وزیراعظم کا قوم سے پہلا خطاب مثبت اورفکرمندانہ ہونے کے
باوجود عوامی اُمنگوں کی ترجمانی نہ کرسکا ۔وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف
نے اپنے خطاب میں ملک کو درپیش مسائل کابڑے ہی غورو فکر کے ساتھ ذکر کیا
لیکن اُن کے حل کے لئے کوئی حتمی حکمت عملی پیش نہ کرسکے۔عسکریت پسندوں کو
مذاکرات کی دعوت اور تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کرقومی پالیسی بنانے کی
باتیں تو گزشتہ پانچ سال پیپلزپارٹی کی حکومت بھی کرتی رہی ہے لیکن نہ تو
تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جاسکا اور نہ عسکریت پسندوں کے ساتھ کوئی
سنجیدہ مذاکرات کئے گئے جس کا نتیجہ قوم بھگت رہی ہے ۔اگر وزیر اعظم عسکریت
پسندوں کے ساتھ مذاکرات کا مکمل خاکہ پیش کرتے جس میں حکومت کی طرف سے
عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے سے پہلے اُن کے سامنے تمام
حکومتی شرائط بھی شامل ہوتیں تو قدرے بہتر ہوتااور اگر یہ بات بھی واضح
کردیتے کہ اگر عسکریت پسند حکومت کی ان شرائط کے مطابق مذاکرات نہیں کرتے
تو اُن کے خلاف اتنے عرصے تک طاقت کا استعمال شروع کردیا جائے گا۔ایک طرف
تو وزیر اعظم نے انتہائی کمزوری کا اظہار کرتے ہوئے کہا اب ہم مزید لاشیں
اُٹھانے کے قابل نہیں ہیں اور دوسری طرف طاقت کاآپشن کھلا رکھنے کا بھی
اعلان کیاہے۔ایک ایٹمی طاقت رکھنے والے ملک کا وزیراعظم ملک دشمن قوتوں کے
خلاف طاقت کے استعمال کی بات کرے تو سمجھ میں آتا ہے لیکن ساتھ ہی انتہائی
بے بسی کا اظہار میری سمجھ سے بالا تر ہے ،میرے کہنے کا یہ مطلب ہرگزنہیں
کے ہمیں مذاکرات کاراستہ اختیار کئے بغیر طاقت کا استعمال شروع کردینا
چاہئے لیکن جو ریاست کو تسلیم ہی نہیں کرتے اُن کے سامنے گھٹنے ٹیکنا بھی
مناسب نہیں ۔میں ذاتی طور پر کسی بھی مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کا
حامی نہیں ہوں ۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عسکریت پسند عرصے سے حکومت کو
مذاکرات کی پیش کشیں کررہے ہیں اور حکومت بھی تمام جماعتوں کو اعتماد میں
لے کر عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات اور قیام امن کے لئے پرعزم ہے پھر
کیوں سالوں گزر جانے اور لاکھوں جانوں کا ضیاع ہونے کے باوجود آج تک امن
قائم نہیں ہوا اور نہ مذاکرات کا عمل شروع ہوسکا ؟آخروہ کون سی وجوہات ہیں
جوملک میں قیام امن کے پلیٹ فورم پر بھی تمام جماعتیں متفق نہیں ہورہی؟کیا
سیاسی اور مذہبی جماعتوں کوملکی امن سے زیادہ اپنے مفادات کافکر ہے؟ پچھلی
حکومت کی طرح وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے قوم سے خطاب میں ایک مرتبہ
پھر عسکریت پسندوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تمام
سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر قومی ایجنڈے پر بات کرنا چاہتے ہیں اور اس کے
لئے ریاست کے خلاف سرگرم عمل قوتوں کو بھی مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ
ان کا مقصد ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے استحکام لانا ہے تاکہ ملک میں
معاشی انقلاب برپاکیا جاسکے ۔دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے وہ مذاکرات یاریاستی
طاقت کا استعمال ہر دو طرح کے آپشن کھلے رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے اس حوالے
سے بڑی دردمندی کے ساتھ کہا کہ ہم ابھی اپنے اندر اتنی طاقت نہیں پاتے کہ
مجرموں کا ہاتھ روک سکیں یا انہیں پہچان سکیں ۔وزیراعظم نے غیرجذباتی اور
فکر انگیز خطاب میں توانائی کے بحران،معاشی صورتحال ،ملک میں پھیلی بدترین
دہشتگردی،کرپشن ،قومی اداروں کی تباہی ،خارجہ پالیسی ،ڈرون حملوں ،کشمیر،بھارت
سے تعلقات ،انتظامی مشینری ،سیلابی صورتحال ،صحت و تعلیم اور روز گار جیسے
اہم معاملات پر تحریر شدہ تقریر سے ہٹ کر اپنے دل کی باتیں بھی کیں۔اگرچہ
انہوں نے کوئی باقائدہ روڈمیپ پیش نہیں کیا جس کی عوام اُن سے توقع لگائے
بیٹھے تھے ۔انہوں نے ملک کودرپیش مسائل کاذکر بڑی فکر مندی کے ساتھ کیا
لیکن مسائل کے حل کے بارے کوئی روڈ میپ پیش کرنے کی بجائے ہر مسئلے کے حل
کا دھندلا سا خاکہ پیش کرتے ہوئے اپنا خطاب سمیٹ دیا۔وزیر اعظم کا خطاب کسی
بھی لحاظ سے عوامی امنگوں کاترجمان نہ تھا کیونکہ عوام اُن کے خطاب سے یہ
اُمید لگائے بیٹھے تھے کہ اُن کا وزیراعظم اُن کے دکھوں کا مداوا کرنے آئے
گا۔جیساکہ مہنگائی میں کمی کا اعلان،بے روزگاروں کے لئے مناسب روزگار کا
اعلان ،صحت و تعلیم میں عام آدمی کے بچوں کیلئے کوئی انتظام اور جانے کیا
کیااُمیدیں لگائے بیٹھے تھے عوام اپنے منتخب وزیراعظم کے خطاب سے ،
|