چہرے کی خوبصورتی ‘بشاشت اور
تازگی میں جو کردار ہونٹ ادا کرتے ہیں وہ چہرے کا کوئی دوسرا عضو نہیں کر
تا۔ اسی لئے جب ہونٹ اپنا قدرتی رنگ کھو بیٹھتے ہیں تو چہرہ بدرونقی کا
شکار ہوکر رہ جاتا ہے۔ہونٹوں کے سیاہ ہونے کی کئی وجوہات ہیں‘جن میں ہونٹوں
کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنا‘ گھٹیا اور سستی لپ اسٹک کا استعمال
کرنا‘ایلوپیتھک دوائیوں کے منفی اثرات ‘ موروثی اور چھوت کی بیماری کا ہونا‘
پیٹ میں کیڑے ہونا‘ دل کی بیماری اورآلودگی ہونا شامل ہیں۔
ہونٹ کالے پڑنے سے چہرے کا پورا تاثر بگڑ کر رہ جاتا ہے۔لپ اسٹک کے ذریعے
چہرے کے اس بگڑتے تاثر کو چھپایا جا سکتا ہے ‘تاہم یہ مصنوعی طریقہ ہر وقت
تو اختیار کیا نہیں جاسکتا۔ البتہ ‘کچھ گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے ہونٹوںکی
خوبصورتی کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔
ہونٹوں کا قدرتی گلابی برقرار رکھنے کے لئے ناریل کے تیل میں لیموں ملا کر
رکھ لیں اور اسے دن میں کئی مرتبہ ہونٹوں پر لگائیں ۔
بہت سے لوگ ہونٹوں کے پھٹنے کی وجہ سے بہت پریشان نظر آتے ہیں۔عام طور پر
یہ شکایت معدے کی خرابی کی وجہ سے ہوتی ہے ‘اس لئے معدے کو درست رکھیں
۔تھوڑے سے شہد میں چند لیموں کے قطرے ملائیں اور اسے ہونٹوں پر لگاکر 15منٹ
کے لئے چھوڑ دیں‘پھردھو کر بالائی لگالیں یا پھر سنگترے کے چھلکے کا رس
ہونٹوں پر لگائیں اور ایک گھنٹے کے بعد نیم گرم پانی سے ہونٹ صاف کرلیں۔یہ
عمل دن میں 2سے 3مرتبہ دہرائیں۔ ہونٹوں میں قدرتی سرخی پیدا کرنے کے لئے
روزانہ رس دار پھلوں کا رس استعمال کریں ۔
ہونٹوں کو گلابی بنانے کے لئے تھوڑا سا زعفران پیسیں اور بالائی میں ملا کر
ہونٹوں پر لگائیں‘پھر چند منٹ کے بعد صاف کر لیں ۔اس طرح سے ہونٹ نرم و
ملائم ہوجائیں گے اور اُن کا قدرتی گلابی رنگ برقرار رہے گا۔
ایک چٹکی پسی ہوئی پھٹکری ‘ 4قطرے گلاب عرق اور 4قطرے لیموں کا رس ملا کر
دن میں 2سے 3 مرتبہ اور رات کو سوتے وقت لگانے سے ہونٹ نہ صرف پتلے اور
خوبصورت ہوجائیں گے بلکہ اُن کا کالا پن بھی دور ہو جائے گا۔
ہونٹوں کو گلابی بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ روزانہ رات کو ہونٹوں پر
زعفران لگائیں اور 5منٹ کے بعد دھو ڈالیں۔ چند دن تک ایسا کرنے سے آپ کو
نمایاں فرق محسوس ہوگا۔
کچے دودھ میں روئی کے ٹکڑے کو بھگو کر نرمی سے سیاہ ہوتے ہونٹوں پر روزانہ
3سے 4بار لگائیں‘ کچھ ہفتوں تک اس پر باقاعدگی سے عمل کرنے سے ہونٹوں کا
رنگ نکھرجائے گا۔
گلاب کی تازہ پنکھڑیوں کو ہونٹوں پر ملنے سے ہونٹوں کا سیاہ پن دور ہوجائیں
گے اور ہونٹ نرم و ملائم ہوجائیں گے ۔ گلاب کی پنکھڑیوں میں کیلشیم‘
فاسفورس‘فولاداوروٹامن ای پائے جاتے ہیں جو جلد کے سیاہ پن کو دور کرنے میں
انتہائی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ |