے صوبوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے بھانت بھانت کی بولیاں بولی جا رہی ہیں کوئی اس کے حق میں بات کر رہا ہے تو کوئی مخالفت میں اپنے دلائل پیش کر رہاہے غرض جتنے منہ اتنی باتیں ہیں اس وقت سب سے زیادہ زور اس بات پر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان کے بڑے اور سب سے زیادہ خوشحال صوبے پنجاب کو تقسیم کیا جائے لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ اسے لسانیت کی وجہ سے یا نسلی تناسب کی وجہ سے تقسیم جائے یا پھر نظریاتی بنیادوں پر نئے صوبے کا قیام عمل میں لایا جائے پھر ذہن میں یہ خیال کلبلاتا ہے کہ نئے صوبے بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی ؟کیا پنجاب کے حکمران سرائیکی اضلاع کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں؟کیا جنوبی صوبے کی اہمیت اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے کہ پنجاب کو تقسیم کر دیا جائے؟یا پھر پیپلز پارٹی کی حکومت اور مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے نئے صوبے کا شوشہ چھوڑ رہی ہے؟یا پھر پیپلز پارٹی والے پنجاب حکومت کو پریشرائز کرنے کے لئے نئے صوبے کی بات کر رہے ہیں ؟نئے صوبے صرف پنجاب میں بننے چاہئیں یا باقی صوبوں میں بھی نئے صوبے بنانے چاہئیں؟

جہاں تک میری ناقص رائے ہے کہ اگر نئے صوبے بنانے بھی ہیں تو اس کے لئے لسانی،نسلی اور علاقائی وجوہات کی بجائے نظریاتی بنیادوں پر کام کرنا چاہئے کیونکہ اگر لسانیت پہ اور نسلی تعاصب پر نئے صوبوں کی بنیاد رکھی گئی تو ڈر ہے کہ ملک میں ایک بے چینی کی لہر دوڑ جائے گی اور نقصانات کا بھی اندیشہ ہے ،واضح رہے کہ صوبہ پنجاب ملک کے باقی صوبوں کی نسبت ترقی یافتہ ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی جھلک صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقوں میں نظر آتی ہے، اس وقت ضلع میانوالی اور بھکر کو جنوبی پنجاب میں شامل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں گزشتہ دنوں اہل میانوالی نے اس پر شدید احتجاج کیا ہے کہ وہ کسی طور پر پنجاب سے الگ نہیں ہوں گے ،اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ وہ وڈیروں اور جاگیرداروں کی غلامی میں آنا پسند نہیں کرتے اگر کسی نے ہماری مرضی کے خلاف چلنے کی کوشش کی تو پھر دما دم مست قلندر ہو گا،کیونکہ ضلع میانوالی پنجاب کے جنوب میں نہیں شمال مغرب میں واقع ہے،صوبہ پنجاب میں میانوالی کو انفرادیت حاصل ہے اور سنٹرل پنجاب کے بہترین کالجز،یونورسٹیز اور ہسپتالوں تک اہل میانوالی کی باآسانی رسائی ہے اور ان جگہوں پر میانوالی کے لوگ تعینات ہیں۔

دوسری طرف سرائیکی صوبے کے حق میں مہم چلانے والے اس بات پر متفق ہیں کہ بھکر اور ضلع میانوالی سرائیکی بیلٹ میں ہیں اس لیے انہیں نئے صوبے کا حصہ بننا چاہئے یہاں پر ایک بات کی وضاحت ضروری خیال کرتا ہوں کہ اگر لسانی بنیادوں پر دیکھا جائے تو ضلع میانوالی میں سرائیکی کی بجائے تھلوچی اور ہندکو جبکہ بھکر میں صرف تھلوچی زباں بولی جاتی ہیں ،ضلع بھکر اور ضلع میانوالی کے لوگ اور جغرافیائی کیفیت کسی طور پر بھی سرائیکی صوبے میں شامل نہیں کئے جا سکتے کیونکہ اگرجنوبی پنجاب صوبہ بنتا ہے تو اس کا دارالحکومت بہاولپور یا ملتان بنے گا اہل میانوالی اور بھکر کے رہائشیوں کوبہاولپور یا ملتان جانا فاصلے کے حساب سے اور راستے کے اعتبار سے آساں نہیں ہے ، اس وقت حکمران طبقہ اور سیاسی جماعتوںکو نئے صوبوں پر بحث کرنے کی بجائے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں ،بلوچستان میں خونریزی کو روکنا چاہئیے نئے صوبے بنانے کی بجائے مہنگائی کو کنٹرول کرنا چاہئے بحرانوں پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی بنانی چاہئے پاکستان میں نئے صوبے پر کام کرنے کی بجائے پہلے دہشت گردی کی جنگ کی روک تھام کے لئے اقدام کریں اور تمام سیاسی جماعتیں متفقہ طور پر پاکستان میں بیرونی مداخلت کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کریں اگر نئے صوبے بنانے ضروری ہیں اور پاکستان کو نئے صوبوں کی اشد ضرورت ہے تو ایسا قومی کمیشن قائم کیا جانا چاہئے جس میں غیر جانبدار اور محب وطن لوگ ہوں اور یہ صوبے لسانی بنیادوں یا کسی کو نوازنے کی بجائے انتظامی بنیادوں پر ہونے چاہئے اور اس میں بھی عوامی رائے کو مدنظر رکھنا چاہئے لیکن جہاں تک جنوبی پنجاب کے صوبے کی بات ہے تو ایسے لگتا ہے کہ شاید کچھ علاقائی خاندانوں کی حکمرانی کے لئے ایسی فضا قائم کی جارہی ہے جس میں ان وڈیروں کو نوازا جا سکے۔
AbdulMajid Malik
About the Author: AbdulMajid Malik Read More Articles by AbdulMajid Malik: 171 Articles with 201570 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.