کوئی انقلاب نہیں آئے گا

فیصل آباد کے رہائشی علاقہ پرتاب نگر میں 4 بچوں کے بیروزگار باپ صفدر نے بجلی کا بل زیادہ آنے پر اہل خانہ سے جھگڑ کر خود کو آگ لگا لی۔ ا س کے جسم کا 80 فیصد حصہ جل گیا ہے۔ اور وہ موت و حیات کی کشمکش میں ہے۔ میہڑ کی حسنہ جونیجو نے گاؤں گھاڑی میں غربت کی وجہ سے زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی۔ اس کے آٹھ بچے بھوک سے تڑپ رہے تھے ۔غربت کی وجہ سے گھر میں ایک روٹی کا آٹا بھی نہیں تھا۔ ماں بچوں کوروٹی پکانے کا دلاسا دیتی رہی۔ بھوک کی وجہ سے بچے روتے رہے۔ بچوں کو روتے ہوئے دیکھ کر ماں مسماة حسنہ جونیجو نے خودکشی کرلی۔ عوامی دور میں عوام کا کیا حال ہے۔ راتوں کو بھیس بدل کر عوام کے دکھ درد کا راز جاننے کا نہ یہ زمانہ ہے اور نہ کسی کو اس کی فکر ہے۔ فکر ہے تو بس یہ ہے کہ آج کا بینک بیلنس کیا ہے۔ اور کتنی رقم آج اکاؤنٹ میں آچکی ہے۔ 2001 سے سنہ 2009 کے مارچ کے مہینے تک پیٹرولیم مصنوعات پر عائد کیے جانے والے ٹیکسوں کی مد میں غریب عوام سے حکومت نے 10 کھرب، 23 ارب 64 کروڑ روپے کمائے تھے۔ اس رقم کے بریک اپ میں سیلز ٹیکس کی مد میں 548954 ملین ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 33381 ملین روپے، کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 79771 ملین روپے، پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی مد میں 281364 اور انکم ٹیکس کی مد میں 80171 ملین کمائے ہیں۔ اس کے بعد تیل کی چار بڑی کمپنیوںکا منافع ا ہے۔اٹک آئل کمپنی نے 6918 ملین ۶ ارب ۱۹ کروڑ ۰۸ لاکھ روپے، پاکستان سٹیٹ آئل نے۵۴ ارب ۵۳ کروڑ ۰۵ لاکھ روپے، شیل پاکستان نے۵ا ارب ۸۲ کروڑ ۰۶لاکھ روپے،لین اور شیوران ( کالٹیکس) نے۷ ارب ۳۷ کروڑ ۰۸ لاکھ روپے کا منافع کمایا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور حکومتی اداروں کی اس لوٹ مار سے ہی غریب صفحہ ہستی سے مٹتے جارہے ہیں۔ اوگرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ پیٹرولیم کی مصنوعات کی قمیتوں کے بریک اپ میں سب سے زیادہ اضافہ ایکس ریفائنری پر کیا گیا تھا جو چار روپے سے لیکر چھ روپے ہے۔

 نئے مالی سال کو شروع ہوئے ابھی ہفتہ ہی گزرا ہے کہ پٹرول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کے بم گرا دئیے ہیں۔ حکمران تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں٬ اب ہر ماہ مٹی کے تیل٬ پٹرول اور گیس کی قیمت میں اضافہ کیا جائیگا۔ پاکستان کی 62 سالہ تاریخ میں یکم جولائی سے ڈیزل کی قیمت پیٹرول سے بھی بڑھا دی گئی ہے جبکہ ماضی میں یہ 5 سے10 فیصد کم ہوا کرتی تھی۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باجود پٹرول ڈیلرز نے اپنے طور پر بھی پٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر ڈیلرز کمیشن 2 روپے ہونے کے باوجود صارفین سے 18 پیسے فی لیٹر اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔ گو مدت ہوئی اب پیشوں کا کوئی لین دیں نہیں رہا۔ لیکن باٹا کمپنی کی طرح وزارت پیٹرولیم نے فی لیٹر پیٹرول 62 روپے13 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کیلئے 62 روپے 65 پیسے فی لیٹر قیمت مقرر کی ہے، پمپ مالکان کی جانب سے پیٹرول پر فی لیٹر 18پیسے جبکہ ڈیزل پر 19پیسے زائد وصول کیے جارہے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عوام کو عدالت عظمی سے کوئی ریلیف ملا تھا ۴۲ گھنٹوں میں صدراتی آرڈینینس نے یہ کہانی ختم کردی ۔ کہا جارہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے 5 ارب ڈالر کی امداد حاصل کرنے کے لیے یہ آرڈیننس جاری کیا ہے حکومت قرضہ دینے والے اداروں کو یقین دلانا چاہتی ہے کہ حکومت عوام سے پیٹرولیم پر ٹیکسز کی مد میں سالانہ122 ارب روپے کا ہدف حاصل کرے گی۔ 17 کروڑ عوام اب صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہی نہیں بلکہ ہر چیز کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہوں گیا۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دیگر طریقوں سے معاشی قتل کرنے کے بعد عوام زندہ درگور ہوگئی ہے۔ سابق حکومت نے یوٹیلٹی اسٹور کے ذریعہ غریبوں کو سستا آٹا، دال فراہم کرنے کا نسخہ تجویز کیا تھا۔ اب سب سے پہلے یوٹیلٹی سٹورز پر فروخت کئے جانے والی دالوں کی قیمتوں میں ایک روپے سے دس روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ حال ہی میں یوٹیلٹی سٹورز پر فروخت کئے جانے والے تمام اشیاء کی قیمتوں میں تین روپے اضافہ کیا گیا تھا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ جبکہ پرانا سٹاک بھی نئی قیمتوں پر فروخت کیا جائے گا۔ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کی جانب سے دالوں کی قیمت میں ایک روپے سے دس روپے تک اضافہ کے اعلامیہ کے بعد مونگ کی قیمت 46 روپے سے بڑھ کر47 روپے فی کلو گرام ، دال ماش 78 روپے سے بڑھ کر 83 روپے فی کلو گرام، سفید چنا 78 روپے سے بڑھ کر 88روپے فی کلو گرام تک ہو گیا ہے۔ گوشت دودھ کی قیمتوں میں جو ہوشربا اضافہ جاری ہے اس کو لگام دینے والا کوئی نہیں ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان نے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کی شرط پوری کرنے کیلئے مزید چھ ماہ کی مہلت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوگ کہتے ہیں اب خونی انقلاب آئے گا، میں کہتا ہوں۔ یہاں کوئی انقلاب نہیں آئے گا۔ انقلاب غیرتمند قوم، اور جرات مند لیڈر لاتے ہیں۔ یہاں ایسا کوئی نہیں ہے۔ عوام یوں سسکتے، بلکتے، جلتے، مرتے رہیں گے۔
Ata Muhammed Tabussum
About the Author: Ata Muhammed Tabussum Read More Articles by Ata Muhammed Tabussum: 376 Articles with 391829 views Ata Muhammed Tabussum ,is currently Head of Censor Aaj TV, and Coloumn Writer of Daily Jang. having a rich experience of print and electronic media,he.. View More