صاف شفاف چہرہ جسمانی صحت کا
عکاس ہوتا ہے۔بہت سے لوگ اپنے چہروں پر مختلف مصنوعی اشیاءکا استعمال کرکے
مطمئن ہوجاتے ہیں لیکن یہ اشیاءبعض اوقات چہرے پر مزید داغ دھبے پیدا کرنے
کا باعث بن جاتی ہیں۔چہرے کی خرابیاں دور کرنے کے لئے طبیبوں کی تجویز کردہ
دوائیں ضرورکھائیں لیکن اندرونی مسائل کا حل ضروری ہے۔
موسم میں ٹھنڈک اُتر چکی ہے‘ یہ موسم اپنے ہمراہ سنگترے‘ کینو‘ موسمبی ‘
مٹھے‘مالٹے ‘نارنگی اور گریپ فروٹ جیسے وٹامن سی اورسٹرک ایسڈ سے بھرپورپھل
لے کر آتا ہے جو جسم کے لئے نہایت ضروری ہیں۔جلدی بیماریوں معدے کی تیزابیت
اور خشکی کے لئے ان کا استعمال موثر ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک بالغ
فرد کی خوراک میں روزانہ کم از کم 20گرام حیاتین ج یاوٹامن سی شامل ہونا
چاہئے تاکہ کاربوہائیڈریٹ والی غذاﺅں کو ہضم ہونے میں مدد ملے۔ اللہ تعالیٰ
نے سنگترے‘ کینو اور مالٹے سمیت دیگر تر ُش پھلوں میں غذائی اور دوائی
اثرات سمو دیئے ہیں۔ بیماری سے بچنے کے لئے ‘بیماری کے دوران اور بیماری کے
بعد توانائی حاصل کرنے کے لئے ان کے رس سے بہتر کوئی شئے نہیں کیوں کہ یہ
رس پیٹ بوجھل نہیں کرتا۔ نارنگی ‘ کینو اور مالٹے کو وٹامن سی کا خزانہ کہا
جاتا ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ سردی سے بچنے ‘خون کی صفائی اور گیس دُور
کرنے کے لئے یہ پھل ‘ان کے پھول ‘یہاں تک کہ اُن کے چھلکے بھی ‘جادوئی اثر
رکھتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کینو کی پھانکوں کا سفید چھلکا پھینکنے کے بجائے کھا
لینا چاہیے تاکہ ریشے کی وجہ سے قبض نہ ہو۔ سفید زیرہ‘ کالازیرہ، سونٹھ،
کالا نمک اور کالی مرچیں پیس اور ان کھٹی ّ نعمتوں کو اسکے ہمراہ کھائیں‘
اس سے ہاضمہ درست ہو گا۔ منہ میں پانی بھرآنے‘ گیس اور بھوک نہ لگنے کی
شکایت میں بھی اس کا استعمال مفید رہتا ہے‘ البتہ بلند فشار خون کے مریض
نمک استعمال نہ کریں۔ ان پھلوں کے چھلکے بھی بڑے کام کی چیز ہیں۔ ان کے
تھوڑے سے چھلکے اور تھوڑا سا پودینہ ایک پیالی پانی میں اُبال کر چھان لیں
اور تھوڑی سی چینی ملا کر پی لیں ‘اس سے بدہضمی اور پیٹ کا دردختم ہو جاتا
ہے ۔جن لوگوں کی ناک بند رہتی ہے وہ ابلتے ہوئے پانی میں ان کے چھلکے ڈالیں
اور اس کی بھاپ لیں ‘چند روز ہی میں یہ تکلیف دُور ہو جائے گی۔ |