حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اﷲ عنہا

آپ کا وصال مبارک 3رمضان المبارک کو ہوا۔

نام و لقب اور سال پیدائش :آپ رضی اﷲ عنہا کا نام ’’فاطمہ ‘‘ اور لقب ’’ زہراء و بتول‘‘ ہے ۔سرکار دو عالم ﷺ کی صاحبزادیوں میں سب سے چھوٹی لیکن سب سے زیادہ پیاری اور لاڈلی ہیں ۔آپ کی پیدائش کے سال میں اختلاف ہے ۔بعض لوگوں نے کہا کہ جب نبی کریم ﷺ کی عمر شریف اکتالیس برس کی تھی ۔آپ پیدا ہوئیں اور کچھ لوگوں نے لکھا ہے کہ اعلان نبوت سے ایک سال قبل ان کی ولادت ہوئی اور علامہ ابن جوزی نے تحریر فرمایا کہ اعلان نبوت سے پانچ سال پہلے جبکہ خانۂ کعبہ کی تعمیر ہو رہی تھی آپ پیدا ہوئیں۔

آپ رضی اللّٰہ عنہا کا نکاح: مشہور روایت کے مطابق 18سال اور بعض روایتوں کے مطابق ساڑھے پندرہ سال کی عمر 2ھ میں ان کا نکاح شیر خدا علی المرتضیٰ رضی اﷲ عنہ کے ساتھ ہوا ۔

امام نسائی کی روایت ہے کہ پہلے حضرت ابو بکر صدیق اور پھر حضرت عمر رضی اﷲ عنہما نے حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اﷲ عنہا سے نکاح کرنے کے بارے میں پیغام بھیجا مگر حضور ﷺ نے منظور نہیں فرمایا ۔پھر حضرت علی کرم اﷲ وجہہ الکریم نے پیام بھیجا تو حضور ﷺ نے ان کا نکاح حضرت علی رضی اﷲ عنہ سے کر دیا ۔(مشکوٰۃ شریف 565)

مہر کہ جس پر عقداقدس ہوا چار سو مثقال چاندی تھی یعنی پورے ایک سو ساٹھ روپے ۔(فتاویٰ رضویہ جلد 5صفحہ325)

آپ رضی اللّٰہ عنہا کا جہیز:شہنشاہ کونین ﷺ نے اپنی پیاری اور لاڈلی بیٹی کو جو جہیز دیاوہ بان کی ایک چار پائی تھی اور چمڑے کا ایک گدا جس میں روئی کی جگہ پر کھجور کے پتے بھرے ہوئے تھے اور ایک چھاگل ،ایک مشک دو چکیاں اور مٹی کے دو گھڑے ۔ (سیرۃ الصحابیات100)

ابتک حضرت علی رضی اﷲ عنہ حضور اکرم ﷺ کے پاس رہتے تھے شادی کے بعد الگ گھر کی ضرورت ہوئی تو حضرت حارثہ بن نعمان انصاری رضی اﷲ عنہ نے اپنا ایک مکان ان کو دیدیا۔

جب حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اﷲ عنہا اس نئے گھر میں گئیں تو حضور ﷺ ان کے یہاں تشریف لے گئے ۔دروازہ پر کھڑے ہو کر اجازت طلب کی پھر اندر گئے ۔ایک برتن میں پانی منگوا کر دونوں ہاتھ اس میں ڈالے اور وہ پانی حضرت علی رضی اﷲ عنہ کے سینہ اور بازو پر چھڑکا ۔پھر حضرت فاطمۃ الزہراء کو بلا کر ان پر بھی چھڑکا اور فرمایا کہ میرے خاندان میں جو شخص سب سے بہتر ہے میں نے اس کے ساتھ تمہارا نکاح کیا ہے ۔(زرقانی وغیرہ)

آپ کی گھر یلوزندگی:شہنشاہ دو عالم ﷺ کی صاحبزادی ہونے کے باوجود حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اﷲ عنہا اپنے گھر کا کارو بار خود کرتی تھیں جھاڑ و اپنے ہاتھ سے دیتی تھیں ،خود کھانا پکاتی تھیں ۔بلکہ چکی بھی اپنے ہاتھ سے پیستی تھیں اور مشک میں پانی بھر کرلایا کرتی تھیں جس سے ہاتھ پر چھالے اور بدن پر گھٹے پڑگئے تھے ۔ایک بار مال غنیمت میں کچھ باندی و غلام آئے ہوئے تھے ۔ آپ نے ڈرتے ڈرتے حضور ﷺ سے گھر یلو کاروبار کے لئے ایک لونڈی مانگی اور ہاتھ کے چھالے دکھائے تو حضور ﷺنے فرمایا جان پدر! بدر کے یتیم بچے پہلے اس کے مستحق ہیں ۔(سیرت الصحابیات)

