سیاستدانوں کا اپنا پارٹی نظریہ مقدم

 سیاستدانوں کا اپنا پارٹی نظریہ مقدم ،کیا سیاستدان قومی نظریئے کو پسِ پشت ڈال رہے ہیں ..؟؟

آج یہ بات ہر محب وطن پاکستانی پوری شدت سے محسوس کررہاہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مُلکِ پاکستان میں جتنی بھی (خواہ سول یا آمر)حکومتیں آئیں اور گئیں سب ہی نے اپنے ذاتی، سیاسی یا پارٹی نظریات اور افکارکوہی مقدم جانا،اور اِسی کا ہی خوب خوب پرچاکیا، یوں وہ اپنی جتنی مدت کی حکمرانی امریکی آقاؤں سے لکھواکرلائیں تھیں وہ جیسے تیسے گزارکر چلتی بنیں ،یعنی یہ کہ اِس دوران سب ہی نے اپنی پارٹی و ذاتی نظریہ کوتو متعارف کروایا مگریہ دیدہ ودانستہ قومی نظریہ کو پسِ پشت ڈالتی رہیں بالفرض اگر کبھی کسی کو قومی نظریئے کا خیال بھی آیا ،توبس وہ بھی ہلکے پھلکے انداز سے آیا، مگرپھریہ فوراََ ہی کسی نہ کسی مسئلے یا بحران میں دبادیاگیا،یا خود ہی دب کررہ گیا اور یوں حکمران جماعت کی حکومتوں اور حامی سیاستدانوں کا پارٹی نظریہ تو زورپکڑتاگیامگروقت گزرنے کے ساتھ ساتھ قومی نظریہ پسِ پشت جاتاچلاگیا ۔

اَب اِس منظر میں قوم یہ کیوں ..؟ نہ سمجھے کہ برسرِ اقتدارجماعتوں اور سیاستدانوں کے نزدیک اپنی پارٹی و ذاتی نظریہ تو مقدم ہے مگر قومی نظریہ صرف ایوانوں ، دیوانوں اور قانون اور نصابی کُتب تک محدود ہوکررہ گیاہے ایسالگتاہے کہ جیسے ہمارے حکمرانوں، سیاستدانوں اور دوسرے حکومتی پِٹھوؤں کے نزدیک یہ خیال قوی حیثیت سے معتبرہوگیاہے کہ قومی نظریئے کو بس یہیں (سردخانے ) تک ہی رکھاجائے اور اپنی اپنی پارٹیوں کا نظریہ عوام الناس اور دنیا میں پھیلایاجائے تاکہ اِن کی جماعتوں اور اِن کی ذاتوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔

آج اگر کسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں سیکڑوں ڈالرفی بیرل بھی کم ہوجائیں تواِس کمی کا اثرہمارے یہاں بھی ذراساپڑہی جاتاہے اور پاکستان میں بھی تیل کی قیمتیں اُونٹ کے منہ میں زیرہ جتنی کم کردی جاتی ہیں جس کا کریڈٹ بھی ہمارے حکمران اپنی ذات اور اپنی پارٹی سے وابستہ وزراء و کارکنان اوراپنے حامی سیاستدان سے جوڑ دیتے ہیں پھریہ سب میڈیااور پبلک مقامات پر اوجھل اُوجھل کر پاکستان سمیت دنیابھرمیں یہ باورکراتے پھرتے ہیں کہ ہم نے اپنے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اِن کی خواہش و مرضی کے مطابق کمی کرکے ریلیف دیاہے،اور ہماری کوشش ہے کہ مُلک سے مہنگائی اور غربت کا خاتمہ ہواِنہیں اِسی جذبے حب الوطنی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر مجبورکیاہے تاکہ اِن کی حکومت میں عوام کو سستی اشیائے ضروریہ میسرہواور عوام کے چہروں پرشادابی اور خوشیاں رقص کرنے لگیں ۔

