فائل شیئرنگ: بڑے خطرات ہیں اس میں

کمپیوٹر کی دنیا میں فائل شیئرنگ ایک عا م فہم لفظ ہے۔

دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں لوگ ایک دوسرے کو بذریعہ انٹرنیٹ فائل بھیجتے اور وصول کرتے ہیں جب کہ ہر سال لاکھوں افراد غیر قانونی طور پر میوزک اور ویڈیو فائل ڈائون لوڈ کرتے ہیں۔ برطانو ی اخبار دی گارجین کے مطابق رواں سال کے ابتدائی چھے ماہ میں صرف برطانیہ میں ہی چار کروڑ تیس لاکھ سے زاید افراد نے غیرقانونی طور پر گانے ڈائون لوڈ کیے۔

لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ بنا کسی قیمت گانے، ویڈیو یا کسی بھی فائل کو ڈائون لوڈ کرنا بہت آسان اور بے ضرر کام ہے، لیکن آپ نہیں جانتے کہ یہ ایک خطرناک عمل ہے اور آپ کی یہ خطرناک عادت آپ کے کمپیوٹر، فون اور نجی معلومات کے لیے کس قدر نقصان دہ ہے اس کا اندازہ آپ کی سوچ سے کہیں زیادہ ہے۔ اور یہ خطرہ قانونی طور پر فائل ڈائون لوڈ کرنے کی نسبت غیرقانونی طریقے سے فائل ڈائون لوڈ کرنے والوں کے لیے زیادہ ہے۔

چند سال قبل ہونے والے ایک مطالعے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ انٹرنیٹ سے ڈائون لوڈ ہونے والی بیس فی صد فائلز (قانونی اور غیرقانونی ) میں کچھ اقسام کے مال وئیر (ایک قسم کا مُضر سوفٹ ویئر جو آپ کے کمپیوٹر کے نظام کو مفلوج کردیتا ہے) شامل ہوتے ہیں۔ یہ مال ویئر آپ کے برائوزر کو ری ڈائریکٹ کرنے والے کوڈ پر بھی مشتمل ہوسکتے ہیں، جس سے آپ کسی ویب سائٹ کا ایڈریس لکھتے ہیں اور یہ مال ویئر آپ کو کسی اور ویب سائٹ پر لے جاتے ہیں۔

بعض اوقات یہ مال وئیر آپ کی ویب سائٹ پر اشتہارات اور وائرس کی بھرمار کردیتے ہیں، جس کا نتیجہ آپ کے کمپیوٹر کو پہنچنے والے شدید نقصان کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ یہ تمام مال ویئر آپ کے کمپیوٹر سے تمام نجی معلومات (سوشل سیکیوریٹی نمبر،کریڈٹ کارڈ نمبرز، پاس ورڈز) چرا لیتے ہیں۔ یہ آپ کے آپریٹنگ سسٹم میں داخل ہوجاتے ہیں اور زیادہ تر لوگ اس بات سے لا علم رہتے ہیں۔

اگر آپ غیرقانونی طور پر ڈائون لوڈ کے لیے بِٹ ٹورینٹ (BitTorrent ) استعمال کر رہے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ نے اپنے کمپیوٹر کے دروازے ہیکرز اور وائرس کے لیے کھول دیے ہیں، جہاں سے وہ اپنی مطلوبہ معلومات چوری کرسکتے ہیں۔ ٹورینٹ ایپلی کیشن کے ساتھ یہی مسئلہ ہے کہ وہ آپ کے علم میں لائے بنا سیکیوریٹی فائر وال کھول دیتی ہیں۔

فائل شیئرنگ کے حوالے دو اہم پوائنٹ پر توجہ دینا ضروری ہے۔ پہلا یہ کہ جب آپ ٹورینٹ سے فائل رن کر رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنے کمپیوٹر کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں، جس سے آپ کے کمپیوٹر کی بینڈ وتھ کم ہونے سے ’’بیک اپ یور سسٹم‘‘ جیسی دوسری ایپلی کیشنز متا ثر ہوتی ہیں۔ اگر آپ کسی کے ساتھ انٹرنیٹ کنیکشن شئیر کررہے ہیں تو صورت حال مزید بدتر ہوسکتی ہے۔ اور بہت سی ان دیکھی چیزیں آپ کے کمپیوٹر سے چوری ہوجاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سی کمپنیو ں نے ’’نو فائل شیئرنگ ‘‘ پالیسی اپنالی ہے اور فائل شئیر کرنے کی صورت میں صرف ڈانٹ ڈپٹ ہی نہیں کی جاتی بل کہ نوکری سے بھی فارغ کردیا جاتا ہے۔

اگر آپ غیرقانونی طور پر فائل شئیرنگ کر رہے ہیں تو آپ کا حال بھی بوسٹن یونیورسٹی کے سابق طالب علم جوئیل کی طرح ہو سکتا ہے جسے امریکی عدالت نے غیرقانونی طور پر تیس گانے ڈائون لوڈ کرنے اور شئیر کرنے کے الزام میں چھے لاکھ پچھتر ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی تھی۔ اور یہ نہ بھی ہو تو مال ویئر کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا آپ اندازہ نہیں لگا سکتے۔ اگر آپ فائل شئیرنگ کے گہرے سمندر میں غوطہ لگانے جا ہی رہے ہیں تو آپ کو اینٹی وائرس کی لائف جیکٹس لازمی پہننا ہوں گی۔
Sana Ghori
About the Author: Sana Ghori Read More Articles by Sana Ghori: 317 Articles with 311807 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.