ایک روایت میں یوں ہے کہ آپ نے غلام طلب کیا تو حضورﷺنے فرمایا بخدا ایسا نہیں ہو سکتا کہ میں تمہیں غلام عطا کردوں اور اہل صفہ بھوک کے سبب پیٹ پرپتھر باندھ رہے ہوں ۔(برکات آل رسول)
آپ کے فضائل :حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اﷲ عنہا کے فضائل میں بے شمار حدیثیں وارد ہیں جن سے چند روایات ملاحظہ ہوں ۔

بخاری اور مسلم کی روایت ہے کہ سرکار اقدس ﷺ نے فرمایا :فَاطِمَۃُ بِضْعَۃُ مِنِّیْ فَمَنْ اَغْضَبَھَا اَغْضَبَنِیْ وَفِیْ رِوَایَۃِ یُرِیْبُنِیْ مَا اَرَابَھَا وَ یُوْذِیْنِیْ مَا اَذَاھَا ۔یعنی فاطمۃ الزہراء رضی اﷲ عنہا میرے گوشت کا ایک ٹکڑا ہے ۔تو جس شخص نے اسے غضبناک کیا اس نے مجھے غضبناک کیا اور ایک روایت میں ہے کہ ناراض کرتی ہے مجھ کو وہ چیز جو فاطمہ کو ناراض کرتی ہے اور اذیت دیتی ہے مجھ کو وہ چیز جو فاطمہ کو اذیت دیتی ہے ۔‘‘ (مشکوٰۃ شریف صفحہ568)

لہٰذا جس نے حضرت امام حسن رضی اﷲ عنہ کو زہر دیا اور جن لوگوں نے حضرت امام حسین رضی اﷲ عنہ کو کربلا کے ریگستان میں شہید کیا ۔ا ن لوگوں نے بیشک حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا کو اور حضورﷺ کو اذیت دی اور حضورﷺ کو اذیت دینا اﷲ کو اذیت دینا ہے اور اﷲ و رسول کو اذیت دینے والے پر دنیا و آخرت میں اﷲ کی لعنت ہے ۔

ارشاد خداوندی ہے ۔اِنَّ الَّذِیْنَ یُوْذُوْنَ اللّٰہَ وَ رَسُوْلَہٗ لَعَنَھُمُ اللّٰہُ فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَۃِ وَاَعَدَّلَھُمْ عَذَابًا مُھِیْنًا ۔ ’’بیشک جو لوگ اﷲ اور اس کے رسول کو اذیت دیتے ہیں دنیا و آخرت میں ان لوگوں پر اﷲ کی لعنت ہے اور ان کے لئے ذلت کا عذاب تیار کر رکھا ہے ۔‘‘(پارہ 22رکوع4)

نبی اکرم ﷺ ارشاد فرماتے ہیں ۔فَاطِمَۃُ سَیِّدَۃُ نِسَاءِ اَہْلِ الْجَنَّۃِ۔’’حضرت فاطمہ زہراء رضی اﷲ عنہا جنتی عورتوں کی سردار ہیں ۔‘‘ (بخاری شریف 532)

اور ابن عبد البر روایت کرتے ہیں کہ رسول کریمﷺنے حضرت فاطمہ زہراء رضی اﷲ عنہا سے فرمایا کہ ’’اے بیٹی! کیا تم اس بات پر راضی نہیں ہو کہ تم سارے جہان کی عورتوں کی سردار ہو؟ حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا نے عرض کیا ابا جان! پھر حضرت مریم سلام اﷲ علیہاکا کیا مقام ہے۔حضور ﷺ نے فرمایا وہ اپنے زمانے کی عورتوں کی سردار ہیں ۔‘‘

علامہ نبہانی رحمۃ اﷲ علیہ تحریر فرماتے ہیں کہ بہت سے محققین جن میں علامہ تقی الدین سبکی ،علامہ جلال الدین سیوطی ،علامہ بدر الدین اور علامہ تقی الدین مقریزی شامل ہیں ۔تصریح فرماتے ہیں کہ حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا جہان کی تمام عورتوں سے یہانتک کہ حضرت مریم سلام اﷲ علیہاسے بھی افضل ہیں ۔

اور علامہ ابن ابو داؤد سے جب اس کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے فرمایا کہ حضور ﷺ نے حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہاکو اپنے جسم کا ٹکڑا فرمایا ہے تو میں کسی کو حضور ﷺکے پارۂ جسم کے برابر نہیں قرار دے سکتا ۔(برکات آل رسول صفحہ122)