اور اِسی طرح اگر مُلک میں پہلے سے موجود بجلی بحران بڑھ جائے یا بڑھتاہی چلاجائے، تو حکمران ،وزراء اور سیاستدان قوم سے یہ کہتے ہیں کہ قوم بارش کی دُعائیں کرے،اِن کی اپیل پرجب بیچاری مفلوک الحال اور بجلی کے بحران سے پریشان حال معصوم قوم اﷲ کے حضورپیش ہوکر اِس کے پیارے حبیب حضرت محمدمصطفیﷺ اور اہلبیت کے صدقے ہاتھ اُٹھااُٹھاکر بارش کے لئے دُعائیں کرنی شروع کردیتی ہے ، تواِس کی دُعائیں قبول ہوجاتی ہیں،اﷲ کی رحمت بارش کی صورت میں نازل ہوجاتی ہے اور دریااور ڈیم بھرجاتے ہیں تو اِس کا بھی حکمران جماعت،وزراء اور سیاستدان خود کریڈٹ لے لیتے ہیں اور اپنے سینے پھولاپھولاکر کہتے پھرتے ہیں کہ ہم نے قوم کو دعا کرنے کا مشورہ دیاتھااگر ہم قوم کو مشورہ نہ دیتے تو قوم بھی دعانہ کرتی اور جب قوم دعانہ کرتی تو بارش بھی نہیں ہوتی اور جب بارش نہ ہوتی تو مُلک کے دریااور ڈیم بھی نہ بھرتے جب ایسانہیں ہوتاتو آبی مسئلہ بھی حل نہ ہوتااور ہماری دعاکی اپیل پرقوم دعانہ کرتی تو مُلک میں سیلاب بھی نہ آتااور جب سیلاب نہ آتاتو پھر ہم بیرون ممالک سے امداد کی اپیل بھی نہ کرتے جب اپیل نہ کرتے تو مُلک میں ڈالرزبھی نہ آتے اور جب ڈالرز نہ آتے تو مُلکی معیشت اور اقتصادی صورت حال میں بھی بہتری نہ آتی اور جب ایسانہ ہوتاتو مُلک میں زرِمبادلہ بھی نہ بڑھتااور جب زرِ مبادلہ نہ بڑھتاتو مُلکی معیشت بھی عالمی منڈی میں مستحکم نہ ہوتی اور جب یہ سب کچھ نہ ہوتاتو مُلک بھی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن بھی نہ ہوتا...

الغرض کے میرے مُلک کے معاشرے اور میری تہذیب کے ہر زمانے کے ہر فرد میں خودفریبی اور ذاتی نمودونمائش اور شخصی و پارٹی نظریات و افکارکرناضرورت بننے کے ساتھ ساتھ کچھ فیشن بھی بن گیاہے جو کہ ہماری ترقی و خوشحالی کے لئے بڑی روکاوٹ ہے آج دنیاکی تاریخ گواہ ہے کہ روئے زمین کے جس مُلک کے جس معاشرے اور جس تہذیب کے جس زمانے کے لوگوں میں یہ عنصرغالب رہاوہ اپنے قومی نظریہ سے بھٹک گئے اور اپنے ذاتی و سیاسی نظریہ میں لگے رہے تو اِن کی ترقی اور خوشحالی رک گئی اور وہ دوسروں کے ہی رحم وکرم پررہے اور جب مدتوں بعد یہ اپنے اِس خودفریبی کے عنصرسے نکلے اور اِن میں اپنے قومی نظریہ کی اہمیت اجاگرہوئی تو اُنہوں نے چاردانگِ عالم اپنی ترقی و خوشحالی کے جھنڈے گاڑے اور خود کو منوایااور دنیاپر حکومت کی اور پھر ساری دنیامیں کامیابی کی منزلیں طے کرتے ہوئے ترقی و خوشحالی کی اُوج ثریاکی بلندیوں کو بھی چھواہے۔

موجودہ حالات میں میرااور آپ کا یہ جنت نظیردیس پاکستان جس نازک اور کٹھن دور سے گزررہاہے اِس صورتِ حال میں ہر پاکستانی پر یہ لازم ہوتاہے کہ وہ کم ازکم اِن حالات میں تو اپنے ذاتی وشخصی اور سیاسی نظریات سے مفادات اور فوائد کے لئے سوچناچھوڑدے اور اپنے اُوپر یہ فرض کرلے کہ اِسے اپنی ذات اور اپنی پارٹی سے مُلک کو ہر حال میں فائدہ پہنچاناہے اِس مُلک کو جس نے اِسے پالا،پوسا، اور عزت و آبروکی حفاظت کی ،اِسے آج اپنے ذاتی ، شخصی اور سیاسی فائدے کے حصول کے خول سے باہر نکل کر اپنے مُلک اور اپنی قوم کے فائدے اور اِس کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنے تن من دھن کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کرناہے اور مُلک کو مفاد پرست سیاستدانوں اور ذاتی خول میں رہ کر اشرافیہ اور دوسروں کے فائدے کے لئے مُلک کو نقصان پہنچانے والوں سے بچانے کے لئے پاک فوج کا ساتھ دیناہے۔(ختم شُد)
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 943842 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.