حضرت ابو ہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت علی کرم اﷲ وجہہ الکریم نے عرض کیا یا رسول اﷲ ﷺ !اَیْنَا اَحَبُّ اِلَیْکَ اَنَا اَمْ فَاطِمَۃُ؟’’ہم میں سے آپ کو زیادہ محبوب ہے ۔میں یا فاطمہ؟ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا :فَاطِمَۃُ اَحَبُّ اِلَیَّ مِنْکَ وَاَنْتَ اَعَزُّ عَلَیَّ مِنْھَا ۔فاطمہ مجھے تم سے زیادہ محبوب ہے اور تم میرے نزدیک ان سے زیادہ عزت والے ہو ۔‘‘(الشرف المؤبد53)

حضرت ابو ایوب رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ قیامت کے دن ایک ندا کرنے والا باطن عرش سے ندا کرے گا ۔یَا اَھْلَ الْجَمْعِ نَکِسُّوْا رَؤُسَکُمْ وَغُضُّوْا اَبْصَارَکُمْ حَتّٰی تَمُرَّ فَاطِمَۃُ بِنْتُ مُحَمَّدٍ عَلَی الصِّرَاطِ۔’’یعنی اے محشر والو !اپنے سروں کو جھکالو ۔اور اپنی آنکھوں کو بند کر لو تاکہ فاطمہ زہراء رضی اﷲ عنہا ستر ہزار حوروں کے جھرمٹ میں بجلی کو ندنے کی طرح پل صراط سے گذر جائیں گی ۔(صواعق محرقہ 116)
امام نسائی فرماتے ہیں کہ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’ فاطمہ انسانی حور ہے جسے کبھی حیض نہیں آیا‘‘(الشرف المؤبد صفحہ54)

حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا کی خصوصیت یہ ہے کہ انہیں کبھی حیض نہیں آتا تھا ۔جب انکے یہاں بچہ پیدا ہوتا تو ایک گھڑی کے بعد نفاس سے پاک ہوجاتیں یہانتک کہ ان کی نماز قضا نہ ہوتی۔اسی لئے ان کا نام زہراء رکھا گیا اور جب انہیں بھوک محسوس ہوئی تو نبی اکرم ﷺ نے انکے سینے پر دست مبارک رکھا تو اس کے بعدانہیں بھوک کبھی محسوس نہیں ہوئی ۔جب ان کے وصال کا وقت قریب آیا تو انہوں نے خود غسل کیا اور وصیت کی کہ کوئی انہیں منکشف نہ کرے۔چنانچہ حضرت علی رضی اﷲ عنہ نے انہیں اسی غسل کے ساتھ دفن کر دیا ۔(برکات آل رسول 123)

آپ کی وفات: سرکار اقدس ﷺ کے وصال فرمانے کا آپکو ایسا سخت صدمہ ہوا کہ اس واقعہ کے بعد کبھی آ پ ہنستی ہوئی نہیں دیکھی گئیں یہانتک کہ چھ ماہ بعد 3رمضان المبارک 11ھ منگل کی رات میں آپ نے وفات پائی اس طرح اﷲ کے محبوب دانائے خفایا وغیوب ﷺ کی پیشین گوئی پوری ہوئی کہ میرے خاندان میں سب سے پہلے تم ہی آکر مجھ سے ملو گی ۔

حضرت سیدہ فاطمہ رضی اﷲ عنہا کی تجہیز و تکفین میں ایک خاص قسم کی جدت کی گئی اس لئے کہ اس زمانہ میں رواج یہ تھا کہ مردوں کی طرح عورتوں کا جنازہ بھی بے پردہ نکالا جاتا تھا مگر حضرت سیدہ کے مزاج اقدس میں چونکہ انتہائی شرم و حیا تھی اس لئے انہوں نے قبل وفات حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ کی بیوی حضرت اسما بنت عمیس رضی اﷲ عنہا سے فرمایا کہ کھلے ہوئے جنازہ میں عورتوں کی بے پردگی ہوتی ہے جسے میں ناپسند کرتی ہوں تو انہوں نے حضرت سیدہ کے لئے لکڑیوں کا ایک گہوارہ بنایا جسے دیکھ کر آپ بہت خوش ہوگئیں ۔عورتوں کے جنازہ پر آجکل جو پردہ لگانے کا دستور ہے اس کی ابتدا آپ ہی سے ہوئی ۔ حضرت علی رضی اﷲ عنہ یا حضرت عباس رضی اﷲ عنہ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی اور صحیح و مختار قول یہی ہے کہ آپ جنت البقیع میں مدفون ہوئیں ۔(مدارج النبوۃ وغیرہ)
شائع فرما کر شکریہ کا موقع دیں-
Peer Owaisi Tabasum
About the Author: Peer Owaisi Tabasum Read More Articles by Peer Owaisi Tabasum: 198 Articles with 658637 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.